نومبر 24, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

کیا زرداری صاحب کا سیاسی تیر نشانے سے چوک گیا ہے۔۔۔؟ ۔۔۔||ملک سراج احمد

ملک سراج احمد ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھتے ہیں،وہ مختلف اشاعتی اداروں میں مقامی ،قومی اور بین الاقوامی موضوعات پر لکھتے رہتے ہیں، انکی تحریریں ڈیلی سویل کے قارئین کی نذر

ملک سراج احمد

 ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

آج کل کی سیاست نے بھی عجیب مخمصے میں ڈالا ہوا ہے ۔کسی سوال کا جواب تلاش کرنے نکلتے ہیں تو مزید نئے سوالات کا سامنا ہوجاتا ہے ۔سوال در سوال درپیش ہیں اور جواب ندارد۔سوال تو جنون کے دھرنے سے شروع ہوگئے تھے کہ یہ کیا اور کیوں ہورہا ہے۔2018 کے عام انتخابات کے نتائج سے سمجھے کہ شائد ان سوالات کا جواب مل گیا ہے مگر ایسا نہیں تھا کپتان کی گورننس نے مزید نئے سوالات کھڑے کردئیے کہ ایسا انتخاب کیوں کیا گیا۔ابھی تک اسی ادھیڑ بن میں تھے کہ سیاست نہیں ریاست بچاو کا نظریہ پروان چڑھا ۔زرداری کی عدم اعتماد کی سیاسی چال نے سیاسی بساط کو الٹ کررکھ دیا۔پل بھر میں نصیب بدلے اور صبح کے تخت نشین شام کو مجرم ٹھہرے۔

یہ بات ان نوجوان کھلاڑیوں کو کہاں قبول تھی اور یوں یہ کھلاڑی اپنی قیادت کو سرخ لائن بتاتے بتاتے فرط جذبات میں 9 مئی کو ریاست کی طرف سے متعین کردہ سرخ لکیر عبور کرگئے۔ اس دن جو کچھ ہوا وہ ناقابل معافی ، ناقابل برداشت تھا۔لہذا وہی ہوا جو قانون توڑنے والوں کے ساتھ ہوتا ہے ۔2018 میں تحریک انصاف کے اس بھان متی کے کنبے کو جس طرح ادھر ادھر کے اینٹ ، پتھر اور روڑوں سے جوڑا گیا تھا یہ کنبہ بکھرنا شروع ہوگیا ہر اینٹ اور روڑہ اپنی جگہ واپس جانے لگا ۔ جیسے تعمیر ہوئی تھی اسی طرح مسمار ہونے کا عمل شروع ہوگیا۔سوال یہ پیدا ہوا کہ اگر اس طرح ٹوٹنا تھا تو پھر جوڑا کیوں گیا تھا۔

پی ڈی ایم سرکارکے مطابق اس نے سیاست کی بجائے ریاست کو ترجیح دی اور مشکل حالات میں ملکی معیشت کو بچایا۔ مدت پوری ہوئی اور سب کچھ نگرانوں کی نگرانی میں چلا گیا۔ایسے میں بڑے میاں صاحب کی دھماکے دار واپسی ہوی ۔ اور جس انداز میں واپسی ہوئی اس سے تاثر یہ ملا کہ اب اگلی باری ان کی ہے ۔ سوال پیدا ہوا کہ کیا 2018 والی فلم دوبارہ چلے گی ؟ مطلب وزیراعظم کا پہلے سے پتہ ہوگا کہ کون بن رہا ہے ۔اگر ایسا ہی ہے تو سوال یہ ہے کہ 2018 کے نتائج کو جس طرح تسلیم نہیں کیا گیا تھا کیا 2024 کے نتائج بھی عوام کو قابل قبول ہوں گے ۔کیا یہ زیادہ بہتر نا ہوتا کہ الیکشن کی شفافیت کے حوالے سے عوام کے اعتماد کو مزید پختہ کیا جاتا ۔ایسے اقدامات کیئے جاتے جس سے انتخابی مرحلے پر شکوک وشبہات پیدا نا ہوتے ۔

میاں نواز شریف کی کوئٹہ آمد کے بعد جس طرح وہاں کے الیکٹیبلز نے شمولیت کی ہے اس سے یہ تاثر مزید تقویت پکڑ گیا ہے کہ ن لیگ اقتدار میں آرہی ہے ۔معروف صحافی عمر چیمہ نے اعزاز سید کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے اس پر خوبصورت تجزیہ کیا کہ بلوچستان کی سیاست آئی ایم ایف کی طرح ہے جس طرح معاشی مشکلات میں گھرے ملک کو آئی ایم ایف مالی امداد کرکے سپورٹ کرتا ہے ایسے ہی سیاسی مشکلات میں گھری سیاسی جماعت کو بلوچستان کے سیاسی لوگ سپورٹ کرتے ہیں ۔گویا بلوچستان وطن عزیز کا سیاسی آئی ایم ایف ہے ۔

ایسے میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو عوامی اجتماعات میں ن لیگی قیادت کو لاڈلا کے نام سے یاد کررہے ہیں ۔حالیہ انتخابی مہم میں ن لیگی قیادت کولاڈلا کہنا سیاسی بیان ہے یا حقائق پر مبنی دعویٰ ہے اس کی حقیقت تو آئندہ کی حکومت کی تشکیل کے بعد ہی آشکار ہوگی ۔تاہم بظاہر تاثر یہی ہے کہ ن لیگ وفاق میں حکومت بنانے جارہی ہے ۔اور وفاق میں اس کے ساتھ ایم کیوایم ، جے یوآئی سمیت دیگر سیاسی جماعتیں بھی شریک اقتدار ہوں گی۔سوال یہ ہے کہ اس سارے عمل میں پیپلزپارٹی کے ہاتھ کیا آیا؟ کہیں کپتان سے جان چھڑانے کی جلدی میں سابق صدر زرداری سے کہیں سیاسی غلطی تو نہیں ہوگئی ۔ کہیں ایسا تو نہیں کہ آصف علی زرداری کا سیاسی تیر نشانے سے چوک گیا ہو ۔

بظاہر یہی لگ رہا ہے کہ وفاق ، پنجاب ، بلوچستان اور کے پی کے میں ن لیگ اتحادیوں کے ساتھ حکومت بنانے جارہی ہے جبکہ سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت ہوگی۔اقتدار کی تقسیم اس طرح ہویا کسی اور فارمولے کے تحت ہو ضرورت اس امر کی ہے کہ انتخابی عمل پر عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچنی چاہیے ۔الیکشن کی شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے ۔ریاستی ادارے آئندہ عام انتخابات کی بہتر ساکھ کی خاطرہر قدم اٹھائیں اور ہر ممکن اقدامات کریں ۔تاکہ عوام انتخابی عمل کے ساتھ جڑی رہے اور اس عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے ۔

حرف آخر یہ کہ ریاستی اقدامات کے نتیجے میں جہاں ڈالر غیر قانون خرید وفروخت پر پابندی سے ڈالر کی تنزلی ہوی ہے وہاں پر سیاسی استحکام کے نتیجے میں سٹاک مارکیٹ میں بہتر آرہی ہے مطلب کہ ٹھیک سمت میں جارہے ہیں ۔حالات مشکل سہی مگر بہت جلد معاشی مشکلات پر قابو پالیں گے اور مہنگائی کا جن جس طرح بے قابو ہوگیا ہے اس کو قابو کرنے کی کوشش کی جاسکتی ہے ۔بہتر معاشی پالیسیوں کے تسلسل سے بے روزگاری میں کچھ نا کچھ کمی ہوسکے گی اور عوام کو کچھ راحت نصیب ہوگی ۔

رہی بات کہ کپتان کا کیا ہوگا تو بظاہر یہ لگتا ہےکہ کپتان انتخابات کے نتائج جیل میں ہی سنیں گے اور ان کے باہر آنے کے امکانات فی الحال نا ہونے کے برابر ہیں ۔ مطلب 8 فروری کے انتخابات کپتان کے بغیر منعقد ہوں گے ۔رہی بات پیپلزپارٹی کے سیاسی مستقبل کی تو ن لیگ کی سیاسی سرگرمیوں سے یہی لگ رہا ہے کہ اس بار زرداری کا سیاسی تیر نشانے سے چوک گیا ہے کیونکہ وفاق کا تاج اس کے سر سجتا ہے جس کے پاس پنجاب کا تخت ہو اور پنجاب کا تخت بلا شک وشبہ ن لیگ کے پاس جارہا ہے ۔اور اس بار بھی پیپلزپارٹی نے پنجاب کی سیاست شروع کرنے میں دیر کردی ہے ۔ پیپلزپارٹی کے لیئے مشورہ یہ ہے کہ اگر وفاق لینا ہے تو پنجاب کی سیاست میں بھرپور حصہ لینا ہوگا وگرنہ سندھ پر اکتفا کرنا پڑے گا

مصنف سے رابطے کیلئے

رابطہ نمبر 03334429707
وٹس ایپ 03352644777

یہ بھی پڑھیے:

ڈانسنگ ایلیفینٹ ۔۔۔ ملک سراج احمد

وہ لڑکی لال قلندر تھی ۔۔۔ملک سراج احمد

حیات جرم نہ ہو زندگی وبال نہ ہو ۔۔۔ ملک سراج احمد

بے نظیر بھٹو کی پکار: الوداع پاپا ۔۔۔ملک سراج احمد

عوام کے حق حاکمیت کی فیصلہ کن جنگ۔۔۔ ملک سراج احمد

حضرت خواجہ غلام فرید ؒ – پیلوں پکیاں نی وے، آ چنوں رل یار ۔۔۔ ملک سراج احمد

ملک سراج احمد کے مزید کالم پڑھیے

About The Author