جنوری 10, 2025

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

انٹر نیٹ کوریج بڑھانے کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس

دو سال کے منصوبوں اور رواں سال کے اہداف کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی

ملک میں انٹر نیٹ کوریج بڑھانے کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں انٹرنیٹ کی کوریج کو بڑھانے اور بہتر بنانے کے حوالے سے اجلاس ہواہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے آئی ٹی سید امین الحق، وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود، سیکرٹری آئی ٹی، چئیرمین پی ٹی اے، سی ای او یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف) و دیگر افسران شریک ہوئے۔

وزیرِ اعظم کو ملک بھر میں خصوصاً دور دراز اور پس ماندہ علاقوں میں انٹر نیٹ کی کوریج اور بہتر سروس کی فراہمی کے حوالے سے یو ایس ایف کی جانب سے گذشتہ

دو سال کے منصوبوں اور رواں سال کے اہداف کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کے دوران بلوچستان میں لسبیلہ، آواران، کیچ، گوادر، خضدار، قلات، مستونگ، جعفرآباد، نصیر آباد، لہری، کچی، سبی، پشین، قلعہ سیف اللہ، زوہب، لورالائی،

موسیٰ خیل اور برکھان کے اضلاع، صوبہ سندھ میں گھوٹکی، قمبر، شہدادکوٹ، نوشہرو فیروز، شکارپور وغیرہ، صوبہ خیبرپختونخواہ میں چترال، سوابی، بنوں، پنجاب میں ساہیوال،

ملتان، چکوال اور اٹک سمیت مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروس کی فراہمی و بہتری کے لئے مختلف منصوبوں کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ انضمام شدہ علاقوں میں انٹرنیٹ کی سہولت کی فراہمی کے حوالے سے پیش رفت پر بھی تفصیلی بریفنگ۔

وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ یو ایس ایف کی جانب سے انٹرنیٹ کی سروسز کی بہتر فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے فائبر آپٹک بچھانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔

گذشتہ دو سالوں میں اٹھارہ سو کلومیٹر طویل فائبر آپٹک بلوچستان اور خیبر پختونخواہ کے مختلف علاقوں میں بچھائی گئی جب کہ اس سال 547 یونین کونسلوں میں 4600کلومیٹر فائبر آپٹک بچھائی جائے گی۔

وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں انٹرنیٹ کی فراہمی ایک اہم ضرورت بن چکی ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ ملک کی نوجوان نسل کے پوٹینشل کو صحیح معنوں میں برؤے کار لانے کے لئے بھی ضروری ہے کہ

ان کی تعلیم تک آسان رسائی کو یقینی بنایا جائے۔ اس مقصد کے لئے بھی انٹرنیٹ کی وسیع کوریج اور آسان دستیابی نہایت ضروری ہے۔وزیرِ اعظم نے یوایس ایف کو ہدایت کی کہ سکولوں میں انٹرنیٹ کی

آسان اور سستی فراہمی کے حوالے سے ضروری اقدامات کیے جائیں تاکہ یو ایس ایف اس حوالے سے بھی موثر کردار ادا کرسکے۔

ٹیلی کام سیکٹر میں حکومت کی جانب سے مزید مراعات دینے کے حوالے سے وزیرِ اعظم نے مشیر خزانہ، وزیر برائے صنعت و پیدوار،

وزیرِ منصوبہ بندی، وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور وزیرِ تعلیم پر مشتمل کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ وہ اس حوالے سے سفارشات پیش کر سکیں۔

وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ دور دراز اور پس ماندہ علاقوں خصوصاً بلوچستان، انضمام شدہ علاقوں اور سندھ کے دور دراز علاقوں میں انٹرنیٹ کی سہولت کی فراہمی

اور بہتر کوریج کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔

About The Author