نومبر 5, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے تمام اضلاع میں قرنطینہ قائم کرنے کی ہدایت کردی

زائرین کے خون کے نمونے وزیراعلی کے ہیلی کاپٹر میں کراچی پہنچائے جائیں گے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو پینتیس فیلڈ اسپتال تیار رکھنے کی ہدایت جاری

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا وائرس پر ٹاسک فورس کا 17واں اجلاس ہوا۔

کوئٹہ سے سکھر پہنچنے والے زائرین پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ہر ضلع میں قرنطینہ بنانے کی ہدایت کردی ۔

وزیراعلیٰ نے اپنا ہیلی کاپٹر فوری طور پر سکھر روانہ کردیا،،جو تفتان سے سکھر پہنچنے والے زائرین کے خون کے نمونے کراچی پہنچائے گا۔

صوبائی حکومت نے ڈبلیو ایچ او، آغا خان اور انڈس اسپتال کی خصوصی ٹیمیں بھی سکھر بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلی نے کہا کہ ٹیموں کو فوری طور پر حکومت سندھ کے جیٹ جہاز میں روانہ کیا جائے۔ ساتھ ہی 300 ٹیسٹنگ کٹس بھی بھجوائی جائیں ۔نمونے جمع کرنے کے لئے ڈاکٹرز اور تربیت یافتہ عملہ سکھر میں تعینات کیا گیا ہے۔

آغا خان،انڈس اور اوجھا اسپتال میں سو ،،سو نمونوں کو ٹیسٹ کیا جائے گا۔ وزیراعلی نے کہا کہ اب تک 289 زائرین کوئٹہ سے سکھر پہنچے ہیں، مزید 853 پہنچ رہے ہیں ۔

آج پہنچنے والے زائرین کے ٹیسٹ شروع کردیں۔ سندھ میں کل 15 کیسز ہیں ۔ان میں ایک کیس مقامی ٹرانسمیشن کا ہے۔

ہمیں وائرس کی لوکل ٹرانسمیشن کو روکنا ہے تاکہ کوئی بڑا نقصان نہ ہو۔ اس سلسلے میں ہر شہری کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

وزیراعلی نے پروینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اجلاس کی صدارت بھی کی۔ وزیر اعلی نے اتھارٹی حکام کو 35 فیلڈ اسپتال تیار رکھنے کی ہدایت کردی کہا کہ کہیں بھی لاک ڈاؤن کی صورت میں شہریوں کو خشک اجناس اور ضروری ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

پی ڈی ایم اے حکام نے بتایا کہ آپریشن سینٹر قائم کردیا گیا ہے۔ لاک ڈاؤن کی صورت میں سب سے پہلے فیلڈ اسپتال قائم کیا جائے گا۔

شہریوں کا ڈیٹا جمع کر کے ان تک ڈاکٹرز اور ادویات اور خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

About The Author