ڈاکٹر طاہرہ کاظمی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بچہ چاہیے تو صاحب کے ٹیسٹس پہلے ہوں گے۔
یہ ہے وہ جملہ جو بانجھ پن کے شکار میاں بیوی سے کہا جاتا ہے۔ وجہ واضح ہے۔ ایک ہی ٹیسٹ کرنا ہے، اگر وہ نارمل تو صاحب کی چھٹی۔
سیمن یا تولیدی مادہ چیک کروانے سے پہلے کچھ باتوں کا خیال رکھنا چاہیے۔
سیمن چیک کروانے اور جنسی تعلق یا ماسٹر بیشن میں تین یا چار دن کا وقفہ ہو۔
سیمن جس لیبارٹری سے چیک کروانا ہو، اسی میں ماسٹربیشن سے لیا جائے۔
اگر پہلا ٹیسٹ ابنارمل ہے تو نتیجہ اخذ کرنے کے لیے ایک بار اور سیمن کا ٹیسٹ کروانا لازم۔
سیمن ہے کیا؟
سیمن وہ مادہ ہے جو مرد جنسی تعلق کے نتیجے میں خارج کرتا ہے۔ ایک بار کے خروج میں اس کی مقدار ایک چائے کے چمچ کے برابر ہوتی ہے۔ زیادہ تر لوگوں کے خیال میں اگر سپرمز کی گڑبڑ ہو تو اس مادے میں بھی کمی بیشی ہونی چاہیے۔ یہ خیال غلط ہے۔ یہ مادہ بنیادی طور پر پراسٹیٹ گلینڈ اور کچھ اور غدودوں کی مدد سے بنتا ہے چاہے اس میں سپرمز ہوں یا نہ ہوں۔
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے بانجھ پن کے حوالے سے semen کے نارمل ہونے کی خصوصیات اس طرح سے ترتیب دی ہیں۔
سپرم کی تعداد۔ 15 سے 20 ملین/ ملی میٹر
سپرم کی تیزی سے آگے بڑھنے کی صلاحیت۔ 40 پرسنٹ
سپرم کی نارمل شکل۔ 4 پرسنٹ
یہ ہے وہ رپورٹ جسے پڑھ کر کوئی بھی دیکھ سکتا ہے کہ یہ نارمل ہے کہ نہیں۔ ایک بات یاد رکھیے نارمل رپورٹ میں پیپ والے سیلز نہیں ہونے چاہئیں۔
جب بھی سیمن کی رپورٹ میں کچھ گڑبڑ ہو، اسے ایک خاص نام سے لیبل کیا جاتا ہے تاکہ سمجھنے اور علاج کرنے میں آسانی ہو۔
اولیگوسپرمیا: جب سپرم مقررہ تعداد سے کم ہوں۔
ایزو سپرمیا: جب سپرمز سرے سے غائب ہوں۔
ایسپرمیا: جب سیمن ہی موجود نہ ہو۔
ہائپوسپرمیا: جب سیمن کی مقدار کم ہو۔
ٹریٹوسپرمیا: جب سیمن کے مادے میں ابنارمل شکل والے سپرمز پائے جائیں۔
ایستھینوسپرمیا: جب سپرمز کی حرکت کم ہو۔
نیکروسپرمیا: جب سیمن میں سارے سپرمز مردہ ہوں۔
لیوکوسپرمیا: جب سیمن میں پیپ والے سیلز کافی مقدار میں پائے جائیں۔
کیا کیا جائے؟
اگر سیمن نارمل ہے تو صاحب کی چھٹی۔ لیکن اگر نارمل نہیں تب صاحب کے بہت سے اور ٹیسٹس کروانے کی ضرورت ہے۔
1۔ خون میں ہارمونز کی مقدار
2۔ کروموسومز
3۔ خصیوں کا الٹرا ساؤنڈ
4۔ خصیوں کی بائیوپسی
کس کو دکھایا جائے؟
مردانہ بانجھ پن کا علاج یورولوجسٹ / اینڈرولوجسٹ ڈاکٹر کریں گے۔ بنیادی طور پہ علاج اس وجہ کا کیا جاتا ہے جو سب ٹیسٹس کے نتیجے میں سامنے آئی ہو۔ اس کو کہا جاتا ہے، Treat the cause۔
لگے ہاتھوں Azospermia یعنی سپرمز کی غیر موجودگی کے اسباب بھی سن لیجیے۔
Azospermia دو طرح کا ہوتا ہے رکاوٹ بھرا اور رکاوٹ کے بنا۔
رکاوٹی Azospermia میں جیسا کہ نام سے ظاہر ہے سپرمز بنتے تو ہیں لیکن کسی پیچیدگی کی وجہ سے سیمن تک نہیں پہنچ پاتے۔ جب بھی خصیوں اور ان کی ملحقہ نالیوں میں کوئی انفیکشن ہو، ضرب لگی ہو، کوئی پرانا آپریشن ہوا ہو یا نالیوں کی رطوبات گاڑھی ہو جائیں، سپرمز باہر نہیں نکل سکتے۔ نتیجتاً مادہ تو نکلے گا لیکن بیج سے خالی!
رکاوٹ کے بغیر Azospermia کے اسباب کی ایک لمبی فہرست ہے۔ جس میں پیدائشی طور پہ خصیوں کی غیر موجودگی، ابنارمل کروموسومز سے خصیوں کا چھوٹا رہ جانا، پیدائش کے وقت خصیوں کا پیٹ میں ہونا، خصیوں کی رسولی، ریڈی ایشین، ہارمونز کی کمی بیشی، کن پیڑوں کی انفیکشن، خصیوں کا زندہ یا نارمل سپرمز نہ بنا سکنا، خصیوں سے خون لے جانے والی نالیوں کا ایب نارمل پھیلاؤ، ذیابیطس اور گردے کی بیماریاں شامل ہیں۔
مردانہ بانجھ پن میں اگر علاج سے بھی سپرمز بہتر نہ ہوں اور حمل نہ ٹھہرے تب ایسے جوڑوں کو آئی وی ایف یا ٹیسٹ ٹیوب بے بی کروانے کا کہا جاتا ہے۔
ٹیسٹ ٹیوب بے بی علاج کی بہت سی قباحتیں ہیں۔ ایک تو اس کی ہوشربا فیس ( پانچ چھ لاکھ روپے ) ، دوسرا علاج کامیاب ہونے کی سو فیصد گارنٹی نہیں۔ بہت اچھے سینٹرز میں بھی کامیابی کا تناسب تیس چالیس فیصد سے آگے نہیں بڑھتا۔
اور سب سے اہم بات یہ سمجھ لیجیے کہ کھمبیوں کی طرح اگے آئی وی ایف سینٹرز نے قطعی طور پہ آپ کی محبت میں یہ جھنجھٹ نہیں پالا۔ یہ کاروبار ہے۔ اور بدقسمتی سے بہت سے نا اہل لوگ بھی اس کاروبار کو چلا رہے ہیں۔ یہ سوچے بغیر کہ بہت سے لوگوں کے ارمان اور جمع پونجی ان کی نا اہلی کی بھینٹ چڑھ
جاتی ہے۔
چلتے چلتے ایک بنیادی نسخہ ہم سے سن لیجیے شاید کچھ بہتری ہو جائے۔
وزن کم کیجیے خاص طور پہ پیٹ۔
ورزش شروع کیجیے۔
سگریٹ نوشی چھوڑیے۔
سادہ کھانا ( بنا تیل اور چینی ) کھائیے۔
اگر الکحل کا استعمال ہے تو چھوڑ دیجیے۔
ان سب باتوں کے جواب میں وہ گھسا پٹا جملہ مت کہیے گا کہ فلاں یہ سب کرتا ہے وہ بانجھ پن کا شکار تو نہیں ہوا۔
کچھ باتیں رہ گئیں وہ اگلی بار۔
سلامت رہیے!
یہ بھی پڑھیے
ایک مثالی عورت کیسی ہونی چاہیے
یہ بھی پڑھیے:
اسقاط حمل میں عورت پر کیا گزرتی ہے؟۔۔۔ ڈاکٹر طاہرہ کاظمی
کاظمی اینڈ سنز عرف سترہ برس کا بیٹا۔۔۔ ڈاکٹر طاہرہ کاظمی
اے وی پڑھو
اشولال: دل سے نکل کر دلوں میں بسنے کا ملکہ رکھنے والی شاعری کے خالق
ملتان کا بازارِ حسن: ایک بھولا بسرا منظر نامہ||سجاد جہانیہ
اسلم انصاری :ہک ہمہ دان عالم تے شاعر||رانا محبوب اختر