نومبر 3, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

نااہل حکومت کو گرانے کے لیے نکلے ہیں ، سیلیکٹڈ  سرکار کو مزید چلنے نہیں دیں گے، بلاول بھٹو

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج ہر صوبے کے حقوق چھینے جا رہے ہیں اور ہر صوبے کے حصے کی رقم بھی چھینی جا رہی ہے

تھر: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم نااہل حکومت کو گرانے نکلے ہیں اور سیلیکٹڈ حکومت کو مزید نہیں چلنے دیں گے۔

صوبہ سندھ کے صحرا تھر میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تھر میں خطاب کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میری ماں اور آپ کی بہن بے نظیر بھٹو کو ماروی بی بی کا خطاب تھر سے ملا تھا۔ پیپلز پارٹی تھر کی عوام کے لیے 24 اکتوبر کو این ای ڈی یونیورسٹی کے کیمپس کا افتتاح کر رہی ہے۔

بلاول بھٹو نے  کہا کہ تھر کے لوگ کئی عرصے سے قحط اور مختلف مشکلات کا شکار تھے لیکن اب یہاں ہر جگہ ہریالی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کے لیے جدوجہد کی ہے۔

انہوں نے کہا اس ملک میں آئین اور حقوق نہیں تھے جو انہیں ذوالفقار علی بھٹو نے دلائی اور آئین کا سرچشمہ عوام کو بنایا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ تھر کے صحرا سے پاکستان روشن ہو رہا ہے۔ جب آمروں نے عوام کے حقوق صلب کرنے کی کوشش کی تو بے نظیر بھٹو ان آمروں کے سامنے ڈٹ گئیں اور آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرتی رہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج آمریت کی پیداوار، سیلیکٹڈ  حکومت عوام کا معاشی قتل عام کررہی ہے۔ ٹیکس کی وجہ چھوٹے تاجر کا قتل کیا جا رہا ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا تنخواہوں میں اضافہ نہ کر کے سفید پوش طبقے کا قتل کیا جا رہا ہے۔ پینشن میں اضافہ نہ کر کے بزورگوں اور روزگار نہ دے کر نوجوانوں کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ آج ہر صوبے کے حقوق چھینے جا رہے ہیں اور ہر صوبے کے حصے کی رقم بھی چھینی جا رہی ہے اور کراچی پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔ رابطہ نہروں پر ڈیم بنا کر سندھ کا پانی چوری کرنا چاہتے ہیں۔ یہ پورے صوبے کا معاشی قتل ہو گا جو ہم نہیں ہونے دیںَ گے۔

یہ بھی پڑھیں آزادی مارچ: جے یو آئی کی حکمت عملی تیار، رکاوٹیں ڈالیں تو ملک گیر دھرنے ہوں گے

انہوں نے کہا کہ ہم نے سندھ کی خدمت کی ہے اور مزید خدمت کرنا چاہتے ہیں۔ ہم وفاق سے سندھ کے حقوق چھین کر عوام کو مہیا کریں گے۔ جمہوری حقوق چھین کر ہمارے منہ بند کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم اس نااہل حکومت کو گرانے کے لیے نکلے ہیں اور سیلیکٹڈ  سرکار کو مزید چلنے نہیں دیں گے۔

About The Author