نومبر 21, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک کی خبریں

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں تجزیے اور تبصرے

سٹرکوں کی کھدائی کے بعد ان کی تعمیر ومرمت انتہائی سست روی کا شکار ،شہری مسلسل اذیت اور تکلیف سے دوچار

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) سرکلر روڈ سمیت دیگر علاقوںمیں سٹرکوں کی کھدائی کے بعد ان کی تعمیر ومرمت انتہائی سست روی کا شکار ،شہری مسلسل اذیت اور تکلیف سے دوچار ،ارباب اختیار سے فوری نوٹس لینے کامطالبہ ، سرکلر روڈ سمیت دیگر علاقوں میں نکاسی آب کے بڑے منصوبے کے لئے ترقیاتی کام شروع کیاگیا جو طویل عرصہ گزرنے کے باوجود تاحال مکمل نہیں ہوسکا ۔ سرکلر روڈ پرواقع سکول،کالجز ،یونیورسٹیز کے طلباء ،بچے بوڑھے ،خواتین اورتاجران سڑکوں کی انتہائی ناگفتہ بہ حالت ہونے کے باعث عذاب مسلسل کا شکار ہوگئے ہیں ۔مذکورہ روڈز انتہائی گنجان آباد علاقہ میں ہونے کی وجہ سے وہاں علاقہ مکینوں کے علاوہ طلبائ،تاجروں اور دفاتر آنے جانے والوں کی آمدورفت کا سلسلہ سارا دن جاری رہتا ہے ۔روڈمیں موجود گڑھوں ،ٹوٹ پھوٹ اور دیگر خرابیوں کے باعث لوگ شدید ذہنی وجسمانی اذیت کا شکار ہیں ۔ شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ کی نااہلی انتظامیہ اور عوامی نمائندوں سمیت اس اہم مسئلہ کی جانب کسی کی بھی توجہ مرکوز نہیں ہے ۔ انہوںنے مطالبہ کیا کہ شہر کی سڑکوں کی فوری تعمیر ومرمت مکمل کی جائے ۔
٭٭٭
کالے بادل چھائے رہنے اور ہلکی رم جھم کے نتیجے میں شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)شہر میں کالے بادل چھائے رہنے اور ہلکی رم جھم کے نتیجے میں شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 21 فیصد رہا جبکہ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ہلکی بارش اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے کی وجہ سے شہری موسم سے لطف اندوز ہوتے رہے۔
٭٭٭
رمضان کی آمد سے قبل ہی چینی، آٹا نایاب ،اورگھی کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) رمضان کی آمد سے قبل ہی چینی، آٹا نایاب ،اورگھی کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں دوکانداروں نے آٹا ، چینی کے من مرضی ریٹ مقرر کرلئے متعد د دوکانوں سے چینی غائب شہری آٹا اورچینی کے حصول کیلئے رل گئے، حکومتی احکامات پرانتظامیہ عمل درآمد کروانے میں مکمل طور پر ناکام ،وزیر اعلی خیبرپختونخوا ، چیف سیکرٹری ، ڈی سی ڈیرہ فوری طور پر نوٹس لیں تفصیلات کے مطابق رمضان شریف کی آمد سے قبل ہی ڈیرہ شہر سمیت مختلف علاقوں میں چینی، آٹا غائب ہوکر رہ گیا چینی ،آٹا کے نہ ملنے سے شہری پریشان دکھائی دیتے ہیں دوسری جانب گھی کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیںاور دوکانداروں نے آٹا ، چینی کے من مرضی ریٹ مقرر کررکھے ہیں کہیں چینی کی قیمت 100 تو کہیں 110 روپے کلو فروخت ہورہی ہے اور متعد د دوکانوں سے چینی غائب ہونے سے غریب شہری آٹا اورچینی کے حصول کیلئے رل گئے حکومت نے چینی کا ریٹ 85 روپے پر کلو مقرر کیا مگر چینی ہی غائب ہوگئی اگر بات کی جائے آٹا کی تو لمبی لمبی قظاریں لگی دکھائی دیتی ہیں اور لوگ مایوس نظر آتے ہیں ،ضلعی انتظامیہ نے علم ہونے کے باوجود خاموشی اختیار کرلی ہے جب دوکان داروں سے بات کی گئی تو ان کا کہنا ہے کہ حکومت ہمیں چینی 80 روپے کلو دے تو ہم 85 روپے کلو چینی سرعام فروخت کرنے کیلئے تیار ہیں دوسری جانب اگر بات کی جائے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی تو وہ بھی اپنی ذمہ داری نبھانے میں غفلت کا مظاہرہ کرتے نظر آتے ہیں وزیر اعظم عمران خان ،وزیر اعلی خیبرپختونخواکے وژن کوناکام بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ متحرک دکھائی دیتی ہے، وزیر اعلی ، چیف سیکرٹری ، ڈی سی ڈیرہ فوری طور پر نوٹس لیکر محنتی اور ایماندار افسر ڈیرہ میں تعینات کریں ،
٭٭٭
موبائل فون کمپنیوں کے ٹاورپر وارننگ لائیٹیں نہ ہونے کے باعث کسی بھی وقت کوئی سانحہ رونما ہونے کا خدشہ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) موبائل فون کمپنیوں کے ٹاورپر وارننگ لائیٹیں نہ ہونے کے باعث کسی بھی وقت کوئی سانحہ رونما ہونے کا خدشہ، ٹاوروں پر برقی لائیٹیں آویزاں کروائی جائیں ،تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہر اور گردونواح میں موبائل کمپنیوں کے سینکڑوں ٹاورموجود ہے جبکہ ان قدآور ٹاور ز پر کسی قسم کی لائٹیں نہ لگائی گئی ہے جس سے کسی بھی وقت کوئی بڑا سانحہ رونما ہونے کا خدشہ ہے ،شہریوں نے حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ فی الفور ان ٹاورز پربرقی لائٹیں آویزاں کروائی جائیں تاکہ کسی ممکنہ حادثہ سے بچا جاسکے،
٭٭٭
کینٹ پولیس کی کاروائی، 1500 گرام چرس اور 01 عدد 9MM پستول برآمد

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کینٹ پولیس کی کاروائی، 1500 گرام چرس اور 01 عدد 9MM پستول برآمد,ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا،تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او کینٹ عبدالغفار خان نے کارروائی کر کے 1500 گرام چرس اور ایک 01 عدد نائن ایم ایم پستول برآمد کر لیا،پولیس نے ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ۔
٭٭٭
نجم الحسنین لیاقت نے پولیس لائن کا دورہ کیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ کیپٹن ریٹائرڈ نجم الحسنین لیاقت نے پولیس لائن کا دورہ کیا اس دورہ میں ضلعی پولیس سربراہ کو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔ضلعی پولیس افسر نے تمام شعبہ جات کا معائنہ کیا اور پولیس لائن کے ریکارڈ معہ نفری اور سکیورٹی انتظامات اور صورتحال کا بھی جائزہ لیا اس دورے میں ضلعی پولیس سربراہ کو چیف ڈرل انسٹریکٹر گلشیر خان اور لائن محرر نے تمام تر امور پر بریفنگ دی. ضلعی پولیس سربراہ نے کوت اور بم ڈسپوزل سیکشن کا بھی دورہ کیا جہاں پر بم ڈسپوزل کے انچارج ٹائیگر عنایت اللہ خان نے یونٹ میں موجود ہتھیاروں اسلحہ و ایمونیشن کے بارے میں بریفنگ دی۔ضلعی پولیس سربراہ نے ایم ٹی ورکشاپ اور وہاں پر موجود پولیس کے زیر استعمال گاڑیوں کا بھی معائنہ کیا۔ضلعی پولیس سربراہ ڈاگ سنٹر بھی گئےاور مزید کانسٹیبلان بارکوں اور کنٹین پر بھی گئے جہاں صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ضلعی پولیس سربراہ ڈیوٹی پر مامور جوانوں سے بھی ملے اور تمام جوانوں کو کرونا کے خطرات کے پیش نظر ماسک کے استعمال کو یقینی بنانے اور بغیر ماسک کے داخلے پر پابندی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اس کے علاوہ ہمراہ چیف ڈرل اسٹریکٹر کو کلورین ٹینک نصب کرنے اور سنیٹائزر کے استعمال کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
٭٭٭
قتل اور اقدام قتل میں نامزد اشتہاری ملزم میرپورخاص(سندھ) سے گرفتار،آلہ قتل (کلاشنکوف)برآمد

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ایس ایچ اوتھانہ چودوان کی بڑی کاروائی، قتل اور اقدام قتل میں نامزد اشتہاری ملزم میرپورخاص(سندھ) سے گرفتار،آلہ قتل (کلاشنکوف)برآمد،تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ چودوان ثناء اللہ خان نے ڈیٹا اور ریکی کی بنیاد پر قتل اور اقدام قتل میں نامزد اشتہاری ملزم شادی گل والد گل خان میرپور خاص (سندھ) سے گرفتار کر لیا۔مذکورہ اشتہاری ملزم نے 2010 میں نزد شاہ عالم علاقہ حدود تھانہ چودوان میں پانی کے تنازعہ پر عبدالخالق نامی شخص کو قتل کر دیا تھا اور اس وقوعہ میں ایک عورت بھی زخمی ہوئی تھی۔ملزم کئی سالوں سے سندھ میں روپوش تھا۔ایس ایچ او تھانہ چودوان نے بڑی بہترین حکمت عملی سے ملزم اشتہاری کو گرفتار کر لیا ملزم سے آلہ قتل کلاشنکوف معہ 15 عدد کارتوس برآمد کر لیے اور ملزم کو تھانہ چودوان میں پابند سلاسل کر دیا۔
٭٭٭
نان کسٹم پیڈ اشیائکی سمگلنگ کے خلاف کارروائی، گاڑی برآمد، گاڑی قبضہ پولیس کرلی گئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)نئے ضم شدہ اضلاع میں قائم شدہ تھانہ مغل کوٹ کے ایس ایچ او کی مغل کوٹ چیک پوسٹ پر نان کسٹم پیڈ اشیائکی سمگلنگ کے خلاف کارروائی، گاڑی برآمد، گاڑی کو قبضہ پولیس کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ مغل کوٹ طائب دین نے ہمراہ نفری پولیس مغل کوٹ چیک پوسٹ پر بدوران ناکہ بندی ایک گاڑی کو روکا گاڑی مذکورہ نمبر AAR-819/کوئٹہ کو چیک کیا تو معلوم ہوا کہ گاڑی نان کسٹم پیڈ ہے۔ پولیس نے گاڑی کو قبضے میں کر لیا۔
٭٭٭
تمام دفاتر تھانہ جات ،چوکیات،اور پولیس لائنز میں ماسک اور سینٹایزر کا استعمال ضروری قرار

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)وفاقی حکومت کے تحت NCOC سے جاری شدہ SOP’s پر سختی سے عمل درآمد جاری،تمام دفاتر تھانہ جات ،چوکیات،اور پولیس لائنز میں ماسک اور سینٹایزر کا استعمال ضروری قرار۔موسم بہار کی شجرکاری مہم کا آغاز ، ضلعی پولیس افسر کی ہدایت پر ضلع بھر کے تھانہ جات،چوکیات اور دفاتر میں شجر کاری کی گئی،تفصیلات کے مطابق NCOC کہ تحت جاری شدہ SOP’s کے سلسلے میں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخواہ ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی اور ضلعی پولیس افسر کیپٹن (ر) نجم الحسنین لیاقت کی ہدایت پر کورونا وائرس کے پھیلاو کی روک تھام کے سلسلے میں ضلع بھر کے تمام تھانہ جات،چوکیات اور دفاتر میں ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد جاری ہے۔ ضلعی پولیس افسر کیپٹن (ر) نجم الحسنین لیاقت نے SOP’s پر عمل درآمد کے سلسلہ میں خصوصی اقدامات اٹھا ئے۔ تمام سرکل سب ڈویڑنل پولیس افسران کو کرونا وائرس سے بچاﺅکی حفاظتی اقدامات کی ہدایات پر عمل کرنے کی سختی سے ہدایت کی ہے۔ جسکے بعد Covid-19 کے خلاف جاری حکومتی SOP’s پر سختی سے عمل جاری ہے۔ تمام تھانہ جات، چوکیات، دفاتر، پولیس لائینز، ٹریفک وارڈنز، ناکہ بندیوں اور گشت پر مامور پولیس کے افسران اور جوان ماسک اور سینیٹائزرز کے استعمال کے ساتھ ساتھ تھانوں، چوکیات اور پولیس کی رہائیشی کمروں اور بارکوں کی صفائی کو یقینی بنانے کی ہدایات کی اور شہریوں کو بھی Covid-19 کے خلاف جاری SOP’s پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی تلقین کی جارہی ہے۔ ضلعی پولیس آفیسر کے دفتر کے علاوہ ڈیرہ پولیس کے تمام تھانہ جات اور چوکیات کے مین گیٹس اور اندرونی دفاتر کے گیٹس پر "No Mask, No Entry” کے بینرز چسپاں کئےگئے ہیں، سینیٹائزرز کا استعمال ضروری قرار دیا گیا دفاتر اور تھانہ جات میں بغیر ماسک کے کسی بھی شخص کی انٹری کی سختی سے ممانعت کی گئی۔نیز ضلع بھر میں موسم بہار کی شجرکاری مہم کا آغاز کردیا گیا ہے شجرکاری مہم کا آغاز ضلع بھر میں ضلعی سربراہ کیپٹن ریٹائرڈ نجم الحسنین لیاقت کی ہدایت پر تھانہ جات دفاتر اور پولیس لائن میں پودا لگا کر کیا گیا۔ایس ایچ او صاحبان نے اپنے اپنے تھانہ جات میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔سرکل ایس ڈی پی اوز نے بھی اپنے دفاتر میں شجر کاری مہم کا آغاز پودے لگا کر کیا۔
٭٭٭
سوزوکی وین کو روکنے کی کوشش میں ڈاکووں کی فائرنگ، ڈرائیورخوش قسمتی سے بال بال بچ گیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کڑی خیسور کے علاقہ میں سوزوکی وین کو روکنے کی کوشش میں ڈاکووں کی فائرنگ، ڈرائیورخوش قسمتی سے بال بال بچ گیا ،نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا ،
تفصیلات کے مطابق پھلاڑی کا رہائشی عبدالغفور ولد خان محمد اپنی سوزوکی پک اپ وین پر کڑی خیسور میں دوکانداروں کو سامان سپلائی کرکے ملا خیل سے واپس گھر جارہا تھا کہ پھلاڑی اڈا کے قریب نامعلوم افرد نے اس کو زبردستی روکنے کی کوشش کی تاہم اس کے نہ رکنے پر ملزمان نے فائرنگ کردی جس سے ایک گولی گاڑی میں لگی تاہم وہ خود محفوظ رہا، تھانہ کڑی خیسور میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا۔
٭٭٭
رینٹ اے کاراورٹرانسپورٹ اڈوں پر کاروائی کرتے ہوئے 12رینٹ اے کارسرو س اوربس اڈوں کوسیل کردیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)خیبرپختونخواہ حکومت کی ہدایت پرسیکرٹری آرٹی اے پیرخالدقیوم نے آرٹی اے سٹاف ، ایم ایم پی آئی سٹاف اورٹریفک سٹاف کے ہمراہ ڈیرہ اسماعیل خان میں کوروناایس اوپیزپرعمل درآمدکے لیے رینٹ اے کاراورٹرانسپورٹ اڈوں پر کاروائی کرتے ہوئے 12رینٹ اے کارسرو س اوربس اڈوں کوسیل کردیاجہاں پر ایس اوپیز کی خلاف ورزی کی جارہی تھی اسی طرح دوروزہ ٹرانسپورٹ پرپابندی کی خلاف ورزی کرنے پر سینکڑوں گاڑیوں کو چالان کیا اورچھ لاکھ روپے کے جرمانے عائد کیے ۔ ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرنے اورٹرانسپورٹ پر دوروزہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے پرہماری کاروائیاں جاری رہیں گی ۔ سیکرٹری آرٹی اے پیر خالدقیوم کی میڈیا سے گفتگو۔تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ حکومت کی ہدایت پرسیکرٹری آرٹی اے پیر خالدقیوم نے آرٹی اے سٹاف،ایم ایم پی آئی سٹاف اورٹریفک سٹاف کے ہمراہ ڈیرہ اسماعیل خان میں کوروناایس اوپیزپرعمل درآمدکے لیے رینٹ اے کاراورٹرانسپورٹ اڈوں پر کاروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں موجود 12رینٹ اے کارسرو س اوربس اڈوں کوسیل کردیاجہاں پر ایس اوپیز کی خلاف ورزی کی جارہی تھی اسی طرح دوروزہ ٹرانسپورٹ پرپابندی کی خلاف ورزی کرنے پر سینکڑوں گاڑیوں کو چالان کیا اورچھ لاکھ روپے کے جرمانے عائد کیے ۔سیکرٹری آرٹی اے پیرخالدقیوم نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ حکومت کی جانب سے مقررکردہ ایس اوپیز پر ہر صورت عمل درآمدکرایاجائے گااسی طرح کوروناوائرس سے بچاﺅ کے لیے ملک بھر میں لگائی گئی ٹرانسپورٹ پر دوروزہ پابندی پربھی سختی سے عمل ہوگا اورخلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائیاں جاری رہیں گی۔
٭٭٭
ناقص صفائی پرہزاروں روپے کے جرمانے عائد کردیئے گئے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈسٹرکٹ فوڈ اتھارٹی ڈیرہ کی جانب سے مسگراں گیٹ پر دکانوں کی چیکنگ ،دکانداروں کو حفظان صحت کے اصولوں پرعمل کرنے کی ہدایت ، ناقص صفائی پرہزاروں روپے کے جرمانے عائد کردیے۔تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ حلال فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے ڈپٹی ڈائریکٹر حلال فوڈ اتھارٹی واصف خان کی ہدایت پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر الف خان مہمند نے کاروائی کرتے ہوئے مسگراں بازار میں متعدد دکانوں کی چیکنگ کی۔چیکنگ کے دوران دکانداروں کو فوڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی دی گئی اور حفظان صحت کے اصولوں پر عمل کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں ۔فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے ناقص صفائی پر جرمانے عائد کیے اس کے علاوہ دکانوں کی چیکنگ کے ساتھ ساتھ جیو ٹیگنگ بھی کی گئی ۔
٭٭٭
ذیابیطس کے مریض خون کا عطیہ دے سکتے ہیں،طبی ماہرین

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)طبی ماہرین نے کہاہے کہ ذیابیطس کے مریض خون کا عطیہ دے سکتے ہیں، لیکن یہ دیکھنا ضروری ہے کہ ان کا بلڈ شوگر لیول نارمل ہو اور جو لوگ انسولین لگاتے ہیں وہ عطیہ نہیں دے سکتے۔طبی ماہرین نے وضاحت کی ہے کہ بہت سے لوگ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ ذیابیطس کے مریض خون کا عطیہ نہیں دے سکتے۔انہوں نے کہاکہ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ خون دینے سے بلڈ شوگر لیول متاثر ہوتا ہے ، لیکن حقیقت میں ایسا نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ ذیابیطس کے مریض خون کا عطیہ دے سکتے ہیں، لیکن یہ دیکھنا ضروری ہے کہ ان کا بلڈ شوگر لیول نارمل ہو اور جو لوگ انسولین لگاتے ہیں وہ عطیہ نہیں دے سکتے ، تاہم عام دوائیاں کھانے والے شوگر مریض خون عطیہ کر سکتے ہیں۔طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ذیابیطس میٹابولزم کا مرض ہے ، اس سے مریض کا جسم متاثر ہوتا ہے ، خون نہیں، یہ ذہن میں رہے کہ اگر مریض کو دل یا گردوں کی بیماری نہیں ہے تو وہ خون دے سکتا ہے۔ڈاکٹرز کہتے ہیں کہ ہر صحت مند شخص کو خون کا عطیہ دینا چاہیے۔
٭٭٭
کالجز میں نئے مضامین پڑھائیں جائیں گے ،محکمہ ہائر ایجوکیشن

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کالجز میں نئے مضامین پڑھائیں جائیں گے محکمہ ہائر ایجوکیشن نے مارکیٹ کی ضروریات کو دیکھتے ہوئے نئے مضامین تیار کرلیے۔تفصیلات کے مطابق نئے مضامین میں فوڈ سائنسز، سافٹ ویئر ڈایزئننگ، ڈی فارمیسی، ٹیکسٹائل ڈیزائننگ،فوڈ اینڈ نیوٹریشن جبکہ میڈیکل لیب ٹیکنالوجی،بائیو ٹیکنالوجی، ٹورازم اینڈ ہوسپٹیلٹی مینجمنٹ بھی شامل ہیں۔ ۔ نئے تعلیمی سال سے مذکورہ مضامین کے ایڈمیشن کیے جائیں گے۔ محکمہ ہائر ایجوکیشن نے نئے مضامین کی اجازت دے دی ہے۔
٭٭٭

٭٭٭

۔۔۔۔۔

یہ بھی پڑھیے:

بہاول نگر کی خبریں

مظفرگڑھ کی خبریں

راجن پور کی خبریں

ڈیرہ غازی خان کی خبریں

 

About The Author