دسمبر 25, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

میرے معبود آخر کب تماشہ ختم ہوگا ۔۔۔||ملک سراج احمد

ملک سراج احمد ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھتے ہیں،وہ مختلف اشاعتی اداروں میں مقامی ،قومی اور بین الاقوامی موضوعات پر لکھتے رہتے ہیں، انکی تحریریں ڈیلی سویل کے قارئین کی نذر

ملک سراج احمد

 ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

مرشد افتخار عارف ہی نہیں اب تو پوری قوم ہی ننگے سر ننگے پیر کھلے آسمان کے نیچے مہنگائی ، بدامنی کی جھلستی ہوئی دھوپ میں بار بار اوپر دیکھ کر التجا کرتے ہوئے سوال کررہی ہے کہ میرے معبود آخر کب تماشہ ختم ہوگا۔تبدیلی سرکار سے شروع ہونے والا مںصوبہ وقت سے پہلے اپنے اختتام کو پہنچا مطلب جتنی جلدی تعمیر ہوئی تھی اس سے کہیں زیادہ جلدی میں اختتام ہوا۔سیانے ، منجھے ہوئے کھلاڑی جمع ہوئے اور سینہ ٹھونک کرکہا کہ سیاست نہیں ریاست بچانے نکلے ہیں ۔درست کہا تھا ریاست تو نادہندہ ہونے سے بچ گئی مگر سیاست نہیں بچا سکے ۔نیک نامی اور کارکردگی کے جو چند سکے ہاتھوں میں بچے تھے وہ بھی ایک ڈیڑھ سال میں خرچ ہوگئے اب کارکردگی اور ریزگاری کے نام پر دامن اور جیب میں کچھ نہیں بچا۔مدت حکومت حکومت ہونے میں اب سال یا مہنے نہیں چند دن باقی ہیں
عوام کے پاس کیا بیانیہ لے کر جائیں گے کہ کیوں حکومت لی تھی اور کیا جس مقصد کے لیئے حکومت لی تھی کیا وہ مقصد پورا ہوگیا کیا عوام کی حالت بدل گئی ہے کیا ملک کی معیشت سنبھل گئی ہے کیا اب مزید قرض نہیں لیں گے کیا اب ہم اپنے پیروں پر کھڑے ہوسکیں گے ۔چلیں یہ سب نا سہی کیا یہ کہہ سکتے ہیں کہ ہماری طرز حکمرانی تبدیلی سرکار سے بہتر تھی کیا یہ دعویٰ کرسکیں گے کہ ہم نے اقربا پروری کی بجائے میرٹ کو ترجیح دی ۔کہا ناں کہ کچھ نہیں بچا ۔تہی دست ہونا کس قدر ازیت ناک ہے اس کا احساس پی ڈی ایم کی حکومت کو اگست میں ہوگا۔اس بات کا بھی احساس ہوگا کہ جس جوڈیشل صادق وامین کی سیاست آخری سانس لے رہی تھی کو اقتدار سے بے دخل کرکے ایک نئی زندگی دے کر غلطی کی ہے۔ایک ایسی غلطی جس کا مداوا شائد ممکن نا ہو۔
اب ملکی سیاسی منظر نامہ کچھ یوں ہے کہ کپتان کا فی الحال مستقبل قریب میں واپسی کا کوئی امکان نہیں ہے اور جن کا امکان ہے وہ مخمصے کا شکار ہیں کہ پتہ نہیں کیا ہوگا۔آ بھی پائیں گے یا نہیں اور اگر آ گئے تو کیا کریں گے جو وعدے عالمی مالیاتی اداروں سے کر چکے ہیں کیا ان کو پورا کرسکیں گے اور اگر کیا تو اس پر ممکنہ عوامی ردعمل کیا ہوگا۔اور اگر واپس نا آسکے تو اس ساری محنت کا کیا ہوگا جو گزشتہ ایک ڈیڑھ سال میں کی ہے ۔فی الوقت افواہیں گرم ہیں کہ نگران حکومت نوے دن کے لیئے نہیں بلکہ طویل مدت کے لیئے ہوگی اوران افواہوں کو تقویت اس قانون سازی سے ملی ہے جو موجودہ حکومت نے نگران وزیراعظم کے اختیارات میں اضافہ کے لیئے کی ہے ۔اچھی بات یہ ہے کہ آئین اور قانون کی دی گئی مدت کے دوران ہی عام انتخابات ہوں اور اگر ایسا نا ہوا تو پھر ایک ہی حمام میں ساری سیاسی جماعتیں جمع ہوں گی ۔
ویسے کتنا دلچسپ نظارہ ہوگا کہ الیکشن کسی وجہ سے التوا کا شکار ہوں اور سیاسی جماعتیں ایک گول میز کانفرنس کرکے الیکشن کے انعقاد کا مطالبہ کریں اور تمام سیاسی قائدین بشمول کپتان ایک ہی میز پر بیٹھ کر میڈیا سے گفتگو کریں یعنی ایک ایسا منظر جس میں محمود اور ایاز ایک ہی صف میں بیٹھے ہوں ۔امید ہے کہ ایسا نہیں ہوگا اور ہرچیز قانون کے مطابق ہوگی مگر وطن عزیز میں کچھ بھی ہوسکتا ہے تو اگر ایسا ہوا تو یاد رکھیئے کہ مولانا کے بیان کی تائید کپتان کررہا ہوگا اور کپتان کے مطالبے کی حمایت پی ڈی ایم کررہی ہوگی ۔گویا سیاست کی عاشقی میں جوتھوڑی بہت عزت کمائی بھی ہوگی وہ بھی جائے گی ۔مگر اس سے کسی کو کیا فرق پڑتا ہے کیونکہ معذرت کے ساتھ یہاں سیاست عوامی خدمت نہیں خاندانی خدمت کی خاطر کی جاتی ہے ۔جس دن عوامی خدمت کا موقع آیا تو پتہ نہیں کیوں یہ لگتا ہے کہ پھر یہ لوگ مسند پر نہیں ہوں گے کوئی نئے چہرے ہوں گے
ویسے ان دنوں نگران وزارت عظمی کے لیے کسی نئے چہرے کی تلاش ہے ۔اب دیکھنا یہ ہے کہ ہماری تقدیروں کے مالک کس چہرے کا انتخاب کرتے ہیں کون سا چہرہ ہے جو نگران وزیر اعظم بنے گا اس ضمن میں کئ نام زیر غورہیں کچھ ایسے ہیں جن کا علم عوام کو ہے جبکہ کچھ نام بند کمروں میں سرگوشیوں میں لیئے جارہے ہیں تاکہ کسی کو علم نا ہوسکے ۔اگر اتفاق رائے ہوگیا تو ٹھیک وگرنہ یہ بھی ہوسکتا ہے کہ نگران وزیراعظم کا فیصلہ الیکشن کمیشن کرئے ۔امید ہے کہ نگران وزیراعظم کا متفقہ نام سامنے آجائے گا کیونکہ اسی میں سب کی بقا ہے ۔اب نگران وزیراعظم کام کیسے کرتا ہے تو عزیزان گرامی اس کا فیصلہ بہرحال وہی کریں گے جن کے ہاتھ میں اقتدار اعلیٰ ہے ۔
حرف آخر یوں کہ موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کررہی ہے ۔نگران حکومت آئندہ عام انتخابات کا انعقاد کرئے گی اور اس ضمن میں بے یقینی پائی جارہی ہے کہ شائد انتخابات مقررہ وقت پر نا ہوں ۔رہی بات کپتان کی تو فی الوقت واپسی نہیں ہے اور جو باہر بیٹھے ہیں ان کی واپسی کے بھی امکانات زیادہ روشن نہیں ہیں۔اب اگر نگران وزیراعظم آتے ہی ملکی معیشت کی بات شروع کردے تو اس میں اچھنبے کی بات نہیں ہوگی مطلب واضح ہوگا کہ ایجنڈا انتخابات نہیں ملکی معیشت کو درست کرنا ہے اور اس میں کچھ وقت لگ سکتا ہے ۔تب تک سیاسی جماعتوں کی حلقہ جاتی سیاست پر توجہ مرکوز رہے گی اور نگران ہر چیز کی نگرانی کریں گے ۔کپتان کی طرح موجودہ حکومت نے بھی کچھ قانون سازی ایسی کردی ہے جو کل ان کے گلے کی ہڈی ثابت ہوسکتی ہے مگر مجبوری تھی یہ قانون سازی کرنی تھی ۔اب اس سارے سیاسی منظر نامے میں عوام کا کیا ہوگا جس کی خاطر یہ سب دھمال چوکڑی مچی ہوئی ہے تو خاطر جمع رکھیں مہنگائی ، بے روزگاری اسی طرح ہوگی زندگی اسی طرح مشکل ہوگی جیسی ماضی میں رہی اور آج کل ہے ۔مطلب غریب کے دن نہیں بدلنے والے اور یہی تماشہ لگا رہے گا اور عوام پکارے گی کہ میرے معبود آخر کب تماشہ ختم ہوگا ۔

مصنف سے رابطے کیلئے
رابطہ نمبر 03334429707
وٹس ایپ 03352644777

یہ بھی پڑھیے:

ڈانسنگ ایلیفینٹ ۔۔۔ ملک سراج احمد

وہ لڑکی لال قلندر تھی ۔۔۔ملک سراج احمد

حیات جرم نہ ہو زندگی وبال نہ ہو ۔۔۔ ملک سراج احمد

بے نظیر بھٹو کی پکار: الوداع پاپا ۔۔۔ملک سراج احمد

عوام کے حق حاکمیت کی فیصلہ کن جنگ۔۔۔ ملک سراج احمد

حضرت خواجہ غلام فرید ؒ – پیلوں پکیاں نی وے، آ چنوں رل یار ۔۔۔ ملک سراج احمد

ملک سراج احمد کے مزید کالم پڑھیے

About The Author