نومبر 25, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ڈیرہ اسماعیل خان کی خبریں

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں تجزیے اور تبصرے

 پٹرول کی قلت کے باعث شہری اور ٹرانسپورٹرز مشکلات کا شکار

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ شہر اور گردونواح سمیت ضلع بھر میں پانچویں روز بھی پٹرول کی قلت کے باعث شہری اور ٹرانسپورٹرز مشکلات کا شکار اور پٹرول کی تلاش میں دور دور تک گھومتے پھرتے بلیک میں پٹرول خریدنے پر مجبور رہے۔

ذرائع کے مطابق ڈیرہ میں پٹرول کی قلت اور مہنگے داموں فروخت ڈیرہ اور گردونواح سمیت ضلع بھر میں جاری رہا اور لوگ اس کا ذمہ دار موجودہ حکومت کو قرار دیتے رہے جن کا کہنا تھا کہ اس سے تو پرانے پٹرولیم ریٹ بہتر تھے کم ازکم پٹرول دستیاب تھا

لیکن اب ریٹ کم کرنے کے نام پر لوگ اس سے بھی مہنگے داموں پٹرول خریدنے پر مجبور ہیں۔ضلعی انتظامیہ کے ترجمان نے بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ نے مقرر کردہ نرخوں سے زائد پر پٹرول فروخت کرنے پر متعدد پیٹرول پمپس کو جرمانہ کیا ہے ۔

جبکہ ضلع بھر کے تمام پی ایس او کے پٹرول پمپس پر روزانہ کے مقرر کردہ کوٹہ کے مطابق پٹرول کی دستیاب ہے اور نجی پٹرول کمپنیوں کی جانب سے ڈیرہ کے پٹرول پمپس کو مختص کردہ کوٹہ سے کم مقدار میں پٹرول فراہم کرنے پر صورتحال خراب ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے افسران بالا کو بروقت نجی پٹرول کمپنیوں کی جانب سے ڈیرہ کو کم مقدار میں پٹرول فراہم کرنے کی صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔ نجی پٹرول پمپس پر مقرر کردہ کوٹہ سے کم پٹرول دستیاب ہونے پر پی ایس او کے پٹرول پمپس پر غیر معمولی رش دیکھا جارہا ہے کھپت بڑھ گئی ہے۔

عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے پی ایس او کے تمام پٹرول پمپس پر مقرر کردہ کوٹہ سے زیادہ سٹاک کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔ضلعی انتظامیہ نجی پٹرول پمپس کا سٹاک بھی روزانہ کی بنیاد پر چیک کر رہی ہیں۔

غیر قانونی طور پر پٹرول فروخت کرنے والوں کے خلاف بھی کریک ڈاون جاری ہے۔ متعدد پٹرول پمپس کو بھاری جرمانے اور سیل کیا گیا ہے۔نجی پٹرول کمپینیوں کی جانب سے کوٹہ سے کم پٹرول فراہم کرنے پر اعلی احکام سے ایسی کمپینیوں کے خلاف کاروائی کی سفارش کی گئی ہے۔
٭٭٭
 نو ماسک نوانٹری کے نوٹسز آویزاں کرتے ہوئے آگاہی مہم شروع کردی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ کے تاجروں نے نو ماسک نوانٹری کے نوٹسز آویزاں کرتے ہوئے آگاہی مہم شروع کردی ہے ،کورونا وائرس سے بچاﺅ کے لئے حکومتی ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنے اور گاہگوں ،ملازمین سے بھی عمل درآمد کا اعلان کردیا گیا ہے ،

ڈیرہ شہر کے تاجرون کی جانب سے اپنی اپنی دکانوں پر ایس او پیز کے حوالے سے بورڈ اور بینرزلگادیئے گئے ہیں ،تاجروں کے مطابق انہوںنے سماجی فاصلہ قائم کرنے ،ماسک اور دستانوں کے استعمال کے حوالے سے آگاہی مہم شروع کردی ہے

کسی دکاندار،ہول سیل گاہکوں کا دکانوں میں بغیر ماسک داخل ہونا ممنوع قرار دیا گیا ہے ،جس کے لئے انہوںنے پوسٹرز بھی لگا دیئے ہیں ،صحت کے معاملے پر ایس او پیز پر عمل درآمد ڈیرہ کے تاجر بھرپور طریقے سے کررہے ہیں ،

تمام بازاروں میں دکاندار اور ان کے ملازمین گلوز اور ماسک کا استعمال کررہے ہیں جبکہ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ ماسک اور گلوز ضرور استعمال کریں کیونکہ یہ سب کے مفادمیں ہے
٭٭٭
 ڈیرہ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا ،شہریوں کا حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)گرمی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی ڈیرہ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا ،شہریوں کا حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ ،اندرون شہر کے علاقوں میں چار سے چھ جبکہ مضافاتی علاقوں میں بارہ سے سولہ گھنٹے تک بجلی بندش کادورانیہ کردیاگیا ہے ،

شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ حکومت نے چند ہی روز قبل لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا اعلان کیا کہ ماہ رمضان کے بعد بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی ،گرمی کی شدت بڑھتے ہی بجلی کی بندش کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا ہے

جبکہ وولٹیج بھی انتہائی کم ہیں ،شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کے نرخوں میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہاہے لیکن پھر بھی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ نہیں ہوسکا ،انہوںنے کہا کہ بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے گھروں اور مساجد میں پانی کی شدید قلت پید ا ہوچکی ہے ،

بجلی نہ ہونے کی وجہ سے خواتین کو گھروں میں امورخانہ داری کے دوران شدید تکلیف اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جس سے ان کی گھریلو معاملات درہم برہم ہوکر رہ گئے ہیں ،شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر لوڈشیڈنگ کو ختم نہ کیاگیا تو احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے ،
٭٭٭
گرمی کے آغاز کے ساتھ ہی جعلی مشروبات کی فروخت میں غیر معمولی حد تک اضافہ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ میں گرمی کے آغاز کے ساتھ ہی جعلی مشروبات کی فروخت میں غیر معمولی حد تک اضافہ ہوگیا ہے ،جعلی مشروبات میں شکرین اور رنگ سمیت دیگر مضرصحت اجزاءشامل کرکے لوگوں کی صحت کے ساتھ کھیل رہے ہیں

جبکہ ضلعی انتظامیہ جعلی مشروبات میں استعمال ہونے والی اشیاءفروخت کرنے والے مافیا کے سامنے بے بس نظر آرہی ہے ،گرمی شروع ہوتے ہیں ڈیرہ کے بازاروں سمیت گلی کوچوں اور سرکلرروڈ پر جعلی مشروبات کی فروخت شروع ہوجاتی ہے ،

تاہم کسی بھی سرکاری ادارے نے انسانی جانوں سے کھیلنے والے ان لوگوں کے خلاف کوئی کاروائی کرنے کی زحمت گوارا نہیں کی جاتی ،یہی وجہ ہے کہ آئے روز اس کا روبار میں اضافہ ہورہاہے اور گرمی میں اضافے کے ساتھ ساتھ جعلی مشروبات کے کاروبار میں بھی غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو ملتاہے ،

مشروبات فروخت کرنےو الے بعض افراد رنگ اور ذائقہ پیدا کرنے کے لئے ایسے کیمیکل استعمال کرتے ہیں جنہیں ماہرین صحت نے مکمل طورپر استعمال کرنے سے منع کیاہے لیکن اس کے باوجود چند روپوں کی خاطر انسانی صحت کے ساتھ ھیلنے والے عناصر اس کو استعمال کررہے ہیں جو کہ انتہائی تشویشناک ہے

جبکہ نہ صرف مقامی طور پر تیار کردہ جعلی مشروبات بوتلوں اور ساشوں میں کی شکل میں فروخت ہورہے ہیں ،بلکہ ملٹی نیشنل کمپنیوں کے نام پر بھی ان کی خرید وفروخت بڑے پیمانے پر کی جارہی ہے ،لیکن کوئی روکنے والا نہیں ،

حیرت کی بات یہ ہے کہ ایک کلاس چینی میں بمشکل پانچ چھ گلاس شربت بنتا ہے لیکن اس کے مقابلے میں دس روپے ایک ساشے سے جن میں بیس تیس گرام پوڈر ہوتاہے سے پورا ایک جگ شربت آسانی سے بن جاتاہے ،

شہر میں اس وقت خالص پھلوں سے شربت اور جوس تیار کرنے کا دعویٰ کرنے والے دکاندار ایک کلاس بیس روپے سے پچاس روپے تک میں فروخت کررہے ہیں جس کے معیار کا کوئی اندازہ نہیں اور نہ ہی اس بات کا پتہ ہے کہ جس پھل کا جوس نکالا گیا ہے وہ گلا سڑ اور خراب ا تونہیں ہے۔
٭٭٭
 خواتین کے تنازع پر مسلح ملزمان کی فائرنگ سے مخالف بال بال بچ گیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)تھانہ کینٹ کی حدود بلوچ مائنر کے قریب خواتین کے تنازع پر مسلح ملزمان کی فائرنگ سے مخالف بال بال بچ گیا ،فائرنگ سے ٹریکٹر کے ٹائر پھٹ گئے ،پولیس نے چار بھائیوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ،

پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ کینٹ کی حدود بلوچ مائنر کے قریب مسلح ملزمان نے اپنے مخالف محمد رمضان ولد صلاح الدین قوم آرائیں سکنہ نواب پر فائرنگ کردی لیکن وہ خوش قسمتی سے بال بال بچ گیا تاہم فائرنگ سے اس کے ٹریکٹر کے ٹائر پھٹ گئے جبکہ ٹریکٹر کو بھی نقصان پہنچا ،

پولیس نے محمد رمضان کی رپورٹ پر چار بھائیوں عنایت اللہ ،فتح اللہ ،سمیع اللہ ،کفایت اللہ پسران امان اللہ اقوام آرائیں ساکنان نواب کے خلاف اقدام قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ،وجہ عداوت خواتین پر تنازع بیان کیاگیاہے۔
٭٭٭
 موٹرسائیکل سوار بہن بھائی شدید زخمی،ہسپتال منتقل

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)تھانہ یونیورسٹی کی حدود گاﺅں لنڈا شریف کے قریب تیز رفتار چنگ چی اور موٹرسائیکل کے درمیان ٹکر سے موٹرسائیکل سوار بہن بھائی شدید زخمی ہوگئے ،زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیاگیا ،پولیس نے چنگ چی ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ،

پولیس ذرائع کے مطابق علاقہ بالو ہزارہ کا رہائشی حافظ رمضان ولد شاہ نواز قوم بلوچ اپنی بہن (ز بی بی ) کے ہمراہ موٹرسائیکل پر جارہاتھا کہ تھانہ یونیورسٹی کی حدود علاقہ لنڈا شریف کے قریب پہنچنے پر وہ تیز رفتار چنگ چی کے ساتھ ٹکرکر شدید زخمی ہوگئے ،

زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیاگیاہے،پولیس نے زخمی حافظ امان اللہ کی رپورٹ پر چنگ چی ڈرائیور امان اللہ ولد نظام الدین سکنہ شہباز ٹانک کے خلاف ٹریفک حادثے کا مقدمہ درج کرلیاہے۔
٭٭٭
 دو زمینداروں کو گرفتارکرلیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)یارک پولیس نے سی آر بی سی نہر سے پانی چوری کرکے اراضی کو سیراب کرنے کے الزام میں تین زمینداروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے دو زمیندار کو گرفتارکرلیا ،

یارک پولیس نے اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے تھانہ یارک کی حدود میں سی آر بی سی نہر سے سرکاری پانی چوری کرکے اراضی سیراب کرنے کے الزام میں

تین زمینداروں محمد عمران سکنہ روڑی خیل ،ہدایت اللہ سکنہ بندکورائی اور آصف سکنہ کیچ کے خلاف مقدمات درج کرکے دو زمیندار محمد عمران اور ہدایت اللہ کو موقع سے گرفتارکرلیا ہے۔
٭٭٭
 ٹرک میں لوڈ پانچ سو بوری گندم برآمد کرکے ڈائیور کو گرفتارکرلیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)گندم کی ضلع بندی پر اے ایس آئی سلیم اکبر کی کاروائی ،ٹرک میں لوڈ پانچ سو بوری گندم برآمد کرکے ڈائیور کو گرفتارکرلیا ،پولیس نے ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرلیا،

گندم کی ترسیل اور نقل حمل پر پابندی کے باعث اے ایس آئی سلیم اکبر تھانہ کلاچی پولیس نے پولیس نفری کے ہمراہ ڈیرہ ٹانک روڈ علاقہ مانجھی خیل کے قریب ٹرک کو روک کر اس میں موجود پانچ سو بوری گندم برآمد کرلی ،

پولیس ٹرک ڈرائیور اکرام اللہ ولد جمال الدین سکنہ بستی کچی پائند خان کو موقع سے گرفتارکرلیا ،پولیس نے ڈرائیور کے خلاف دفعہ 188 کے تحت مقدمہ درج کرکے گندم اور ٹرک کو تحویل میں لے لیاہے۔
٭٭٭
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ٹاﺅن پولیس نے علاقہ وانڈا احسام میں کاروائی کے دوران ہوائی فائرنگ کرنے کے الزام میں چار افراد کو گرفتارکرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ،تھانہ ٹاﺅن کی حدود وانڈا احسام میں ہوائی فائرنگ کی اطلاع پر پولیس فوری موقع پر پہنچ گئی

اور ہوائی فائرنگ کے جرم میں چارافراد ناصر ولد جمیل خان ، ہدایت ولد خان ولی ،گل شاہ عالم ولد تاج عالم اور جنید کو گرفتار کرلیا ،پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں حوالات میں بند کردیاہے۔
٭٭٭
 آن لائن 31ویں اکیڈمک کونسل میٹنگ کا انعقاد

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمدکی زیر صدارت آن لائن 31ویں اکیڈمک کونسل میٹنگ کا انعقاد کیا گیا ۔ اس موقع پر تمام شعبہ جات کے ڈین، ڈائریکٹرز، سربراہان آن لائن موجود تھے

جبکہ کورونا وائرس سے بچاﺅ کے حوالے سے ایس او پیز کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے صرف رجسٹرار طارق محمود، کوارڈینیٹڑ گریجویٹ اسٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر نعمت اللہ بابر‘ ڈائریکٹرانسٹیویٹ آف کمپیوٹر اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر ضیاءالدین اور ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی اعجازخان ہمراہ تھے ۔

میٹنگ میں کورونا وائر س کی وجہ سے موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے ”No Student Behind Model“ کو منظور کیا گیا۔ اس ماڈل کو شمالی اور جنوبی وزیرستان کے طلباءکے مسائل کو دیکھتے ہوئے وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے تیار کیا۔

یہ ماڈل امریکی اعلیٰ تعلیم کو دیکھتے ہوئے بنایا گیا ہے جس کا سارا دارومدارنصابی کتابوں پر ہے اس ماڈل کے مطابق طلباءکو پڑھانے میں اساتذہ کے ساتھ ساتھ والدین کو بھی ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ اس بات کا خیال رکھیں کہ ان کے بچے کم سے کم 10گھنٹے روزانہ پڑھائی کریں۔

پڑھائی نہ کرنے کی صورت میں یونیورسٹی کو اطلاع کریں۔ اس ماڈل میں طلباءایک ہفتہ یا 15دنوں کے بعد ایسی جگہ جائیں جہاں ان کو انٹرنیٹ کی سہولت میسر ہو تووہ ایک ہی دن میں اپنے تمام لیکچرز ڈاﺅن لوڈ کر لیں۔

اس ماڈل کے تحت سمسٹر میں طلباءکی کارکردگی کی تشخیص کےلئے صرف آخری امتحان لیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اس ماڈل سے درسی کتاب کی اہمیت اور افادیت طلباءمیںاجاگر ہو گی اور کتاب بینی کو بھی مزید فروغ ملے گا ۔

پاکستان کی دیگر یونیورسٹیاںبھی اس ماڈل سے مستفید ہو کربہترین طریقے سے آن لائن کلاسز کا اجراءکر سکتی ہیں۔میٹنگ میں آن لائن کلاس کی حکمت عملی کو قانونی تحفظ دینے کےلئے باقاعدہ منظوری دیتے ہوئے گومل کلاس روم آپریشن” ایل ایم ایس “کے ساتھ ساتھ زوم اپیلیکیشن ‘ ٹیم اوروائٹ بورڈ سافٹ ویئر زکی بھی منظوری دی گئی ۔

میٹنگ کے دوران گومل یونیورسٹی کی فیکلٹیزکو قانونی تحفظ دینے کےلئے بھی باقاعدہ ایجنڈا آئٹم رکھا گیا جس میں جسٹس (ر) محمد داﺅد خان کی سربراہی میں بنائی گئی کمیٹی کی سفارشات کو باقاعدہ منظور کر لیا گیا اور 31ویںاکیڈمک کونسل کے تمام فیصلوں کو سنڈیکیٹ میںمنظوری کےلئے بھیج دیا گیا۔

وائس چانسلر نے تمام ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ طلباءہمارے بچے ہیں لہٰذا ہمارا مقصدان کو بہترین اور معیاری تعلیم دینا ہونا چاہئے ۔ استاد کا پیشہ پیغمبری پیشہ ہے اور اس پیشہ کی لاج رکھنا ہم سب پر فرض ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ایک مہینہ میں دو اکیڈمک کونسل کروانے پر کوارڈینیٹر گریجویٹ اسٹیڈیز پروفیسرڈاکٹر نعمت اللہ بابر اور ان کی پوری ٹیم مبارک باد کی مستحق ہے کیونکہ ان کی شب و روز محنت کی وجہ سے ایک ماہ میں دوسری کامیاب اکیڈمک کونسل میٹنگ کا انعقاد ہوا۔
٭٭٭
 ٹنل فارمنگ سے کسان اپنی پیداوار دوگنی کر سکتے ہیں

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہا ہے کہ ٹنل فارمنگ سے کسان اپنی پیداوار دوگنی کر سکتے ہیںجبکہ اس ٹیکنالوجی کے باعث کم سے کم پانی استعمال کر کے بے موسمی سبزیاں بھی اگائی جا سکتی ہیں۔

ایک ملاقات کے دوران انہوںنے بتایا کہ ٹنل فارمنگ کے فروغ کیلئے کاشتکاروں ، کسانوں اور زمینداروں کو زرعی تعلیم و تربیت کی فراہمی کی اشد ضرورت ہے کیونکہ اس کے بغیر 100فیصدہدف کا حصول ممکن نہ ہو سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ زراعت کے اشتراک سے تربیتی پروگرام کے اجراء کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیںتاکہ کاشتکاروں کو یہ بتایا جا سکے کہ ٹنل فارمنگ سے کس طرح زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹنل فارمنگ بہترین اور جدید ٹیکنالوجی ہے جس سے پیداوار میں اضافہ ، بے موسمی سبزیوں کے حصول سمیت ایک سیزن سے بھی کم عرصہ میں سرمایہ کاری کے جوابی فائدہ کا حصول ممکن ہے۔

انہوںنے کہا کہ ٹنل سردیوںکے موسم میں بھی گرمیوں جیسا ماحول پیداکرتی ہے جس کی وجہ سے سردیوں کی سبزیاں گرمیوں میں بھی اگائی جا سکتی ہیں۔
٭٭٭
 ترسیلات زرملک بھجوانے کی شرح میں معمولی اضافہ ریکارڈ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زرملک بھجوانے کی شرح میں جاری مالی سال کے دوران معمولی اضافہ ریکارڈکیا گیاہے۔

سٹیٹ بنک کے اعدادوشمارکے مطابق جولائی 2019ء سے لیکر اپریل 2020ءتک کی مدت میں برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے 2.780 ارب ڈالر زرمبادلہ ملک ارسال کیا، یہ شرح گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 0.89 فیصد زیادہ ہے،

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے 2.756 ارب ڈالر کی ترسیلات زرکی تھیں۔اعدادوشمارکے مطابق اپریل 2020ء میں برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے 226.61 ملین ڈالر کازرمبادلہ ملک ارسال کیا،

اپریل 2019ء میں برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے 280.26 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیاگیاتھا۔ واضح رہے کہ جاری مالی سال کے دوران بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زرکی شرح میں گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں مجموعی طور5.51 فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
٭٭٭
ڈیرہ سمیت ملک بھر میں پولیو مہم 30 جون تک معطل رہے گی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کورونا وائرس کے باعث ڈیرہ اسماعیل خان کے علاوہ خیبر پختونخوا سمیت ملک بھربھی پولیو مہم 30 جون تک معطل رہے گی ،سربراہ قومی پولیو مہم پروگرام کے مطابق کیسز رپورٹ ہونے والے علاقوں میں جولائی کے دوران مہم چلائی جائے گی ،

15 جون سے ملک بھر میں کیس ریسپانس مہم کی تیاری شروع کی جائے گی ،انسداد پولیو مہم ملک بھر میں 31 تک معطل تھی ،رواں سال پاکستان میں پچاس کیسز پولیو کے رپورٹ ہوئے ہیں ،جبکہ اس دوران خیبر پختونخوا میں سب سے زیادہ پولیس کے کیسز رونما ہوئے ہیں ،
٭٭٭
چائلڈ پروٹیکشن کورٹس سے جونائل کیسز (جے جے سی) دیگر عدالتوں کو منتقل

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)پشاورہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں تمام صوبے کے چائلڈ پروٹیکشن کورٹس سے جونائل کیسز (جے جے سی) دیگر عدالتوں کو منتقل کیے جارہے ہیں ،پشاور ہائی کورٹ کے آرڈرکے مطابق چائلڈ پروٹیکشن کورٹ صرف کم سن بچوں کے کیسز کی سماعت کرسکتی ہے ،

اس وقت چائلڈ پروٹیکشن کورٹس کے پاس موجود جونائل کیسز کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں منتقل کیاجارہا جوکہ بعدازاں متعلقہ ایڈیشنل سیشن ججز کی عدالتوں میں ٹرائل کے لئے منتقل کیے جائیں گے ،

واضح رہے کہ صوبائی حکومت نے بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے صوبے کے مختلف اضلاع میں چائلڈ پروٹیکشن کورٹس قائم کی ہیں جن میں خیبر پختونخوا چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ او رجونائل جسٹس آرڈیننس کے تحت الگ الگ کیسز کی سماعت کی جاتی تھی

تاہم پشاور ہائی کورٹ کے تین مارچ 2020 کے فیصلے کے مطابق جونائل جسٹس کے کیسز دیگر عدالتوں کو منتقل کیے جارہے ہیں ۔
٭٭٭
 ڈیرہ شہر اور گردونواح میں گرمی کا راج

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ شہر اور گردونواح میں گرمی کا راج ہے جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کے امکانات موجود ہیں ،شہر بھر میں صبح سے لے کر شام پانچ بجے تک موسم شدید گرم رہا ،موسم گرم ہونے کے باعث برف اور ٹھنڈے مشروبات میں مذید اضافہ ہوگیا ،

گزشتہ روز دوپہر کے بعد ڈیرہ کی سڑکیں مزید سنسان ہوکر رہ گئیں جبکہ شہر میں دوروزہ لاک کے باعث شہر کے بازار اور شاہراہیں پہلے ہی سنسان پڑی تھیں ،
٭٭٭
 لونگ مسوڑھوں کی خرابی‘ دانتوں پر جمے میل کو کم کرنے سمیت متعددامراض کا علاج ہے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) لونگ مسوڑھوں کی خرابی‘ دانتوں پر جمے میل کو کم کرنے‘کینسر اورذیابیطس سمیت متعددامراض کا علاج بھی ہے۔ان خیالات کااظہارفزیشن آف ہربل میڈیسن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے بتایا کہ شعبہ صحت کے ماہرین کی جدید تحقیق سے معلوم ہواہے کہ لونگ قدرتی طورپر کئی اہم اجزاءسے مالامال ہے جس میں متعدد امراض کا علاج ہے۔انہوں نے بتایا کہ لونگ اینٹی اکسیڈنٹس سے بھرپورہوتی ہیں‘

اینٹی اکسیڈنٹس خلیاتی سطح پر ٹوٹ پھوٹ اور ڈی این اے کے بگاڑ کو روکتے ہیں‘ لونگ کئی طرح کے سرطائی خلیات کے پھلنے پھولنے کی رفتارکوکم کرتاہے اور بڑی آنت کے سرطان میں بھی لونگ موثر ثابت ہوتاہے۔

انہوں نے بتایا کہ لونگ میں موجود مفید اجزاءپورے جسم اورخصوصاً جگرپرچربی بننے کے عمل کو کم کرتے ہیں۔ ماہرین نے لونگ کے کئی اہم خواص بھی دریافت کئے ہیں جو انسانوں میں شفا کی وجہ بن سکتے ہیں۔
٭٭٭
گلاب کے پودوں کو شدید گرمی سے بچانے کیلئے پانی کی پھوار کا سپرے کریں

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) محکمہ زراعت نے گلاب کے پودوں کو شدید گرمی اور مختلف کیڑوں کے حملے سے بچانے کیلئے 4سی5روزکے وقفہ کے بعد پانی کی پھوار کا سپرے کرنے کی ہدایت کی ہے

اور کہاگیاہے کہ گلاب کے پودوں پر ماہ جون و جولائی کے دوران جوﺅں کا حملہ روکنے کیلئے حفاظتی اقدامات پرسختی سے عملدرآمد کی بھی ضرورت ہے۔

ترجمان محکمہ زراعت نے صحافیوںکو بتایا کہ ماہ جون و جولائی کے دوران موسم گرماکا درجہ حرارت بڑھنے سے گلاب کے پودوں پر جوﺅں کے حملے کا خدشہ رہتاہے جس سے پھولوں کی نشوونما ر±ک جاتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جوﺅں کے حملے سے بچاﺅ کیلئے ضروری ہے کہ گلاب کے پودوں اور پھولوں پر 4 سی5روزکے وقفہ کے بعد پانی کی پھوارکا سپرے کیاجائے۔

انہوں نے بتایا کہ اگر اس دوران کچھ پھول یا شاخیں خشک ہوجائیں تو انہیں کاٹ دیناچاہئیے۔انہوں نے کہا کہ 7دن کے وقفہ سے آبپاشی کا سلسلہ جاری رکھنے کے مفیداثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔
٭٭٭
لہسن کی فصل کو مختلف بیماریوں سے بچانے کیلئے گوڈی اورجڑی بوٹیوں کو تلف کریں

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو لہسن کی فصل کو مختلف بیماریوں سے بچانے کیلئے فوری طورپر تین سے چار مرتبہ گوڈی اورجڑی بوٹیوں کی فوری تلفی کی ہدایت کی ہے اورکہاگیاہے کہ کاشتکار لہسن کی فصل کو مختلف بیماریوں اور کیڑے مکوڑوں کے حملہ سے بچاﺅ کیلئے حفاظتی اقدامات کریں خاص کر جھلساﺅ کی بیماری کے بارے میں کسی غفلت کا مظاہرہ نہ کیاجائے۔

ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ زراعت (توسیع)نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پتوں کے جھلساﺅ کی بیماری کے لہسن کی فصل پرحملہ آور ہونے سے پتے اوپر سے سوکھنے لگتے ہیں جبکہ جوں جوں حملہ شدت اختیار کرتاہے تمام پتے خشک ہوکر چڑمڑ ہوجاتے ہیں اور اس طرح لہسن کی گٹھیوں کا سائز چھوٹا رہ جاتاہے اور فصل کو شدید نقصان کا سامنا کرناپڑتاہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس بیماری کی علامت اگرچہ کورے کے نقصان سے ملتی جلتی ہے لیکن اس بیماری کے جراثیم زیادہ نقصان دہ ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار فصل کو تین سے چار مرتبہ گوڈی ضرورکریں اور جڑی بوٹیوں کو بروقت تلف کرنے میں کسی کوتاہی کا مظاہرہ نہ کیاجائے۔
٭٭٭
بینگن کی پنیری کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لئے اقدامات کی ہدایت

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ترجمان محکمہ زراعت نے بینگن کی پنیری کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی ہے اورکہاہے کہ پنیری کو مختلف بیماریوں کے حملہ کاخدشہ رہتاہے لہذاکاشتکار اس ضمن میں کوئی کوتاہی نہ برتیں اورتنے کے گلاﺅ کے حملہ کی صورت میں فوری تدارکی اقدامات یقینی بنائیں۔

ایک ملاقات کے دوران انہوں نے بتایا کہ بینگن کی پنیری پرابتدائی ایام میں ہی تنے کے گلاﺅکی بیماری کا حملہ ہوسکتاہے جس سے فصل کو شدید نقصان پہنچنے کا احتمال ہوتاہے۔انہوں نے کہا کہ اس بیماری کے جراثیم جڑ سے اوپرزمین کے قریب بینگن کے پودے کے تنے پرحملہ آورہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس بیماری کے نتیجے میں تنے پر ہلکا سیاہ یا بھورانشان پڑ جاتاہے جس پر اگرفوری قابونہ پایا جائے تو یہ تنے کوخشک کرکے پودے کی تباہی کا موجب بھی بن سکتی ہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ کاشتکار پنیری پر خاص نظررکھیں۔
٭٭٭٭٭٭

About The Author