نومبر 25, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

وزیراعظم عمران خان کراچی پہنچ گئے

کراچی میں ہونے والی شدید بارشوں کے بعد وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ وہ از خود کراچی کا دورہ کریں گے تاکہ صورتحال کا جائزہ لے سکیں۔

وزیراعظم عمران خان کراچی کے دورے پر پہنچ گئے وہ گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ سے ملاقات کریں گے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کراچی پہنچتے ہی ہیلی کاپٹر کے ذریعے شہر کا فضائی جائزہ لیا۔

وزیر اعظم کے گورنر ہاؤس پہنچنے کے بعد کراچی ٹرانسفارمیشن کمیٹی کے اراکین گورنر ہاؤس پہنچے جہاں وزیر اعظم کی زیر صدارت کراچی ٹرانسفارمیشن کمیٹی کا اجلاس جاری ہے۔ اجلاس میں گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ سندھ کے علاوہ وفاقی وزیر اسد عمر، شبلی فراز، علی زیدی اور امین الحق بھی شریک ہیں۔

کراچی کیلئے ٹرانسفارمیشن پلان کا اعلان کیا جائے گا جس میں شہر کے نالوں کی صفائی، نکاسی آب اور کچرا ٹھکانے لگانے کے منصوبے بھی شامل ہیں۔ صاف پانی اور ٹرانسپورٹ کیلئے بھی وفاق فنڈز دے گا۔

وزیراعظم کی گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات بھی شیڈول ہے۔ وزیر اعلی سندھ آج دوپہر گورنرہاوس میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے۔

وزیراعظم کے دورہ کراچی میں وفاقی وزرا، این ڈی ایم اے کے حکام اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بھی ہمراہ ہیں۔

وزیر اعظم کے دورے میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا دورہ بھی شیڈول تھا جو منسوخ کر دیا گیا۔ اس دوران وزیر اعظم کی اسٹاک ایکسچینج بورڈ آف ڈائریکٹرز سے ملاقات تھی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم سے اراکین اسمبلی، اتحادی جماعتوں کے رہنما اور ممتاز تاجر و کاروباری شخصیات کی بھی ملاقات ہو گی اور  این ڈی ایم اے کے حکام وزیراعظم کو شہر کی صورتحال پر بریفنگ بھی دیں گے۔

 ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم اپنے دورہ کراچی میں کراچی کے ساتھ پورے صوبہ سندھ کے لیے بڑے پیکج کا اعلان کریں گے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے اعلان کردہ پیکج اربوں روپے مالیت کا ہوگا۔ عمران خان کی جانب سے کراچی کی بحالی کے لیے شارٹ ٹرم ،مڈ ٹرم اور لانگ ٹرم پیکجوں کا اعلان متوقع ہے۔

وزیراعظم جن پیکجوں کا اعلان کریں گے ان میں شہر کی صفائی، نالوں کی صفائی اور نکاسی آب کے منصوبے، صاف پانی کی فراہمی اور کچرا ٹھکانے لگانے کے منصوبے بھی شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے دورہ کراچی میں ٹرانسپورٹ کے نظام سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں کے لیے بھی وفاقی حکومت کی جانب سے فنڈز کی فراہمی کا اعلان متوقع ہے۔

 وزیراعظم عمران خان کی جانب سے جن منصوبوں کے اعلانات کیے جائیں گے ان میں متاثرہ کاروباری طبقات بھی مستفید ہوں گے۔

 وزیراعظم عمران خان گورنر ہاؤس سندھ میں پریس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔

کراچی میں ہونے والی شدید بارشوں کے بعد وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ وہ از خود کراچی کا دورہ کریں گے تاکہ صورتحال کا جائزہ لے سکیں۔

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ شہر قائد میں ہونے والی بارش کی تباہ کاریوں کا جائزہ لینے کے لیے کراچی کا دو روزہ دورہ کرچکے ہیں۔ پاک فوج کے سربراہ نے اس سے قبل پاک فوج کو ریلیف آپریشن بھی شروع کرنے کی ہدایت کی تھی۔

شہر قائد کا گزشتہ دنوں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے بھی دورہ کیا جس میں انہوں ںے وزیراعظم عمران خان کی حکومت کو کڑی نکتہ چینی کا نشانہ بنایا۔

About The Author