نومبر 24, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

بچوں کو ذہنی اور جنسی تشدد سے محفوظ رکھنے کیلئےآگاہی مہم

لودھراں:بچوں کو ذہنی جسمانی اور جنسی تشدد سے محفوظ رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ بچوں پر جنسی تشدد کرنے والوں کو حکومت نشان عبرت بنا دے گی۔

ہم تعلیمی اداروں کے ذریعے بچوں میں ذہنی جسمانی اور جنسی تشدد کے خلاف آگاہی مہم چلا کر قومی فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر شیخ نیک محمد نے خواتین اور بچوں کے حقوق کیلئے کام کرنیوالی سماجی تنظیم بیداری کے زیراہتمام گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول ٹھٹھی سمیجہ میں ذہنی، جسمانی اور جنسی تشدد کے خلاف منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سکول کے طلبہ و طالبات سے مکالمہ بھی کیا اور انہیں آسان پیرائے میں سمجھایا کہ آپ کا جسم صرف آپ کا ہے جس پر صرف آپ کا حق ہے۔

انہوں نے گڈ ٹچ اور بیڈ ٹچ پر بھی روشنی ڈالی۔ سینئر کالم نگار اور ہیڈماسٹرراؤ رفیق نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم اپنے طلباءطالبات کو ہر روز صبوحی پروگرام میں جنسی تشدد کے خلاف آگاہی دلاتے ہیں ذہنی و جسمانی تشدد ایک قومی جرم ہے جس کا خاتمہ اساتذہ کی کاوشوں سے یقینی بنایاجاسکتاہے۔

بیداری تنظیم کے ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر ملک عرفان اعوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ذہنی جسمانی اور جنسی تشدد کے بڑھتے ہوئے رجحانات اخلاقی پستی کے آئینہ دار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بیداری لودہراں میں ڈسٹرکٹ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر تعلیمی اداروں کے طلبا و طالبات کو خاص طور پر ذہنی ، جسمانی اور جنسی تشدد بارے آگاہی دے رہی ہے۔

تقریب سے رانا محمد ظاہر ،جمیل احمد بھٹی ،مہرغلام یٰسین، مہر ثاقب نذیر، ڈاکٹر سہیل رشید بھٹی ،چودھری عارف محمود اور میاں محمد سلیم نے بھی خطاب کیا ۔

اسکول کے طلبہ و طالبات محمدافضال، حسنین تسلیم اور علی اصغرنے بھی ذہنی ،جسمانی اور جنسی تشدد کے خلاف تقاریر کیں۔

بعد ازاں سکول کے طلبہ و طالبات ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر شیخ نیک محمد کی قیادت میں اساتذہ اور عمائدین کے ہمراہ سکول داخلہ مہم واک میں شریک ہوئے ۔

یہ واک گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول ٹھٹھی سمیجہ سے بستی کی مین شاہراہ سے ہوتی ہوئی واپس گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول ٹھٹھی سمیجہ پر اختتام پذیر ہوئی۔

About The Author