نومبر 25, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

26اپریل2020:آج ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں کیا ہوا؟

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں ،تجزیے اور تبصرے

ڈیرہ اور گردونواح میں بجلی اور سوئی گیس کی بندش شروع ہو گئی

ڈیرہ اسماعیل خان :رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی ڈیرہ اور گردونواح میں بجلی اور سوئی گیس کی بندش شروع ہو گئی جس کے باعث روزہ داروں کو عبادات میں دشواری سمیت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

زرائع کے مطابق رمضان المبارک کی پہلی نماز تراویح کے ساتھ علاقہ بھر میں بجلی کی بندش اور سوئی گیس کے پریشر میں کمی کے ساتھ کئی مقامات پر گیس کی بندش کی شکایات کا سلسلہ چل نکلا۔معلوم ہوا ہے کہ گیس میں کمی اور بندش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایل پی جی ڈیلرز نے گیس کی قیمتوں میں اضافہ کر رکھا ہے۔

اسی طرح رمضان المبارک کے آتے ہی اشیاءخوردونوش اور دیگر اشیاء کی قیمتوں کے نرخ بھی بڑھنے لگے ہیںجن میں کجھور،بیسن،آلو،پیاز،گوشت،اور پھلوں کی قیمتوں کو رات و رات پر لگ گئے۔

ڈیرہ میں پرائس کنٹرول کی ناقص کارکردگی سے دوکاندار اشیاءضروریہ من مرضی کے نرخوں سے فروخت کرنے میں مصروف اور یوٹیلٹی سٹورز پر چینی کی عدم فراہمی جاری ہے۔
٭٭٭
ماہ صیام کی آمد کے ساتھ ہی کھجور کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو گیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ماہ صیام کی آمد کے ساتھ ہی کھجور کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو گیا تفصیلات کے مطابق برکتوں عبادتوں اور رحمتوں کا مہینہ رمضان المبارک کا آغاز ہو گیا، افطار کے وقت کھجور سے روزہ کھولنا ثواب اورسنت ہے روزہ افطار کرنے کے لوازمات میں کھجور لازمی جزو ہے اور کا استعمال سنت بھی ہے

لیکن ماہ رمضان کی آمد کے ساتھ ہی اس کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے دکانداورں نے کہا کہ ایران کے ساتھ تفتان سرحد بند ہونا اسکی ایک بڑی وجہ ہے کرونا وائرس کے پھیلا کوروکنے کیلئے کوئٹہ میں دیگر مارکیٹوں کے ساتھ ساتھ کھجور کی مارکیٹیں بھی بند ہیں

کھجور فروخت کرنے والے دوکانداروں کا مطالبہ ہے کہ ماہ رمضان کی آمد کے موقع پر دکانیں کھولنے کی اجازت دی جائے شہر میں چند ایک تاجروں نے دکانوں کے باہر اسٹال لگائے ہیں جن پر کھجور فی کلو 400 روپے فروخت کی جارہی

شہریوں کا کہنا ہے رواں سال کھجور کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو چکا ہے ،جو کھجور پچھلے سال 200 روپے کلو مل رہی تھی وہی کھجور 400روپے میں دستیاب ہے شہر میں چند دکانوں پر موجود کھجور مہنگی ہونے کے ساتھ غیرمعیاری بھی ہے

تاجروں کا کہنا ہے کہ رواں سال ایران کے ساتھ سرحد بند ہونے کے باعث کھجور درآمد نہیں کی جاسکی، جس کی وجہ سے مارکیٹ میں معیاری کھجور دستیاب نہیں اور اس کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو چکا ہے۔
٭٭٭
پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد کاگومل یونیورسٹی کے سب کیمپس ٹانک کادورہ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) وائس چانسلرگومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد کاگومل یونیورسٹی کے سب کیمپس ٹانک کادورہ کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر فنانس اقبال اعوان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈائریکٹر ٹانک کیمپس احسان اللہ دانش نے ان کا استقبال کیا۔

وائس چانسلر ڈاکٹر افتخاراحمد نے کہاکہ کسی بھی علاقے کی ترقی میں وہاں تعلیمی اداروںکا قیام نہایت ہی اہم کردار ادا کرتاہے ۔ٹانک جیسے پسماندہ علاقے کے لوگوں میں فروغ تعلیم کےلئے سب کیمپس ٹانک کاقیام ایک خوش آئند اقدام ہے

اور کچھ ہی عرصے میںیہاں کے طلباءکی تعداد میں اضافہ ہونا اس بات کا ثمرہے کہ یہاں کے لوگ اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے خواہاںہیں۔انہوں نے کہا کہ اس کیمپس میں جلد از جلد نئے شعبہ جات شروع کئے جائیں تاکہ ٹانک و مضافات کے لوگ اس سے مزید مستفید ہو سکیں ۔

اس موقع پر ڈائریکٹر ٹانک کیمپس احسان اللہ دانش نے وائس چانسلر کو ٹانک کیمپس کا معائنہ کروایا اور ٹانک کیمپس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی۔ڈائریکٹر ٹانک کیمپس نے مزیدکہا کہ سب کیمپس ٹانک کے قیام میںپاک فوج ،پولیس،

ضلعی انتظامیہ ،میڈیا اوراہلیان ٹانک نے اپنا مثبت کردارا دا کرتے ہوئے بھرپور تعاون کیا جس کو وائس چانسلر نے سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین بھی پیش کیا۔
٭٭٭
طلباءاپنے مقالہ جات کا کامیاب دفاع کرکے ڈاکٹوریٹ آف منیجمنٹ سٹڈیز کی ڈگری حاصل کر لی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) گومل یونیورسٹی کے شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن کے طلباءنوید سیف اور عرفان اللہ خان نے پروفیسر ڈاکٹر شادی اللہ خان کی نگرانی میںاپنے مقالہ جات کا کامیاب دفاع کرکے ڈاکٹوریٹ آف منیجمنٹ سٹڈیز کی ڈگری حاصل کر لی۔

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاﺅن کی وجہ سے پورے ملک کی طرح گومل یونیورسٹی میں بھی آن لائن کلاسز کا اجراءکیا جا رہاہے۔اس جدید ٹیکنالوجی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے وائس چانسلر گومل یونیورسٹی کی منظوری کے بعد

شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن کے طلباءنوید سیف اور عرفان اللہ خان نے پروفیسر ڈاکٹر شادی اللہ خان کی نگرانی میںاپنے مقالہ جات کا کامیاب دفاع کر لیا ۔ اس موقع پر بلوچستان یونیورسٹی کوئٹہ کے ڈاکٹر عبدالنعیم جبکہ جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کے ڈاکٹر شاہد طفیل سمیت

گومل یونیورسٹی کی فیکلٹی آرٹس کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر نعمت اللہ بابر، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف پبلک پولٹییکل سائنسز ڈاکٹر ستار او ر پروفیسر ڈاکٹر شادی اللہ خان سمیت شعبہ کے کچھ طلباءبھی آن لائن موجود تھے۔ جہاں نوید سیف اور عرفان اللہ خان نے اپنے اپنے مقالہ جات کا کامیاب دفاع کیا۔
٭٭٭
احساس کفالت پروگرام کے تحت مستحقین کو رقوم کی فراہمی اورسہولیات سے متعلق اجلاس کا انعقاد

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر کی زیر صدارت ضلع بھر میں جاری احساس کفالت پروگرام کے تحت مستحقین کو رقوم کی فراہمی ، اہداف کے حصول اور کفالت سنٹرز پر فراہم کی جانےوالی سہولیات سے متعلق اجلاس کا انعقاد کیا گیا

جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایف اینڈ پی غازی نواز، اسسٹنٹ کمشنرز، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر بی آئی ایس پی عارف خان،محکمہ تعلیم، ٹی ایم اے و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر بی آئی ایس پی عارف خان نے بتایا کہ احساس کفالت پروگرام کے تحت مستحقین کو بروقت امدادی رقوم کی فراہمی کیلئے تمام کاوشیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں۔

مستحقین کو امدادی رقوم کی فراہمی کی پہلی کیٹیگری کے دوران 67ہزار161میں سے 57ہزار645افراد کو رقوم کی ادائیگی کی جا چکی ہے جبکہ 9ہزار516افراد بقایا ہیں۔ اسی طرح کیٹیگری II-میں 18ہزار424افراد کو ادائیگی کی جا چکی ہے

جبکہ کیٹیگری III-سے متعلق حکومتی احکامات کے مطابق اہل افراد کی شمولیت اور شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے نظر ثانی کی جائیگی جس میں تقریباً ایک ہفتے کا وقت درکار ہو گا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے محکمہ کی جانب سے اچھی کارکردگی کو سراہا۔

انہوں نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مستحقین کو رقوم کی ادائیگی میں اہداف کے بروقت حصول کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے متعلقہ محکموں کو بھی ہدایت کی کہ احساس کفالت پروگرام کیلئے مختص سنٹرز پر مستحقین کی سہولیات اور کورونا وائرس کے تدارک کے پیش نظر تمام تر احتیاطی تدابیر بالخصوص سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے جائیں ۔
٭٭٭
سائنسدانوں کی جانب سے مزید تحقیق کے بعد کورونا وائرس سے متعلق نئے انکشافات

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) دنیا بھر کے سائنسدان کورونا وائرس پر دن رات تحقیق کر رہے ہیں،تاحال اس کی ویکسین تیار نہیں کی جا سکی تاہم اس کی علامات بتائی گئی ہیں۔ابتدا میں بتایا گیا کہ کورونا وائرس کی علامات کھانسی،بخار یا نزلہ زکام ہیں۔

اس کے بعد بتایا گیا کہ گر کسی شخص کو بخار اور زکام کیساتھ سانس لینے میں غیر معمولی دشواری کا سامنا ہے، تو یہ وائرس کی علامت ہو سکتی ہے جس کے بعد ڈاکٹرز سے رابطہ یا خود کو قرنطینہ کر لینا چاہیئے۔اس کے بعد یہ بھی بتایا گیا کہ آنکھوں کا سرخ ہونا بھی کرونا وائرس کی علامت ہے۔

کنگز کالج لندن میں کی گئی حالیہ تحقیق کے مطابق سونگھنے اور چکھنے کی صلاحیت سے محرومی کورونا وائرس کی علامت ہو سکتی ہے، کورونا کے مرض کے شکار 59 فیصد افراد سونگھنے اور چکھنے کی صلاحیت سے محروم ہو جاتے ہیں۔

تاہم اب محققین نے کورونا وائرس سے تشویشناک مریضوں کی نئی علامت بتائی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرہ شخص کے پاوں کی انگلیوں میں انفیکشن یا پاو¿ں کی انگلیاں نیلی ہونے کی علامات بھی ظاہر ہوئی ہیں۔

حال ہی میں امریکی ریاست لاس اینجلس میں ایک خاتون پاو¿ں کی انگلیاں نیلی ہونے کے بعد اسپتال پہنچی جہاں ان میں کورونا کی تصدیق ہوئی۔اب امریکن اکیڈمی آف ڈرماٹالوجی کی جانب سے ایک گائیڈ لائن جاری کی گئی ہے

جس کے مطابق انسان کی جلد پر مختلف نشانات ( جیساکہ مکڑی یا کسی کیڑے کے کاٹنے سے ہونے والے زخم ) کا تعلق بھی کرونا وائرس سے ہے۔سائنسدانوں کی جانب سے مزید تحقیق کے بعد کورونا وائرس سے متعلق نئے انکشافات کیے جا رہے ہیں۔

حال ہی میں مہلک وبا کے حوالے سے حیران کن انکشاف سامنے آیا ہے۔سائنسدانوں کے مطابق کورونا وائرس انسان کے دیگر جسمانی اعضائ کی نسبت آنکھ میں طویل عرصے تک زندہ رہ سکتا ہے۔

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ خاتون میں وائرس کی علامات ظاہر ہونے کے بعد 21 دن تک اس کی آنکھوں میں وائرس موجود تھا۔

چین کی 65 سالہ خاتون میں کورونا کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئی تھی لیکن ان میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی اور متاثرہ خاتون کی آنکھوں میں 21 دن تک وائرس موجود تھا۔

اینلز آف انٹرنل میڈیسن میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق کورونا وائرس انسان کی آنکھوں میں دیر تک زندہ رہ سکتا ہے جس سے اس بات کی اہمیت کا اندازہ ہوتا ہے کہ وائرس آنکھ میں ہاتھ لگانے سے بھی پھیل سکتا ہے۔
٭٭٭
ڈی پی او ڈیرہ کی تھانہ صدر میں پولیس اہلکاروں کے ساتھ افطاری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈی پی او ڈیرہ کیپٹن(ر)واحد محمود نے ماہ رمضان کا پہلا روزہ تھانہ صدر میں پولیس جوانوں کے ساتھ افطاری کی۔ ضلعی پولیس سربراہ نے پولیس جوانوں کے ساتھ ایک ہی دسترخوان پر بیٹھ کر روزہ افطار کیا۔

اس موقع پر انہوں نے جوانوں کو پیشہ وارانہ خدمات ایمانداری اور خلوص نیت سے انجام دینے کی تلقین کی۔ پولیس جوانوں کو ہدایات کی گئی کہ وہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینہ میں دوسروں کے حقوق کا خاص خیال رکھتے ہوئے لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کریں۔

اس موقع پر پولیس شہداءکے بلند درجات اور ملکی سلامتی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا مانگی گئی۔ افطار کے موقع پر ڈی پی او کو اپنے درمیان دیکھ کر نہ صرف پولیس اہلکاروں کے حوصلے بڑھ جاتے ہیں بلکہ دوستانہ ماحول میں وہ اپنے مسائل و تجاویز بھی ڈی پی او کے سامنے پیش کرتے ہیں

جس سے پولیس فورس کی نظم و ضبط، چین آف کمانڈ اور معلومات کے تبادلے کے مربوط نظام کو مزید تقویت ملتی ہے اور پیشہ وارانہ پالیسنگ کے مطلوبہ اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
٭٭٭
تیل کی گرتی قیمتوں کے بحران سے بچنے کے لئے سعودی عرب کا اربوں ڈالر قرض لینے کا امکان

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) تیل کی گرتی قیمتوں کے بحران سے بچنے کے لئے سعودی عرب کا اربوں ڈالر قرض لینے کا امکان ،خام تیل کی قیمتوں میں تاریخی کمی کی وجہ سے بجٹ کی کمی کو پورا کرنے کے لئے سعودی حکومت کو رواں سال زیادہ سے زیادہ 58 ارب ڈالر قرض لینا پڑ سکتے ہیں ،

تیل کی گرتی قیمتوں کے بحران سے بچنے کے لئے سعودی عرب کا اربوں ڈالر قرض لینے کا امکان ہے ، خام تیل کی قیمتوں میں تاریخی کمی کی وجہ سے بجٹ کی کمی کو پورا کرنے کے لئے سعودی حکومت کو رواں سال زیادہ سے زیادہ 58 ارب ڈالر قرض لینا پڑ سکتے ہیں۔

روسی خبر رساں ادارے کی جانب سے شائع کردہ رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں

خام تیل کی قیمتوں میں تاریخی کمی کی وجہ سے بجٹ کی کمی کو پورا کرنے کے لئے سعودی عرب کو اس سال زیادہ سے زیادہ 58 ارب ڈالر قرض لینے پڑ سکتے ہیں۔سعودی وزیر خزانہ محمد بن عبد اللہ الجدعان نے اس ہفتے میڈیا کو بتایا کہ

مملکت اس سال 31.88 بلین (120 بلین ریال) قرضے کے پہلے شمارے کے علاوہ 26.57 بلین (100 بلین ریال) مالیت کے بانڈز جاری کرے گی۔میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ سعودی آرامکو اپنے پائپ لائن کاروبار میں حصہ لینے پر 10 بلین ڈالر کی فروخت پر غور کر رہا ہے۔

الجادان نے میڈیا کو بتایا کہ ریاست اپنی تاریخ میں اسی طرح کے بحرانوں سے پہلے بھی کئی بار گزر چکی ہے شاید اس سے بھی بدترحالات کا سامنا کرنا پڑا ہے لیکن وہ ان سے گزرنے میں کامیاب رہی تھی، یہ تاریخ میں پہلی بار نہیں ہورہا۔

واضح رہے گزشتہ دنوں میں امریکی خام تیل کی قیمت منفی 37 ڈالر فی بیرل ہو گئی تھی، طلب اور ذخیرہ کرنے کی گنجائش ختم ہونے سے امریکا میں کاروباری روز کے اختتام پر ڈبلیو ٹی آئی تیل کی قیمت 37 ڈالر 63 سینٹ کی سطح تک چلی گئی تھی۔

تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈبلیو ٹی آئی تیل کی قیمت میں 100 فیصد سے بھی زائد کمی ہوئی، اور یوں فی بیرل قیمت منفی منفی 37 ڈالر 63 سینٹ تک گر گئی۔ امریکی خام تیل کے علاوہ برطانوی خام تیل کی قیمتیں بھی 20 ڈالر فی بیرل کی سطح سے بھی نیچ آ گئی تھیں۔

یہ بحران سعودی عرب اور روس کی جانب سے طلب سے زیادہ تیل نکالنے کے باعث پیدا ہوا ہے۔
٭٭٭
ڈالر کی قدر میں2روپے سے4روپے تک کی نمایاں کمی ریکارڈ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) گذشتہ ایک ہفتے کے دوران انٹر بینک اور مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں2روپے سے4روپے تک کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔فاریکس ایسوسی ایشن کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق

گذشتہ ایک ہفتے کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں2.70روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید 163روپے سے کم ہو کر160.50روپے اور قیمت فروخت163.50روپے سے کم ہو کر160.80روپے ہو گئی

اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں4روپے کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید 162.50روپے سے کم ہو کر158.50روپے اور قیمت فروخت 163.50روپے سے کم ہو کر159.50روپے ہو گئی۔

فاریکس ایسوسی ایشن کے مطابق زیر تبصرہ مدت میں یورو کی قدر میں3روپے کی کمی واقع ہوئی جس سے یورو کی قیمت خرید 170روپے سے گھٹ کر167روپے اور قیمت فروخت172روپے سے گھٹ کر169روپے پر آگئی اسی طرح6روپے کے ریکارڈ کمی سے برطانوی پونڈ کی قیمت خرید 196روپے سے گھٹ کر190روپے

اور قیمت فروخت198روپے سے گھٹ کر192روپے پر آ گئی۔فاریکس رپورٹ کے مطابق ہفتہ کو مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر ،یورو اور برطانوی پونڈ کی قدر میں استحکام دیکھا گیا۔
٭٭٭
احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے سنٹر اتوار اور سوموار کو بند رہیں گے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے سنٹر اتوار اور سوموار کو بند رہیں گے،انتظامیہ احساس کفالت پروگرام کے مطابق احساس کفالت سنٹر بنک کی دو دن کی چھٹی کی وجہ سے بند رہیں گے،

لاک ڈاون کے متاثرین26 اور 27 اپریل کو سنٹرز نہ آئیں،28 اپریل بروز منگل سے امدادی رقم کی ترسیل دوبارہ شروع ہو گی۔
٭٭٭
آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈیرہ اورمضافات میں موسم خشک رہے گا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈیرہ اورمضافات میں موسم خشک رہے گا۔اتوار کے روز ڈیرہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38.7سینٹی گریڈاورکم سے کم 22.6سینٹی گریڈریکارڈکیاگیا۔صبح8بجے ہوامیں نمی کاتناسب 71فیصداورشام 5بجے 34فیصدتھا۔ پیر کے روز ڈیرہ میں طلوع آفتاب صبح 5بجکر34منٹ پراورغروب آفتاب شام 6بجکر54منٹ پرہوگا۔
٭٭٭
ڈیرہ پولیس نے شہر میں چار بجے کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں کاروبار اور تجارتی سرگرمیاں بند کرا دیں

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ پولیس نے کرونا وائرس کے حوالے سے نئی وضع کردہ پالیسی کے تحت چار بجے کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں کاروبار اور تجارتی سرگرمیاں بند کرا دیں، رمضان المبارک کے دوران کرونا وائرس کے مزید پھیلاو¿ کو روکنے کی خاطر

حکومت کی جانب سے وضع کردہ احکامات کو یقینی بنانے کی خاطر ضلع بھر میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر ان کو ٹاسک حوالہ کیا گیا تھا جنہوں نے شہر کے مختلف جگہوں میں دکانوں کو بند کرایا اسی طرح ٹریفک پولیس اہلکاروں نے بھی شہر کے معروف شاہراہوں پر ٹریفک کنٹرول کرنے سمیت

پبلک ٹرانسپورٹ اور روڈ سائیڈ پر کاروبار کرنے والے تاجروں کی کاروباری سرگرمیاں بند کروا دیںیہ امر قابل ذکر ہے کہ مقامی تاجروں اور دکان مالکان نے بھی پولیس اقدامات اور اپیل پر لبیک کہتے ہوئے فوری طور پر حکومتی احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بناتے ہوئے دکانیں بند کیں

اور پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کیااس سے قبل مختلف بازاروں کے صدور اور تاجر راہنماو¿ں سے خصوصی میٹنگز کا انعقاد بھی کیا گیا جس کے دوران کاروباری حضرات کو حکومتی پالیسی سے آگاہ کیا گیا، تاجر راہنماو¿ں نے حکومتی احکامات پر من و عن عمل کرنے

اور چار بجے کے بعد کاروباری سرگرمیاں ترک کرنے کی یقین دہانی کرانے سمیت مناسب فاصلے اور دیگر احتیاطی تدابیر پر بھی عمل کرنے کا عزم دہرایا۔رمضان المبارک میں کرونا وائرس کو پھیلانے سے روکنے کی خاطر حکومت کی جانب سے نئی پالیسی اپنائی گئی ہے جس کے تحت شام چار بجے کے بعد کاروباری سرگرمیوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے
٭٭٭
کورونا کے صحتیاب مریض دوبارہ متاثر ہوسکتے ہیں ،عالمی ادارہ صحت

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ کورونا کے صحتیاب مریض دوبارہ متاثر ہوسکتے ہیں، اس بات کا کوئی ثبوت نہیں کہ جو لوگ صحتیاب ہوگئے ہیں وہ دوبارہ وائرس سے متاثر نہیں ہوسکتے۔

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے اپنے ٹویٹ میں تمام دنیا کے تمام ممالک کو خبردار کیا ہے کہ ابھی تحقیق سے ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ کورونا وائرس کے صحت یاب مریض دوبارہ متاثر نہیں ہوسکتے، کہا جاتا ہے کہ کورونا کے صحتیاب مریضوں کے جسم میں موجود اینٹی باڈیز بہت زیادہ ہوجاتے ہیں جو انہیں دوبارہ انفیکشن سے بچا سکتے ہیں۔

لیکن ابھی 24 اپریل 2020ء تک کی جانے والی تحقیقات کے جائزوں میں اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ سارس اور کورونا وائرس کے اینٹی باڈیز کی موجودگی انسانوں میں کورونا وائرس انفیکشن سے محفوظ بنا دیتی ہے۔

یاد رہے پاکستان سمیت صحت مریضوں سے متعلق خیال کیا جاتا ہے کہ وائرس اب ان پر حملہ آور نہیں ہوسکتا، کیونکہ ان میں موجود اینٹی باڈیز وائرس سے محفوظ رکھتی ہیں۔جس کے باعث صحتیاب کورونا کے مریضوں کو تصدیق شدہ دستاویزات ہیں کہ ان میں وافر مقدار میں ایٹنی باڈیز موجود ہیں

اور وائرس ان پر قطعی طور پر حملہ آور نہیں ہوسکتا۔ جس کے باعث ایسے تمام لوگ پبلک ہیلتھ ایڈوائس کو نظر انداز کردیتے ہیں۔ جس سے لوکل ٹرانسمیشن کے امکانات دگنا ہوجاتے ہیں۔ لہذا دنیا کو خبردار کیا جاتا ہے کہ سائنسی تحقیق میں ابھی ایسی کوئی بات سامنے نہیں آئی ہے۔

اس حوالے سے تجربات ابھی جاری ہیں۔ دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 28 لاکھ 31 ہزار 513 ہو چکی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 1 لاکھ 97 ہزار 297 ہو گئیں۔ امریکی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 18 لاکھ 27 ہزار 322 مریض اب بھی ہسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں،

جن میں سے 58 ہزار 524 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 8 لاکھ 6 ہزار 894 مریض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اس بیماری سے نجات پا کر ہسپتالوں سے اپنے گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔

امریکا کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔
٭٭٭
قصابوں نے گوشت کے نرخوں میں خود ساختہ اضافہ کر دیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) رمضان المبارک شروع ہوتے ہی قصابوں نے گوشت کے نرخوں میں خود ساختہ اضافہ کر دیا ہے۔شہریوں نے اس حوالہ سے صحافیوں کو بتایا کہ گوشت کا سرکاری نرخ 400 روپے مقرر ہے

جبکہ قصاب 500 روپے کلو فروخت کر رہے ہیں۔ چھوٹے گوشت کا نرخ 775 روپے کلو مقرر ہے۔ چھوٹا گوشت 1100 روپے کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔

عوامی حلقوں نے ضلعی ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سرکاری طور پر مقررہ نرخوں سے تجاوز کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل لائیں۔
٭٭٭
ڈیرہ اسماعیل خان ( چیف رپورٹر)عالمی صرافہ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں کمی کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونا سستا ہو گیا۔آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق ہفتہ کو عالمی صرافہ مارکیٹ میں 1ڈالر کی کمی سے فی اونس سونے کی قیمت1733ڈالر ہو گئی

جس کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونا200روپے سستا ہو کر97ہزار روپے کا ہو گیا اسی طرح 171روپے کی کمی سے دس گرام سونے کی قیمت 83ہزار162روپے ہو گئی۔
٭٭٭
آلودگی اور شور میں کمی کے ساتھ ہی غائب ہونے والے بیشتر اقسام کے پرندے شہر میں دوبارہ آباد ہونا شروع

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) لاک ڈاﺅن کے باعث آلودگی اور شور میں کمی کے ساتھ ہی غائب ہونے والے بیشتر اقسام کے پرندے شہر میں دوبارہ آباد ہونا شروع ہو گئے ہیں آلودگی کم ہونے سے شہر وں کو طویل عرصے سے پہلے خیر باد کہنے والے متعد د خوبصورت پرندے پھر سے دکھائی دینے لگے ہیں

پارکوں کے علاوہ مختلف مقامات پر واقع درخت بھی خوبصورت پرندوں کا مسکن بننے لگا ہے شہر سے ہدہد، بلبل ، فاختہ ، بھور چڑیا ، لال چونچ والی چڑیا ، مختلف اقسام کے طوطے سمیت دیگر قسم کے خوبصورت پرندے کثرت سے دکھائی دیتے ہیں

ماہرین کے مطابق پھولوں کے شہر ، درختوں کے کثرت کے باعث یہاں پر پرندوں کو رہائش کے ساتھ خوراک بھی آسانی سے دستیاب ہوتی تھی تاہم درختوں کی کٹائی ، آبادی کے بے ہنگم پھیلاﺅ اور انتہائی آلودہ فضاء کے باعث پرندوں کی بڑی تعدا د بتدریج

ڈیرہ کے مختلف علاقوں سے دوسرے علاقوں میں منتقل ہو گئے تاہم لاک ڈاﺅن کے باعث آلودگی ختم ہونے سے پرندوں نے ایک بار ڈیرہ کا رخ کیا ہے
٭٭٭
صوبے کے نو اضلاع کو حساس اور حساس ترین قرار دیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) مون سون میں شدید بارشوں اور سیلاب کے خطرات کے پیش نظرڈیرہ ، پشاور ، چترال ، نوشہرہ ، سوات ، چارسدہ سمیت صوبے کے نو اضلاع کو حساس اور حساس ترین قرار دیا جا رہاہے مون سون میں شدید بارشوں اور سیلاب کے خطرات کے پیش نظر اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں

صوبے کے مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ ڈیپارٹمنٹس سے اس سلسلے میں رپورٹس طلب کی گئی ہیں کہ کس کس ضلع میں کیا کیا اقدامات مزید کئے جائیں اور اب تک کئے جانے والے اقدامات سے صوبائی حکومت کو آگاہ کیاجائے

ذرائع نے بتایا ہے کہ مون سون میں شدید بارشوں اور سیلاب کے خطرات کے پیش نظر ابھی سے اقدامات شروع کردیئے ہیں تاکہ بروقت اقدامات ہو سکے اور جانی اور مالی نقصانات کم از کم ہو۔

آئندہ گرمی کے سیزن میں چترال ، مالاکنڈ ڈویڑن کے پہاڑوں پر برف کے پگھلنے سے دریاﺅں میں طغیانی آنے اور پانی کے بہاﺅ میں اضافہ کے امکانات بھی ہیں کرونا وائرس کے باعث عام تعطیلات سے اس ضمن میں کئے جانے والے اقدامات جزوی طور پر بند پڑے گئے ہیں۔
٭٭٭
کالعدم تنظیموں کے رمضان المبارک میں چندہ اکٹھا کرنے پر پابندی عائد

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) وفاق کی ہدایات کی روشنی میں صوبائی حکومت نے 79کالعدم تنظیموں کے رمضان المبارک میں چندہ اکٹھا کرنے پر پابندی عائدکر دی ہے خیبر پختونخوا حکومت نے 79کالعدم تنظیموں کی تفصیلات تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ارسال کردی ہے قبا

ئلی اضلاع سمیت صوبے کے بعض کالعدم تنظیم بھی اس میں شامل ہیں 79کالعدم تنظیموں کی تفصیلات وزارت داخلہ کی جانب سے چاروں صوبائی حکومتوں کو ارسال کی گئی ہیں مختلف کالعدم تنظیموں کے رمضان المبارک میں چندہ اکھٹا کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہیں

اور ان تنظیموں کی جانب سے چندہ اکٹھا کرنے پر ان کے خلاف قانون کے تحت کاروائی کی ہدایات کی ہے۔جبکہ مختلف عبادت گاہوں کی انتظامیہ کو بھی اس سلسلے میں آگاہ کیا ہے کہ وہ مساجدوں میں انہیں آنے کی اجازت نہ دیا جائے۔

قانون نافذکرنے والے اداروں کو ہدایات کی ہے کہ وہ ان کی نگرانی کرے
٭٭٭
لاک ڈاﺅن کے دوران مہنگائی،بے روزگاری اور دیگر معاشرتی مسائل نے شہریوں کو ذہنی مریض بنا کر رکھ دیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ اسماعیل خان سمیت صوبہ بھر میں لاک ڈاﺅن کے دوران مہنگائی،بے روزگاری اور دیگر معاشرتی مسائل نے شہریوں کو ذہنی مریض بنا کر رکھ دیا ہے ،گلیو ں محلوں میں معمولی بات پر ایک دوسرے سے گلو گیر ہونے کے واقعات میں تیزی سے اضافہ باعث تشویش بنتا جا رہا ہے ،

لوگوں کا آپس میں توں تکرار کے بعد ہاتھا پائی کرنا معمول بن چکا ہے ،جس کے بعد پولیس آتی اور فریقین میں سے جو ہاتھ لگتا اسے تھانے لے جاتی ہے بعدازاں معززین کی مداخلت پر صلح ہو جاتی ہے اور لڑائی جھگڑا کرنے والوں کو بھی تھانے میں جا کر ہی عقل آتی ہے ،

مگر لوگوں کے وقتی طور پر طیش میں آنے سے پولیس کی کارکردگی بھی متاثر ہورہی ہے ،ماہر نفسیات کا کہنا ہے کہ موجودہ مسائل میں بالخصوص متوسط طبقے میں برداشت کی قوت کم ہوتی جا رہی ہے۔
٭٭٭
تعمیراتی صنعت کھولنے کے اعلان کے بعد سیمنٹ مافیا متحرک ہوگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) وزیراعظم عمران خان کی طرف سے تعمیراتی صنعت کھولنے کے اعلان کے بعد سیمنٹ مافیا متحرک ہوگیا اور بعض سمینٹ فیکٹری مالکان نے اچانک قیمتیں بڑھا دی ہیں جس کا وزیراعظم نے سخت نوٹس لیا ہے اور قیمت بڑھانے والی سیمنٹ فیکٹریوں کے مالکان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس معاملے پروزیراعظم نے متعلقہ وزارت سے تفصیلی رپورٹ مانگ لی ہے۔وزیراعظم نے سیمنٹ انڈسٹری کو ماضی میں دی جانے والی غیر ضروری مراعات اور ٹیکس چھوٹ کی تفصیل بھی طلب کر لی۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ سیمنٹ مافیا بارے انکوائری کی جائے تو یہ آٹا چینی اور آئی پی پیز سے بھی بڑا سکینڈل بنے گا۔
٭٭٭
خواتین سے ریپ اور زبردستی زیادتی کیسز میں میڈیکل ٹیسٹ کا موجود رائج طریقہ کار ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) خواتین سے ریپ اور زبردستی زیادتی کیسز میں میڈیکل ٹیسٹ کا موجود رائج طریقہ کار لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔درخواست گذار خاتون نے ریپ اور زیادتی کے کیسز میڈیکو لیگل طریقہ کار کو چیلنج کرتے ہوئی درخواست میں

وفاقی و صوبائی حکومت، میڈیکو لیگل سرجن پنجاب، آئی جی پنجاب سمیت دیگر کو فریق بنایا ہے اور موقف اختیار کیا ہے کہ جنسی تشدد اور ریپ کیسز میں متاثرہ خواتین اور بچیوں کا چیک اپ انتہائی بیہودہ انداز سے کیا جاتا ہے،

جبکہ جدید ٹیکنیکس اور سائنسی اختراعات کے باوجود بے ہودہ اور پرانا ٹیسٹ کا طریقہ رائج ہے، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئین کا آرٹیکل 14 تمام شہریوں کے ذہنی و جسمانی تحفظ کی ضمانت دیتا ہے، اور ملک کی اعلیٰ عدالتیں بھی اس ٹیسٹ کے نتائج پر انحصار نہیں کرتیں،

اس رائج میڈیکو لیگل ٹیسٹ کی وجہ سے متاثرہ کو عدالت میں اور معاشرے میں عجیب نظروں سے دیکھا جاتا ہے،جنسی زیادتی کیسز میں مروجہ میڈیکولیگل کے طریقہ کار جنسی زیادتی کی شکار خواتین اور بچیوں سے دوبارہ وہی مکروہ عمل دہرانے کے مترادف ہے،

جبکہ متاثرہ خاتون کا موجودہ کیس میں ٹیسٹ کرنے کی بجائے اس کے ماضی کے بارے میں ریمارکس دینا توہین آمیز عمل ہے، درخواست گزار نے کہا ہے کہ جنسی زیادتی کیسز کے میڈیکولیگل مروجہ طریقہ کار کی تصدیق کسی بھی قانون سے نہیں ہوتی،

جنسی زیادتی کیسز میں مروجہ میڈیکولیگل طریقہ کار آئین کے آرٹیکل 9 کیخلاف ہے،لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ جنسی زیادتی کیسز میں مروجہ میڈیکولیگل طریقہ کار استعمال کرنے سے روکا جائے،۔
٭٭٭
معزور افراد کے کورونا وائرس سے بچاوکے حوالے سے سوشل میڈیا اکاﺅنٹ پر گائیڈ لائنز جاری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) وزارت انسانی حقوق نے معزور افراد کو کورونا وائرس سے بچاو کے حوالے سے اپنے سوشل میڈیا اکاﺅنٹ پر گائیڈ لائنز جاری کردیں۔ وزارت انسانی حقوق کی طرف سے جاری بیان کے مطابق کویڈ19 کے دوران معزور افراد کو خصوصی توجہ کی ضرورت ہے

اس لئے ضروری ہے کہ ایسی مددگار اشیاء جن میں جو عوامی مقامات پر استعمال کی جاتی ھیں جن میں سفید چھڑی،وہیل چیئر، منتقلی بورڈ وغیرہ شامل ہے انھیں جراثیم کش ادویات سے صاف کیا جائے۔اس کے علاوہ اگر آپ دیکھ بھال کیلئے معزور افراد کسی پہ انحصار کرتے ہیں تو انکے نہ پہنچنے یا بیمار ھونے کی صورت میں کوئی متبادل ھونا چاہئے۔گائیڈ لائینز کے مطابق معزور افراد اس بات کو یقینی بنائیں کہ جن لوگوں پر آپ دیکھ بھال کیلئے انحصار کرتے ہیں

ان کو آپ کے بارے میں درست معلومات ہوں ،اس علاوہ معزور بچوں کو ٹیلیفون کالز، ٹیکسٹ میسج اور سوشل میڈیا کے استعمال میں کھیلنے ، پڑھنے اور دوستوں سے بات چیت رکھنے کی تر غیب دیں۔یہ گائیڈ لائنز وزارت انسانی حقوق کے سوشل میڈیا اکاونٹ پر بھی جاری کردی گئی ہیں۔
٭٭٭
منافع خوروں نے اشیاء خوردنوش سمیت سبزیوں اور فروٹ کی قیمتوں میں اضافہ کردیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی منافع خوروں نے اشیاء خوردنوش سمیت سبزیوں اور فروٹ کی قیمتوں میں اضافہ کردیا،غریبوں سمیت متوسط طبقے کے لوگ شدید پریشان، ڈپٹی کمشنرڈیرہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ،

افطاری کے دستر خوان کی زینت سموسے اور پکوڑے،،اور ان کی تیاری کے لئے ٹماٹر پیاز آلو ہری مرچ لیموں جیسی بنیادی چیزوں کی ضرورت ہوتی ہے،سرکاری دعوو¿ں کے مطابق رمضان المبارک سے قبل اشیاءکی قیمت میں کمی کے اعلانات کئے گئے اور پرائس کنٹرول کمیٹیاں قائم کی گئی

لیکن منافع خوروں نے سرکاری احکامات ہوا میں اڑا کر اشیاءخوردنوش فروٹ، سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ کر کے اس بابرکت مہینے میں متوسط طبقے کے دسترخوان کو مزید تنگ کر دیا ہے۔مہنگائی پرشہریوں کا کہنا ہے کہ ہر ملک میں مخصوص تہواروں پر حکومت کی جانب سے عوام کو ہر چیز پر ریلیف دیا جاتا ہے

لیکن پاکستان جیسے مسلم ملک میں ہر چیز کی قیمتیں ڈبل کر کے عوام کے صبر کا مزید امتحان لیا جاتا ہے شہریوں نے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ سمیت دیگر افسران سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
٭٭٭
شہریوں کی کورونا وائرس سے نجات اور ملک و قوم کی ترقی، سلامتی اور خوشحالی کے لئے دعائیں

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ اسماعیل خان میں ملک کے دیگر شہروں کی طرح روزہ کے سحر وافطار کے اوقات میں شہریوں نے کورونا وائرس سے نجات اور ملک و قوم کی ترقی، سلامتی اور خوشحالی کے لئے دعائیں مانگیں،

پہلی بار روزہ رکھنے کی سعادت حاصل کرنے والے ننھے منے بچوں نے بھی دعا کے لئے ہاتھ اٹھائے، پہلے روزے کو روزہ داروں نے اللہ تعالیٰ کے حضور گڑگڑا کر دعائیں کیں اور سجدہ ریز ہوئی- بچوں کے پہلے روزہ کی روزہ کشائی کے موقع پر لوگ اپنے عزیز واقارب کو مدعو کرتے ہیں لیکن

کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر اور حکومت کی طرف سے اعلان کردہ احتیاطی تدابیر کو اختیار کرتے ہوئے لوگوں نے کسی کو گھر پر مدعو نہیں کیا تاہم غرباءاور مساکین میں عطیات تقسیم کرنے پر اکتفا کیا، سحر وافطار کے موقع پر وباء سے نجات کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
٭٭٭٭٭
شہر بھر میں فلیگ مارچ کا انعقاد کیا گیا

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)کرونا وائرس پھیلنے کے پیش نظر صوبائی حکومت کے طرف سے جاری کردہ اعلامیہ کی روشنی میں

ضلعی پولیس سربراہ کیپٹن(ر)واحد محمود، ڈپٹی کمشنر عمیر خان اور پارک آرمی کے ساتھ فلیگ مارچ کا انعقاد کیا گیا۔

فلیگ مارچ کرونا وائر س کی روک تھام کے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے کیا گیا۔ فلیگ مارچ کے دوران حکومت کی طرف سے جاری کردہ احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بنایا گیا۔

شہریوں کو اپنے گھروں میں رہنے اور غیر ضروری میل جول سے گریز کرنے کی کی تاکید کی گئی۔

عوام الناس کو آگاہ کیا گیا کہ ہر قسم کی دوکانیں ماسوائے میڈیکل سٹور شام04:00بجے کے بعد مکمل طور پر بند ہونگے۔

بازار میں آتے وقت ہر شخص اس بات کو یقینی بنائے کہ ماسک پہنا ہوا ہو۔ سماجی فاصلوں کو ہر ممکن صورت میں برقرار رکھیں۔

جبکہ بالا ضرورت بازاروں میں ہجوم بنانے پر پابندی عائدہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

About The Author