نومبر 5, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

28جنوری2020:آج ضلع ڈیرہ غازی خان میں کیا ہوا؟

ضلع ڈیرہ غازی خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں،تبصرے اور تجزیے۔

ڈیرہ غازیخان

ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں سوکھے،گرے ہوئے درخت،پرانی اور ناکارہ گاڑیوں،مشینری، سکریپ،خستہ اور خطرناک قرار دی گئی عمارتوں کو 28 فروری تک نیلام اور منہدم کرنے کے احکامات جاری کردئیے گئے

ہیں۔کمشنر نسیم صادق نے ڈپٹی کمشنرز اور تمام محکموں کے سربراہان کو ہدایات جاری کردیں۔کمشنر نے کہا کہ ڈویژن کے تمام دفاتر کی حدود،روڈز اور گرین بیلٹس میں موجود سوکھے اور گرے ہوئے درختوں کا سروے کرکے فوری نیلام کیا جائے

اور ان کی جگہ موسم بہار کی شجرکاری مہم کے دوران خوبصورت اور ماحول دوست پودے لگائے جائیں۔ انہوں نے چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور محکموں کے سربراہان کو ہدایات جاری کیں کہ

وہ پرانی اور ناکارہ سرکاری گاڑیوں، مشینری اور سکریپ کی فہرست مرتب کرکے شفاف نیلامی کا عمل شروع کریں۔

کمشنر نسیم صادق نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں پرانی،خستہ اور خطرناک قرار دی گئی عمارتوں کو ضروری قانونی کارروائی کی تکمیل کے بعد منہدم کردیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سوکھے،ناکارہ درختوں اور خستہ حال عمارتوں کے گرنے سے کسی بھی وقت خوفناک حادثہ پیش آسکتا ہے۔

ہم کسی بھی انسانی جان اور املاک کے نقصان کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ہدایات پر عملدرآمد کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔


ڈیرہ غازیخان

کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن نسیم صادق نے روز کے معمول کے دوران اپنے آفس میں کھلی کچہری لگائی۔

مرد و خواتین سائلین کے مسائل سنے۔تحریری اور زبانی درخواستوں پر احکامات جاری کئے۔

علاوہ ازیں کمشنر نے کورٹ کیسز کی سماعت کی انہوں نے کہاکہ میرٹ پر فیصلے کئے جائیں گے۔


ڈیرہ غازیخان

ریجنل ڈائریکٹر انٹی کرپشن ڈیرہ غازی خان ریجن محمد حمزہ سالک نے کہا ہے کہ ریجن بھر میں سرکاری اراضی واگزار کرائی جائے۔

ادارہ کے مطلوب اور اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلئے آفیسرز کردار اداکریں زیر التوا انکوائریز اور درخواستوں پر فوری عملدرآمد کرکے رپورٹ پیش کی جائے انہوں نے یہ ہدایات

اپنے آفس میں ریجن بھر کے افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹرز سید مسعود احمد شاہ،مجاہداقبال برمانی،

احسان الحق،کاشف رفیق،اسسٹنٹ ڈائریکٹرز آصف نور،اطہر محمود کانجو،عثمان تجمل،ضیاء الرحمن،ظہیر احمد،فیصل ندیم،پی ایس او شمشیر احمد گورمانی،

ریڈر عارف بخاری،سرکل آفیسرزز خالد بلال،غلام اصغر،اظہر حسین اور ریجن بھر کے دیگر افسران شریک تھے۔


ڈیرہ غازیخان

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان طاہر فاروق نے سرکاری نرخ پر آٹا کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے شکایت سیل قائم کردیا ہے

شہری آٹا نہ ملنے اور زائد قیمت کی وصولی پر ڈپٹی کمشنر آفس میں قائم شکایت سیل کے نمبر0649260346 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ ضلع بھر میں عوام کو 20کلو آٹا کا تھیلا 805 روپے میں فراہم کیا جارہا ہے جس کیلئے ضلع ڈیرہ غازی خان کی تحصیلوں،اہم قصبات میں فیئر پرائس شاپس اور ٹرکنگ پوائنٹس قائم کردیئے گئے ہیں –

انہوں نے بتایا کہ فلور ملز میں فراہم کی گئی گندم کی پسائی یقینی بنانے کیلئے سرکاری اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں جن کی نگرانی میں آٹا کی پسائی اور تقسیم کی جارہی ہے

اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ٹرکنگ پوائنٹس اور دکانوں پر آٹا کی دستیابی اور مقررہ قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں _

عوام کی رہنمائی کے لیے فیئر پرائس شاپس اور جنرل سٹورز کی معلومات بھی فراہم کر دی گئی ہے.


ڈیرہ غازیخان

ڈیرہ غازی خان سمیت ملک بھر میں پانچ روزہ قومی پولیو مہم 17 فروری سے شروع ہوگی جس میں پانچ سال تک کے بچوں کو حفاظتی ویکسین پلائی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان طاہر فاروق نے ضلعی انسداد پولیو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لئے ہر بچہ اہم ہے۔تمام بچوں کو قطرے پلا کر ملک کا مستقبل صحت مند بنانا ہے

انہوں نے ہدایت کی کہ پولیو کے مائیکرو پلان کو از سر نو مرتب کیا جائے۔ٹیموں کی ضروری ترتیب اور دیگر معاون اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

ضلع کے داخلی و خارجی مقامات کو فوکس کیا جائے۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر خلیل احمد اور دیگر نے بتایا کہ مہم کے دوران تقریباً چھ لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کیلئے 3400 افرادی قوت حصہ لے گی

جن میں 1396 موبائل ٹیمیں شامل ہیں۔اجلاس میں پولیٹیکل اسسٹنٹ سید موسی رضا،عالمی ادارہ صحت کے ڈاکٹر عمار شاہ،یونیسف کے کلیم اللہ طاہر اور دیگر متعلقہ افسران شریک تھے.


ڈیرہ غازیخان

انٹی کرپشن ڈیرہ غازیخان کی ٹیم نے واپڈا سرکل کے اسسٹنٹ لائن مین نعیم ارشد کو رشوت لیتے ہوئے گرفتار کر لیا.

اسسٹنٹ ڈائریکٹر انٹی کرپشن آصف نور نے سید گل عباس سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی سربراہی میں ریڈ کیا

اور اسسٹنٹ لائن مین واپڈا نعیم ارشد سے موقع پر رشوت کی رقم مبلغ دس ہزار روپے برآمد کر لی

او ر اسے گرفتار کر کے مقد مہ بھی درج کرا دیاگیا.


ڈیرہ غازیخان

کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن نسیم صادق نے شہر کے واٹر سپلائی کے بند پمپنگ سٹیشن کا دورہ کیا۔مشینری اتار کر عملہ کی خدمات واپس کرنے کے احکامات جاری کئے۔کمشنر نے شہر کے مختلف علاقوں کا بھی دورہ کیا.

کمشنر نے ملتان روڈ پر کارپوریشن کے واٹر سپلائی پمپنگ سٹیشنز کا دورہ کیا انہوں نے واٹر سپلائی کے چار بند پمپنگ سٹیشن کے ٹیوب ویل آپریٹرز اور دیگر 12 ملازمین کو دوسرے شعبوں میں ضم کرنے کے احکامات جاری کئے انہوں نے کہا کہ

چاروں پمپنگ سٹیشن کے ٹرانسفارمرز،موٹر،پائپ اور دیگر مشینری اتار کر محفوظ کی جائے کمشنر نے بند پمپنگ سٹیشنز پر زیادہ عملہ کی تعیناتی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ

فارغ بٹھانے کی بجائے واٹر سپلائی عملہ سے دیگر شعبوں میں کام لیا جائے کمشنر نسیم صادق نے ملتان روڈ،کارپوریشن کے وئیر ہاؤس،جنرل بس سٹینڈ،مانکا کینال،پل ڈاٹ،چوک چورہٹہ اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا

انہوں نے وئیر ہاؤس میں جھولے،بنچز،سلائیڈ،بگھی اور دیگر اشیاء کی تیاری کا جائزہ لیا۔کمشنر نے جنرل بس سٹینڈ پر پارک کی تیاری کا بھی معائنہ کیا۔

چیف آفیسر کارپوریشن اقبال فرید،ایکسیئن زراعت انجینئرنگ چوہدری محمد ندیم، سب انجینئر کارپوریشن افضل جتوئی اور دیگر ہمراہ تھے.


ڈیرہ غازیخان

کشمیر روز اول سے پاکستان کا حصہ ہے بھارت کو ایک دن کشمیر کو چھوڑنا پڑے گا. ہمارے اسلاف نے عظیم قربانیاں دے کر پاکستان حاصل کیا.

یہ بات پرنسپل گورنمنٹ کالج بلاک 17ڈیرہ غازیخان پروفیسر سید شہزاد حسین نے ادارہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی.

اس موقع پر شعبہ اردو کے سربراہ اسسٹنٹ پروفیسر آفتا ب حسین سرائی کے علاوہ اسسٹنٹ پروفیسر حماد الدین، اسسٹنٹ پروفیسر خالد، اسسٹنٹ پروفیسر شاہد فاروقی، کاظم سہیل، عمران حیدر، انور حیات اور طلباؤطالبات کی کثیر تعداد موجود تھی.

پرنسپل سید شہزاد حسین نے کہاکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے جسے بھارتی تسلط سے آزاد کرانا ہو گا.

ہندو ہمارا ازلی دشمن ہے جو متعدد بار جنگ کر کے شکست کھا چکا ہے انہوں نے کہاکہ کشمیر کی آزادی کیلئے امت مسلمہ کو متحد ہو نا ہو گا.


ڈیرہ غازیخان

حکومت پنجاب کی ہدایت پر ہوائی سفر محفوظ بنانے کیلئے ائیرپورٹ کے نزدیک پرندوں کی نقل و حرکت روکنی ہوگی جس کیلئے پرندوں کی خوراک کھلے عام ڈالنے پر پابندی ہوگی

اس بات کا فیصلہ ڈپٹی کمشنر آفس ڈیرہ غازی خان میں ڈسٹرکٹ برڈ ہیزرڈ کنٹرول کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا

جس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس و پلاننگ عبد الغفار نے کی اجلاس میں کمیٹی کے اراکین موجود تھے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کمیٹی کے اراکین سفارشات پیش کریں کہ کس طرح جہاز کو پرندوں سے ٹکرانے سے بچایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہ ہوائی جہازوں سے پرندے ٹکرانے پر خوفناک حادثات رپورٹ ہوئے ہیں

۔کمیٹی کا مقصد ایسے اقدامات تجویز کرناور ان پر عمل درآمد کرانا ہے جس سے ہوائی حادثات سے بچا جا سکے۔


ڈیرہ غازیخان

علم روشنی ہے اور روشنی کھرے اور کھوٹے، سچے اور جھوٹے، واقع اور افسانے میں تمیز پیدا کرتی ہے، ڈیرہ غازیخان ضلع میں تعلیمی اداروں کا جال ہماری علاقے کی خدمت اور علم سے دوستی کا بڑا ثبوت ہے ان خیا لات کا اظہار سابق گورنر پنجاب سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ نے اپنی رہائش گاہ کھوسہ ہاؤس میں نوجوانوں کے وفود سے اظہار خیال کے دوران کیا

سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ نے کہا کہ علم کسی کی میراث نہیں، ضمیر کی روشنی اور دل کی بیداری اصل علم ہے محسن انسانیت حضرت محمدؐنے علم کے حصول پر بہت زور دیا

قومیں اپنے علم اور عمل کی بدولت ترقی کے منازل طے کرتی ہیں سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ نے کہا کہ غازی یونیورسٹی،

غازی خان میڈیکل کالج، ایجو کیشن کالج، تعلیمی بورڈ، ایم اے کلاسز کی منظوری، زرعی کالج، چوٹی، کوٹ چھٹہ، تونسہ، کوٹ قیصرانی کے کالجز اور بیسیوں ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولز ہماری علاقے اور یہاں کے نوجوانوں سے محبت کا ا ظہار ہیں

انہوں نے نوجوانوں پر تعلیم کے حصول اور عمدہ اخلاقی رویے اپنانے پر زور دیا۔


ڈیرہ غازیخان

آج ڈیرہ غازی خان میں صنم بھٹو کی 63ویں سالگرہ اور اس کے علاوہ بختاور بھٹو زرداری کی 30ویں سالگرہ کے موقع پر ڈویژنل سیکرٹری اطلاعات سردار غلام عباس گورچانی کی رہائش گاہ پر کیک کاٹے گئے،

پارٹی ورکروں نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر سردار غلام عباس گورچانی نے کہا کہ بھٹو خاندان کی بے مثال قربانیاں اور ملک کی خاطر اتنی خدمات ہیں، جو بھی پاکستان میں منصوبہ جات چل رہے ہیں،

سٹیل مل سے لے کر ایٹم بم تک، شناختی کارڈ سے لے کر مزدوروں کے حقوق تک، کسانوں اور عوام تک ریلیف پیپلز پارٹی کی ہی کاوشوں کا نتیجہ ہے،

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے جو عوام کو جعلی جھوٹے خواب دکھائے آج پوری دنیا کے سامنے حقیقت کھل کر سامنے آ گئی ہے،

ٹیکسوں کی بھرمار کی ہوئی ہے، غریب کا جینا مشکل ہوتا جار ہا ہے۔ بجلی کے ٹیکس اتنے لگ رہے ہیں کہ غریب کنگال ہو گیا ہے،

آج ایک ریڑھی والے سے لے کر ہر طبقہ سے ٹیکس وصول کر رہا ہے، روزگار دینے کے بجائے لوگوں کے گھر گرائے گئے، عوام کے روزگار تک کا خاتمہ کر دیا، آج چینی اور آٹا کے ریٹ آسمان سے باتیں کر رہے ہیں،

سبزیاں غریب کی پہنچ سے دور ہیں ان کا کہنا تھا کہ آج خارجہ پالیسی پوری دنیا میں رسوائی کا شکار ہے، اسلامی دنیا کو بھی شہدی ذوالفقار علی بھٹو نے اکٹھا کیا تھا۔

آج پوری دنیا میں مسلمان انڈیا سے لے کر فلسطین، کشمیر اور دیگر ملکوں میں مسلمان ظلم کا شکار ہیں.


ڈیرہ غازیخان

وفاقی وزیرمملکت زرتاج گل کے دیور اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کے سابق صدر اخوند ہمایوں رضا کے سگے بھائی اخوند تیمور رضا بقضائے الٰہی انتقال کر گئے ہیں

مرحوم کا نمازہ جنازہ فٹ بال گروانڈ میں اداکردیا گیا، ایصا ل ثواب کے لئے قرآن خوانی بروز جمعرات 30 جنوری کو سٹی پارک کے لائبریری گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی،

نماز جنازہ میں ایم ڈی پاکستان بیت المال عون عباس بپی،سابق ایم پی اے سید عبدالعلیم شاہ،شبلی شب خیز غوری،محمد لطیف خان پتافی،ملک حنیف آرائیں،ملک محبوب ثاقب ایڈووکیٹ،

سردار جعفر خان بزدار،طاہر بلال طور، سرادر عبدالستار کھوسہ،ملک سلیم ایڈووکیٹ،سلیم رضا کاکڑایڈووکیٹ،

صادق کھاوڑ،سید عمران شاہ،نعیم بغلانی،سرداراحمد نیازی،اے ڈی لغاری،ملک خادم ڈھولن،اللہ وسایا لنگاہ،ایکسیئن واپڈا،ممتاز احمد سولنگی،حسین نیازی،سردار شریف خان لغاری،

جان عالم لغاری،جاویداسحاق مستوئی،ملک حبیب جڑھ،فرحان بھٹہ ایڈووکیٹ کے علاوہ کثیر تعداد میں وکلاء

،ڈاکٹر سیاسی و سماجی رہنماؤں وکارکنان،تاجروں،سینکڑوں شہریوں نے شرکت کی اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے.


ڈیرہ غازیخان

نامعلوم چور جہیز کا سامان ،طلائی زیورات اور نقدی لوٹ کر فرار ،مقدمہ درج کر کے چوری برآمد کی جا ئے امام مسجد بلا ک یو ڈیرہ غازی خان حافظ محمد قاسم نے بتایا کہ

وہ اپنے والد مرحوم کی تدفین کے لئے گاﺅں گیا ہوا تھا اور رات کو گھر پر کو ئی موجود نہیں تھا جب گھر واپس آیا تو پتہ چلا کہ

نامعلوم چور میری بیٹی کے جہیز کا سامان ،طلائی زیورات اور 41ہزار روپے کی نقدی چوری کر گئے ہیں اور اس سلسلے میں پو لیس تھانہ سٹی کو درخواست دے دی ہے

مگر تاحال پولیس تھانہ سٹی نے مقدمہ درج نہ کیا ہے انہوں نے ڈی پی او ڈیرہ غازی خان اسد سرفراز سے مطالبہ کیا ہے کہ مقدمہ درج کر کے میری چوری کو جلد از جلد برآمد کیا جا ئے ۔


ڈیرہ غازیخان

سرکاری اراضی کو واگزار کرانا ہمارے اولین فرائض میں شامل ہے ناجائز قابضین سے جو رقبہ جات سرکاری واگزار کرائے جاتے ہیں

وہ محکمہ ریونیو کے حوالے کر دیئے جاتے ہیں جس کی وجہ سے حکومتی ریونیو میں خاطر خواہ اضافہ ہوتا ہے ان خیالات کا اظہار سرکل آفیسر انٹی کرپشن ہیڈ کوارٹر ملک عبد المجید آرائیں نے کیا انہوں نے کہا کہ

ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب گوہر نفیس اور ڈائریکٹر انٹی کرپشن محمد حمزہ سالک کے حکم پر کوٹ چھٹہ کے علاقہ موضع بکھر واہ میں ناجائز قابضین کے خلاف گرینڈ آپریشن کر تے ہو ئے عملہ ریونیوتحصیل دار مہر شمعون اور اپنے عملہ محمد ناصر کے ہمراہ غلام شبیر ،

مٹھو ،طوطا ،صوبہ ،مشتاق ،غلام سرور ،سبحان ،صابر ،یوسف اور صدیق کے خلاف کاروائی کر تے ہو ئے سرکاری رقبہ 3003.04کنال مالیتی چھ کروڑ انیس لاکھ اکتالیس ہزار روپے

بذریعہ ٹریکٹر ہل چلا کر واگزار کرا کر ریونیو عملہ کے حوالے کر دیا گیاسرکل آفیسر عبد المجید نے مزید بتایا کہ

سرکاری اراضی پر قابض قابضین کتنے ہی با اثر کیوں نہ ہوں ان سے ہر صورت میں سرکاری رقبہ کو واگزار کرایا جا ئے گا

اس سلسلہ میں کسی بھی قسم کی کو ئی بھی رعایت نہ برتی جا ئے گی انہوں نے آخر میں کہا کہ اس سلسلہ میں اپنے تمام تر وسائل بروئے کا ر لائےں گے .


ڈیرہ غازیخان

کمشنر ڈیرہ غازی خان نسیم صادق کے حکم پر ڈائریکٹر ایکسائز عمران اسلم کے ہمراہ مانکا کینال پر ناجائز تجاوزات قائم کر نے والی گاڑیوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کر کے متعدد گاڑیوں کو بند کر دیا گیا

کمشنر نسیم صادق خود ہی ان بند شدہ گاڑیوں کو واگزار کریں گے ان خیالات کا اظہار انسپکٹر ایکسائز محمد نوید خان لغاری نے کیا انہوں نے کہا کہ

کمشنر ڈیرہ غازی خان نسیم صادق نے مانکا کینال کو خوبصورت بنانے کے لئے عملی طور پر اقدامات کر تے ہو ئے ہدایات جاری کیں کہ

مانکا کینال روڈ پر کو ئی گاڑی غلط پارک نہ ہو جس کی وجہ سے ناجائز پارک کر نے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کاروائی کر تے ہو ئے ڈائریکٹر عمران اسلم کے ہمراہ 20ٹریکٹر ،8ہائی ایس ،13موٹر سائیکل ،9ویگن سمیت دیگر گاڑیاں بند کر دی گئیں ہیں

ٹوٹل 51گاڑیوں کے خلاف ایکشن لے کر مختلف تھانہ جات میں بند کیا گیا انہوں نے مزید کہا کہ یہ آپریشن کمشنر نسیم صادق کے حکم پر کیا گیا

اور روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گا کیو نکہ کمشنر نسیم صادق مانکا کینال کو خوبصورت بنانے میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں

ناجائز گاڑیاں پارک کر نے والے عناصر غلط پارکنگ سے گریز کریں ورنہ اس کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جا ئے گی .


ڈیرہ غازیخان

سیکرٹری یونین کونسل پر مبینہ تشدد ،دفتری ریکارڈپھاڑدیا فرنیچر کوباہر پھینکا،وقوعہ کے خلاف آل پنجاب سیکریٹریزایسوسی ایشن کا احتجاجی مظاہرہ ،وقوعہ پر ضلع بھر کی یونین کونسلزکی تالا بندی ،دفتری امور کا بائیکاٹ کیا،

ملزمان کی گرفتاری تک احتجاج جاری رہے گا۔عبدالعزیز چانڈیہ۔تفصیلات کے مطابق یونین کونسل بھکرواہ میں سیکرٹری اللہ بچایا نے بتایا کہ

وہ دفتر میں بیٹھا ہوا تھا کہ قلندر و،جاویدر ممتاز عرف مناسمیت چھ افراد داخل ہوئے اور نکاح فارم نقل تلاش کرنے کو کہا جو اس یونین کو نسل کے ریکارڈ میں نہ تھا بلکہ یوسی درخواست جمال خان میں ریکارڈ تھا ملزمان نے مجھے زبر دستی درخواست جمال خان جانے کو کہا میرے انکارپر وہ مشتعل ہو گئے

گالیاں دےتے ہوئے زدوکوب کیا اسی اثناءمیں شور شرابے پر کافی لوگ وہاں جمع ہو گئے جن کی منت سماجت پر مجھے بچا لیا

یہ لوگ مجھے دھمکیاں دیتے ہوئے گھر چلے گئے میں نے 15پر کال کی کافی وقت گزرجانے کے باجود موقعہ پر کوئی پولیس نہ پہنچی جبکہ وقوعہ کے خلاف ضلع کی تمام یونین کونسلز بند کردی

گئیںاور سیکرٹریزلوکل گورنمنٹ آفس جمع ہوگئے اور احتجاج کیامظاہرین میں عبدالعزیز خان چانڈیہ صوبائی صدر سیکرٹریز یونین کونسلز پنجاب (APSA)،علی رضا منہاس ڈویژنل صدر (اپسا)،ابراہیم کھوسہ ضلعی صدر (اپسا)،شاہد مجید لودھی جنرل سیکرٹری ،عارف نذیر میﺅ، نعمت مغل،

عدنان سعید، فیصل اکبر، فلک شیر، ملک فیض محمد، اقبال لغاری، چوہدری ارشاد ، الطاف بھٹہ، ایاز احمد، سلیمان احمد ، ملک فخر اللہ ، عبدالستار بغلانی ، شفیع خان وڈانی ،

نصراللہ بھٹہ ، غلام عباس و دیگر سیکرٹریز یونین کونسل ضلع ڈیرہ غازیخان نے احتجاجی مظاہرہ کیا انہوں مطالبہ کیا کہ

شرپسند ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے ورنہ ملزمان کی گرفتار ی تک احتجاج جاری رہے گا۔


ڈیرہ غازی خان

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے تھانہ شاہ والی کے مقدمہ کافیصلہ سنادیا ،جرم ثابت ہونے پر گرفتارملزم بہادرکو مجموعی طور پر نوسال قید،ڈیڑھ لاکھ روپے جرمانہ عائد ،ملزم سجاول کومجموعی طور پر آٹھ سال قید ،

ڈیڑھ لاکھ روپے جرمانہ عائد عدم ادائیگی جرمانہ پر دونوں ملزم جیل میں قید رہیں گے ملزمان پر پولیس اہلکاروں پرفائرنگ اورکارسرکارمیں مداخلت کاالزام عائدتھاملزمان کی فائرنگ سے راجنپورپولیس کےاےایس آئی اورملاح شہید ہوئے تھے

عدالت نے مقدمہ میں نامزددیگرپندرہ مفرورملزمان کواشتہاری قراردیدیا ملزمان نے 2اگست 2017 کو راجنپورکے کچہ کے علاقہ میں آپریشن کے دوران پولیس پارٹی پر فائرنگ کی تھی

جس پر تھانہ شاہوالی پولیس نے مقدمہ نمبر 18/17زیر دفعہ 302/148/149،324اور 7ATAدرج کر کے چالان انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت ڈیرہ غازی خان میں پیش کیا

دو ملزمان بہادر علی اور سجاول کو گرفتار کر لیا تھا جبکہ پندرہ مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دے دیا تھا گزشتہ روز سماعت مکمل ہو نے اور جرم ثابت ہو نے پر انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ملک مشتاق الٰہی بنگی نے مقدمہ کا فیصلہ سناتے ہو ئے

ملزم بہادر علی کو نو سال قید اور ڈیڑھ لاکھ جرمانہ جبکہ ملزم سجاول کو مجموعی طور پر آٹھ سال قید اور ڈیڑھ لاکھ جرمانہ کی سزا سنا کر سینٹرل جیل بھجوا دیا ہے ۔

About The Author