نومبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

27 فروری 2020:آج ضلع ڈیرہ غازی خان میں کیا ہوا؟

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ غازی خان اور تونسہ شریف سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلے

ڈیرہ غازیخان ():ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان طاہر فاروق نے رجسٹری برانچ سمیت ریونیو کے مختلف شعبوں کا اچانک معائنہ کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سمیع اللہ فاروق،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس و پلاننگ عبدالغفار،ایکسئین بلڈنگز ہمایوں مسرور اور دیگر افسران ہمراہ تھے ڈپٹی کمشنر نے رجسٹری برانچ،سب رجسٹرار آفس،اسسٹنٹ کمشنر آفس،بلوچ لیوی لائنز،محافظ خانہ سمیت دیگر شعبوں میں افسران و ملازمین کی حاضری چیک کرنے کے ساتھ شعبوں کی بہتری کے کام کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے عمارتوں کی بحالی اور ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل کی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے کہا کہ مٹیریل کے معیار پر ہر گز سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔

ڈیرہ غازیخان ():وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تونسہ میں پولیو کیس رپورٹ ہونے پر کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اور سیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کر لی. وزیر اعلی نے کہاکہ ڈیرہ غازی خان کے بعد تونسہ میں پولیو کیس کا سامنے آنے پر سخت تشویش ہے انسداد پولیو کے لئے موثر عملی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکموں اور اداروں کو نتیجہ خیز اقدامات کرنا ہوں گے۔

ڈیرہ غازیخان (): رکن صوبائی اسمبلی ڈیرہ غازیخان ڈاکٹر شاہینہ نجیب کھوسہ نے کہا ہے کہ محنت ہی کامیابی کا زینہ ہے۔شارٹ کٹ کوئی حل نہیں ہے۔تعلیمی اداروں میں بچیوں کی تعلیم کے ساتھ کردار سازی پر توجہ دی جائے۔ انہوں نے یہ بات سنٹرز آف ایکسی لینس سنٹرل ماڈل سکول ڈیرہ غازی خان کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی. انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت شعبہ تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے. پرنسپل ادارہ شبانہ آفرین نے کہا کہ 1300 طالبات کے ساتھ سنٹرل ماڈل تمام سنٹرز آف ایکسی لینس میں نمایاں مقام رکھتاہے۔ادارہ کی بچیوں نے نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ کلاس ہشتم کا رزلٹ 89 اور کلاس ششم کا نتیجہ 93 فیصد رہا جس میں طالبات کے ساتھ اساتذہ کی محنت شامل ہے اور تمام مبارکباد کے مستحق ہیں۔اس موقع پر مہمان خصوصی ایم پی اے ڈاکٹر شاہینہ نجیب کھوسہ،پرنسپل شبانہ آفرین،سابق پرنسپل شاہینہ محبوب،بورڈ آف گورنرز کے رکن پروفیسر سجاد حسین نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات اور بہتر کارکردگی کی حامل اساتذہ میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے۔تقریب میں ارشاد چنگوانی،اساتذہ،طالبات اور مائیں موجود تھیں.

ڈیرہ غازیخان ():وزیر مملکت برائے موسمیات زرتاج گل وزیر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام کو معیاری تفریح فراہم کرنے کے اقدامات کرتی ہے۔عوام کی خوشیاں عزیز ہیں۔گھٹن کے ماحول میں میلہ کے مواقع تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہو تے ہیں.انہوں نے یہ بات میلہ مویشیاں کے تیسرے روز کی تقریبات کا افتتاح کرنے کے موقع پر کہی۔ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس و پلاننگ عبدالغفار،ایم ڈی کیٹل مارکیٹ منیجمنٹ کمپنی محمد یونس کھتران اور دیگر موجود تھے. زرتاج گل وزیر نے کہا کہ میلہ کے انتظامات اور ایونٹس دیکھ کر خوشی ہوئی۔قبل ازیں گھوڑوں پر سوار چاق و چوبند دستے نے وزیر مملکت زرتاج گل، ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق اوردیگر کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ڈپٹی کمشنر نے میلہ کے ایونٹس اور انتظامات کے بارے میں بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر ڈیرہ غازی خان میں سات روزہ میلہ مویشیاں جاری ہے جس پالتو جانور اورمویشیوں کی خرید و فروخت کے ساتھ معاشی سرگرمیو ں کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں. پانچ سال بعد میلہ کا انعقاد کیاگیا ہے اور خلاف توقع عوام کی کثیر تعداد میلے کا رخ کر رہی ہے. اس موقع پر میلہ کے ایونٹس منتظمین اور دیگر میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے.

ڈیرہ غازیخان ():ضلع ڈیرہ غازی خان کے شہریوں کے بلاک کئے گئے مزید 11 شناختی کارڈ کلیئر کرنے کا فیصلہ کیا گیا یہ فیصلہ حکومت کی طرف سے تشکیل کردہ کمیٹی نے کیا جس کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حسنین خالد سنپال کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بلاک کئے گئے شناختی کارڈ کے حامل مرد و خواتین نادرا کے زونل آفس خیابان سرور میں ڈپٹی ڈائریکٹر نادرا سے رجوع کریں تاکہ ان کے کیسز کمیٹی کے روبرو پیش کرکے سماعت کی جاسکے.نادرا کے نمائندے محمد اکبر کھوسہ نے بتایا کہ محکمہ داخلہ اور نادرا کی طرف سے جعلسازی اور مشکوک دستاویزات کی رپورٹ پر ضلع کے شہریوں کے 784 شناختی کارڈ بلاک کئے گئے تھے اور متعلقہ شہریوں کو موقع فراہم کیا گیا کہ وہ کمیٹی کے سامنے پیش ہوکر ثبوت فراہم کریں۔مختلف محکموں کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی نے کیسز کی سماعت اور شہریت کی تصدیق کے بعد 12 میں 11 شناختی کارڈ کلئیر کردئیے جنہیں نادرا کی طرف سے استعمال کی اجازت دی جائے گی۔کمیٹی نے مجموعی طور پر 38 کیس کلئیر کردئیے ہیں۔ اس موقع پر کمیٹی کے دیگر اراکین اور شناختی کارڈ ہولڈر موجود تھے.

ڈیرہ غازیخان ():کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن نسیم صادق نے کہا ہے کہ حضرت سخی سرور ؒ کے عرس پر زائرین کی سہولت کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں. راستے بند کرنا سکیورٹی کا حل نہیں. پولیس اور بی ایم پی مل کر سکیورٹی انتظامات بہتر کریں. انہوں نے یہ بات ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان طاہر فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے کہی. انہوں نے کہاکہ اولیاء اللہ نے دین اسلام کی سربلندی اور پھیلاؤ کیلئے کردارادا کیا. اولیاء اللہ کی تعلیمات پر عمل کر تے ہوئے کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے. حضرت سلطان المعروف سخی سرور ؒ کے عرس پر ملک بھر سے زائرین کی کثیر تعداد رخ کرتی ہے سکیورٹی کے نام پر زائرین کو تنگ او رپریشان کا سلسلہ ختم ہونا چاہیئے اور ا س سلسلے میں ڈپٹی کمشنر سخی سرور دربار کے ممکنہ روٹس کا معائنہ کر کے لائحہ عمل اور سفارشات مرتب کریں. ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے بتایاکہ عرس کی تقریبات 15مارچ سے شروع ہو ں گی اور 15اپریل تک جاری رہیں گی. زائرین کی سہولت کیلئے ہرممکن اقدامات یقینی بنائے جائیں گے.

ڈیرہ غازیخان (): حکومت نے اسلحہ لائسنس کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کی تاریخ میں 31مئی تک توسیع کر دی ہے. ڈپٹی کمشنر آفس کی طرف سے جاری مراسلہ کے مطابق ڈی سی آفس سے جاری مینوئل اسلحہ لائسنس ہولڈرز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ لائسنس کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کیلئے نادرا رجسٹریشن سنٹر کے انچارج اسلحہ لائسنس سے رجوع کریں مقررہ تاریخ تک کمپیوٹرائزڈ نہ کرانے والوں کے اسلحہ لائسنس منسوخ تصور ہوں گے.

ڈیرہ غازیخان (): ڈی ایس پی ٹریفک ڈیرہ غازیخان کی ہدایت پر ٹریفک پولیس کے موبائل ایجوکیشن یونٹ نے انچارج سمیع اللہ اور لیاقت علی کے ہمراہ چودھری ٹرانسپورٹ سروس لاری اڈہ پر ڈرائیوروں غلام صفدر، محمد زبیر، عاشق حسین، امام علی، عمران وسیم اور دیگر کو ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہی دی. انچارج نے کہاکہ تیز رفتاری، او ور لوڈنگ اور دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال سے اجتناب کیا جائے. غلط اوورٹیکنگ او رلین و لائن کی خلاف ورزی ٹریفک حادثات کا موجب بن سکتی ہے. ٹریفک قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے ذمہ دار شہری کا ثبوت دیاجائے.

ڈیرہ غازیخان (): ڈپٹی کنٹرولر امتحانات ثانوی و اعلی ثانوی تعلیمی بورڈڈیرہ غازیخان شیخ امجد حسین نے کہا ہے کہ میٹرک سالانہ امتحان کے شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے ڈویژن بھر کے امتحانی سنٹرز کی حدود میں دفعہ 144نافذ ہے او رچاروں اضلاع کی انتظامیہ سے سنٹرز کی انسپکشن جبکہ ڈی پی او صاحبان سے سکیورٹی او رلاء اینڈ آرڈر کے حوالے سے استدعا کی گئی ہے. انہو ں نے یہ بات گزشتہ روز بوائز ہائی سکول کوٹ قیصرانی کے دورہ کے موقع پر کہی. انہو ں نے سوالیہ پرچہ جات اپنی نگرانی میں کھلوائے اور ہمہ وقت موجود رہ کر حل شدہ جوابی کاپیوں کے بنڈل اپنے سامنے پیک کروا کر متعلقہ عملہ کے ذریعے سخت نگرانی میں بنک بھجوائے انہوں نے سربراہ ادارہ اور امتحانی عملہ کی کاوشوں کو سراہا. شیخ امجد حسین نے کہاکہ والدین اپنے بچوں کو پیپر سے آدھاگھنٹہ پہلے متعلقہ سنٹرز میں بھیجیں تاکہ وہ کسی بھی زحمت اورپریشانی کے بغیر بروقت اپنا پرچہ حل کر سکیں. ڈپٹی کنٹرولر نے کہاکہ امیدوار سنٹرز میں موبائل فون ہر گز نہ لے جائیں. انہوں نے کہا کہ کسی دوسرے امیدوار کی جگہ امتحان دینا جرم ہے اور ایسا کرنے والے کو فوری گرفتار کر لیا جائے گا اور تعلیمی دستاویزات منسوخ کر دی جائیں گی. ڈپٹی کنٹرولر شیخ امجد حسین نے ڈی پی او اسد سرفراز کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہو ں نے امتحانی سنٹرز میں سکیورٹی او رلاء اینڈ آرڈر کیلئے بھر پور تعاون کیا اور ان سے ذاتی طو رپر ٹیلیفونک رابطے میں رہے جبکہ قبل ازیں سالانہ امتحان کے نتائج کی تقریب میں ڈی پی او اسد سرفراز نے پوزیشن ہولڈرز کو سلامی کیلئے پولیس کاچاق و چوبند دستہ بھجوایا تھا اور ان کایہ اقدام بورڈ افسران سمیت طلباؤطالبات کیلئے باعث اعزاز تھا.

About The Author