نومبر 27, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

حج پر جانے سے پہلے شاہ محمود بہت زور سے بغل گیر ہوئے تھے جس سے سب معاملات ختم گئے،جہانگیر ترین

پی ٹی آئی رہنما جہانگیر خان ترین نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کوپاکستان کا خیال کرنا چائیے مولانا صرف اپنا خیال کر کے دھرنا دے رہے ہیں۔

لودھراں :پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما  جہانگیرترین نے کہا کہ حج پر جانے سے پہلے شاہ محمود بہت زور سے بغل گیر ہوئے تھے جس سے سب معاملات ختم گئے۔شاہ محمود قریشی اور میں مل کر پارٹی کے لیے کام کر رہے ہیں۔

یہ بات انہوں نے آج سرائیکی وسیب کے ضلع لودھراں میں صحافیوں سے گفتگو میں کہی ۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کوپاکستان کا خیال کرنا چائیے مولانا صرف اپنا خیال کر کے دھرنا دے رہے ہیں۔ن لیگ مولانا کے ساتھ شامل ہونے کے معاملہ پر تقسیم کا شکار ہے۔

ایک سوال کے جواب میں جہانگیر ترین نے کہا کہ مجھے کوئی ایشو نہیں جنوبی پنجاب کا سیکرٹریٹ کہیں بھی بنا دیا جائے۔پولیس ریفارمز پر عمران خان کی سربراہی میں کام ہو رہا ہے۔

اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما  جہانگیر خان ترین نے لودھراں میں نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ اور مرغی پال سکیم کا افتتاح کردیا۔

ہفتہ کی صبح 10 بجے جہانگیر خان ترین جب لودھراں پہنچے تو پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی رہنما اور ممبر پنجاب سیڈز کارپوریشن رانا ارسلان خان نے چک سو ایم میں ان کا پرتپاک استقبال کیا اور پھولوں کے گلدستےمہمانوں کو پیش کئے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر ہاؤسنگ پنجاب میاں محمود الرشید، صوبائی وزیر لائیوسٹاک سردار حسنین بہادر دریشک، صوبائی وزیر جیل خانہ جات چوہدری زوار وڑائچ، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری میاں شفیق ارائیں، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے ہاوسنگ ملک تیمور خان و دیگر بھی جہانگیر ترین کے ہمراہ تھے۔

مرغی پال اسکیم کے تحت جہانگیر ترین اور صوبائی وزیر لائیوسٹاک پنجاب سردار حسنین دریشک نے لودھراں کے ایک ہزار خاندانوں میں یونٹس تقسیم کیے جبکہ جہانگیر ترین اور وزیر ہاؤسنگ پنجاب میاں محمود الرشیدنے نیاپاکستان ہاؤسنگ سکیم لودھراں کے گھروں کی الاٹمنٹ کے لئے قرعہ اندازی کروائی اور کمپیوٹرائزڈقرعہ اندازی کا باقاعدہ آغاز کر کے خوش نصیب لوگوں کے ناموں کا اعلان بھی کیاگیا۔

جہانگیرترین نے اڈا پرمٹ لنک روڈ کا بھی افتتاح کیا۔مرغی پال سکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں جہانگیر ترین نے کہا کہ بارشوں اور گرمی کی شدت کی وجہ سے فصلیں متاثر ہوئی ہیں۔وزیراعظم اور وزیر خزانہ سے گزارش کریں گے کہ ممکنہ حد تک کاشتکاروں کے نقصان کا ازالہ کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے دس سال میں جو دو حکومتیں رہی انہوں نے زراعت کو یکسر نظر انداز کیا۔ہم کسانوں کی فلاح وبہبود کے لئے ہرممکن اقدامات کررہے ہیں۔پرمٹ لودھراں روڈ کا اگلے ہفتے تک ٹینڈر لگ جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ لودھراں کو ایک مثالی ضلع بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہوں گا۔لودھراں میں کرپشن کرنے والے افسران کی کوئی جگہ نہیں۔لودھراں کا فیملی ہسپتال جیسے ہی مکمل ہو گا اور سٹاف مکمل ہو گا تو اسے شروع کر دیا جائے گا۔لودھراں کے صحافیوں کو ہیلتھ کارڈ سکیم میں رجسٹرڈ کرینگے۔

جہانگیر خان ترین نے کہا کہ لودھراں بہاولپور سپیڈو بس کی منظوری ہو گئی ہے بہت جلد چلنا بھی شروع ہو جائے گی۔

صوبائی وزیر ہاوسنگ پنجاب میاں محمود الرشید نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے مستحق لوگوں کو گھروں کی الاٹمنٹ کے کام کا آغاز لودھراں سے کردیاہے۔لودھراں میں سب سے پہلے ہاوسنگ سکیم کے افتتاح کا سہرا جہانگیر ترین کے سر جاتاہے۔

اس موقع پر سیکرٹری لائیوسٹاک ڈاکٹر نبیل احمد اعوان، ڈائریکٹر جنرل ہاؤسنگ پنجاب لیاقت علی چٹھہ، ڈپٹی کمشنر لودھراں عمران قریشی،ڈی پی او لودھراں ملک جمیل ظفر، طاہر خان ملیزئی،سید رضا شاہ گیلانی اورارشاد عباس گھلو بھی موجود تھے

About The Author