نومبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

الطاف بھائی کے پیار میں۔۔۔||محمد حنیف

عمران خان کو بھی کہا جاتا ہے کہ اداروں پر تنقید کر کے وہ چھوٹی موٹی غداری کر رہا ہے، وہ کہتا ہے کہ ابھی تو میں نے کچھ کیا نہیں، میرا راستہ روکو گے تو پھر بتاؤں گا کہ غدار ہے کون۔

محمد حنیف

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

کراچی کے میلے میں بچھڑے ہوئے ایم کیو ایم کے بھائی ایک بار پھر مل بیٹھے تو اور کسی کو آئی نہ ہو مجھے تو الطاف حسین کی بے تحاشا یاد آئی۔ اس شہر میں جتنا پیار الطاف بھائی کو ملا ہے وہ کسی اور کو نہیں ملا۔ اگر یہ کہہ دوں کہ شہر میں جتنا خوف الطاف بھائی کا تھا ویسا خوف بھی کبھی محسوس نہیں ہوا۔

اس بات پر الطاف حسین کے دیوانے ناراض ہو جاتے ہیں اور کہتے ہیں ہمارے معصوم بھالو جیسے الطاف بھائی سے خوف کیسا۔ ایسے ہی الطاف بھائی کے دشمن حیران ہو کر پوچھتے ہیں اس شخص سے پیار کون کر سکتا ہے۔ یہ کہتے ہوئے بھی خوف آتا ہے کہ اس پیار کا مزہ ہی اور ہوتا ہے جس میں تھوڑی سی دہشت شامل ہو جائے۔

کراچی میں جتنے بچھڑے بھائی مل کر بیٹھے تھے سب اپنے آپ کو الطاف بھائی کا روحانی بیٹا کہتے تھے۔ پھر جدا ہوئے تو سب ایک دوسرے کو غدار اور را کا ایجنٹ کہنے لگے۔

پھر ایم کیو ایم پر ڈنڈا چلا تو اپنے روحانی باپ الطاف بھائی کو بھی غدار اور را کا ایجنٹ کہنے لگے۔ یہ ایم کیو ایم پر چلنے والا پہلا ڈنڈا نہیں تھا۔

ایم کیو ایم اور کراچی پر اتنے فوجی آپریشن ہوئے ہیں کہ اگر کراچی واقعی ایک مریض ہوتا تو یا تو کب کا صحتیاب ہو چکا ہوتا یا وفات پا گیا ہوتا۔

کراچی

،تصویر کا ذریعہGETTY IMAGES

مقصد کبھی بھی کراچی کا علاج نہیں تھا صرف قبضے کی جنگ تھی۔ اور یہ جنگ اتنی پرانی ہے کہ کراچی میں پیدا ہونے والی دو نسلوں نے یہی دیکھا ہے کہ کراچی یونیورسٹی پروفیسر نہیں بلکہ رینجر چلاتے ہیں اور مرکزی کراچی کی شاندار بلڈنگ جناح کورٹس کا نام پتہ نہیں جناح کے نام پر کیوں ہے۔ وہاں تو رینجرز کا ہیڈ کوارٹر ہے۔

پاکستان میں ہر سیاست دان کبھی نہ کبھی غدار رہ چکا ہے بلکہ پاکستان میں سیاست کرنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ کے سی وی کے ساتھ ایک غداری کا سرٹیفیکیٹ نتھی ہو۔ لیکن اب لگتا ہے کہ ملک کی سیاست میں ایک ہی غدار بچا ہے جس کا نام الطاف حسین ہے۔

نواز شریف مودی کا یار تھا، پکا غدار تھا پر جیل میں بھی تھا، وہاں سے سرنگ لگا کر نکلا اور اب لندن میں بیٹھ کر فوج کا سپہ سالار چنتا ہے۔ جنیوا جا کر سوچتا ہے کہ ہمیں ڈالر کتنے کا ملے گا، ایک جنرل مشرف تھا، غداری کا مقدمہ بھگتنے عدالت جا رہا تھا، پتلی گلی سے نکل کر دبئی پہنچ گیا اور اب سب مل کر اس کی صحت کے لیے دعائیں کرتے ہیں۔

پاکستان

،تصویر کا ذریعہGETTY IMAGES

پیپلز پارٹی والے بھی کبھی غدار کہلواتے تھے اب پاکستان کے لیے دنیا کے دل جیتنے کی ذمہ داری بلاول بھٹو کو دے دی گئی ہے۔

عمران خان کو بھی کہا جاتا ہے کہ اداروں پر تنقید کر کے وہ چھوٹی موٹی غداری کر رہا ہے، وہ کہتا ہے کہ ابھی تو میں نے کچھ کیا نہیں، میرا راستہ روکو گے تو پھر بتاؤں گا کہ غدار ہے کون۔

تو آخر میں ہمارے پاس ایک ہی غدار بچا ہے الطاف حسین جس کا نہ انٹرویو چل سکتا ہے، نہ وہ اپنے چاہنے والوں سے ٹیلیفون پر خطاب کر سکتا ہے۔

پاکستان میں کبھی آپ نے ایسا غدار دیکھا ہے جو اپنے ناکردہ گناہوں کی معافی گا کر مانگ چکا ہو۔ کیا آپ نے وہ ویڈیو نہیں دیکھی جس میں وہ گا رہے ہیں ‘ہم سے بھول ہو گئی، ہم کا معافی دے دیو۔’

اس ملک کے میڈیا پر اے پی ایس کے قاتلوں کے ترجمان کا انٹرویو چل سکتا ہے لیکن الطاف بھائی اپنے چاہنے والوں کو ‘ایک پپی اِدھر اور ایک پپی اُدھر’ بھی نہیں دے سکتے۔

الطاف بھائی کچھ لوگوں کے محبوب ہیں اور کچھ لوگوں کے لیے محض ایک مذاق۔ پیار کے دشمن انھیں اپنے عاشقوں سے نہیں ملنے دیتے اور جو انھیں مذاق سمجھتے ہیں وہ لوگوں کو ہنسنے نہیں دیتے۔

پاکستان

،تصویر کا ذریعہPOLITICAL BIOGRAPHY OF ALTAF HUSSAIN

ہم نہیں جانتے کہ اب کراچی میں کتنے لوگ الطاف بھائی سے پیار کرتے ہیں اور کتنے ان سے ڈرتے ہیں۔ لیکن الطاف بھائی کے روحانی بیٹوں کا ملاپ دیکھ کر ایک دفعہ تو سب کو الطاف بھائی کی یاد آئی ہو گی اور ان پر مستقل زبان بندی کی سزا دیکھ کر تو لگتا ہے کہ ہمارے اصلی حکمرانوں کے دل میں ابھی بھی خوف ہے کہ کیا عوام کے دلوں میں ابھی بھی الطاف بھائی کا پیار زندہ تو نہیں۔

الطاف بھائی کے بھٹکے، بھولے، بکھرے روحانی بیٹے ایک ساتھ دیکھ کر وہ ترانہ بھی یاد آیا جس میں ہمیں بتایا گیا تھا کہ ‘منزل نہیں رہنما چاہیے۔’

رہنما سے تو جان چھڑوا لی اور ساتھ کراچی والوں کو منزل بھی بتا دی۔ جناح کورٹس جہاں پر گذشتہ 23 سال سے سندھ رینجرز کا ہیڈکوارٹر ہے۔

( بشکریہ : بی بی سی اردو )

 محمد حنیف کی مزید تحریریں پڑھیں

About The Author