نومبر 24, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

پیپلزپارٹی اور ن لیگ جمعیت کے آزادی مارچ میں شرکت پر رضامند

پاکستان پیپلزپارٹی کےچیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آج اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی میاں شہباز شریف سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی ہے ۔

اسلام آباد: پاکستان کی دو بڑی اپوزیشن جماعتوں پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کےسربراہ مولانا فضل الرحمان کی طرف سے اعلان کردہ  آزادی مارچ میں شرکت پر رضامندی ظاہر کردی۔

پاکستان پیپلزپارٹی کےچیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آج اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی میاں شہباز شریف سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی ہے ۔

ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ پر گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر دونوں جماعتوں کے دیگر رہنما بھی شریک تھے جن میں راجہ ظفرالحق، رضا ربانی، احسن اقبال، فرحت اللہ بابر سمیت دیگر شامل ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ (ن) نے حکومت مخالف احتجاجی تحریک میں شرکت پر رضامندی ظاہر کردی ہے تاہم مولانا فضل الرحمان کو آزادی مارچ نومبر میں کرنے کی تجویز دی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  شہباز شریف اور بلاول بھٹو کی ملاقات میں آل پارٹیز کانفرس بلانے پر اتفاق کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان کے پاس جانے کا فیصلہ بھی کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ میں شریک ہوگی لیکن دھرنے میں شامل نہیں ہوگی۔

بلاول فضل

خیال رہے کہ گزشتہ روز ہی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ملاقات میں اگر کوئی درمیانی راہ نکل آئی تو ہو سکتا ہے کہ بات اخلاقی حمایت سے آگے بڑھ جائے۔

یاد رہے کہ جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اکتوبر میں اسلام آباد لاک ڈاؤن کا اعلان کررکھا ہے اور اس کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔

ذرائع کا دعوی ہے کہ ن لیگ کے بعد پیپلز پارٹی بھی آزادی مارچ موخر کرنے کی حامی ہے ، شہباز شریف اور بلاول بھٹو آزادی مارچ موخر کروانے پر متفق ہوگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنماوں کا مولانا فضل الرحمان کو آزادی مارچ کی تاریخ تبدیل کرنے پر آمادہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بلاول بھٹو اور ن لیگ کے رہنماء مولانا فضل الرحمان سے جلد ملاقات کریں گے اور انہیں تاریخ موخر کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

حکومت کے خلاف آزادی مارچ کے معاملہ پر احسن اقبال کا جےیوائی ف سے رابطہ بھی ہواہے۔ مسلم لیگ ن کا وفد کل مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کرے گا۔

ن لیگ اپوزیشن کے متفقہ احتجاج پر مولانا فضل الرحمن سے مشاورت کریگی۔

About The Author