مطہر جاوید
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
صوبے کے دیگر شہروں کی طرح ملتان میں بھی بلدیاتی الیکشن کی نہ صرف تیاریاں جاری ہیں بلکہ تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ ساتھ میئر کی نشست کیلئے آزاد امیدوار بھی میدان میں آچکے ہیں یہاں تک کہ متعدد امیدواروں میں بڑے بڑے ہولڈنگ لگانا بھی شروع کردئیے ۔ ایک طرف سیاسی جماعتوں کے اندر امیدواروں کا جوڑ توڑ جاری ہے اور دوسری طرف اب تک کے واحد آزاد امیدوار نے بھی عوام سے رابطہ شروع کردیا ہے ۔ ایک اطلاع کے مطابق میئر کے الیکشن میں سیاسی جماعتوں کے ساتھ ساتھ آزاد امیدوار الیکشن میں حصہ لے سکیں گے جبکہ اس قبل سننے میں آرہا تھا کہ آزاد امیدوار الیکشن نہیں لڑ سکیں گے ۔ تازہ ترین سروے کے مطابق تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن میں کئی کئی امیدوار سامنے آچکے ہیں تحریک انصاف کی طرف سے وزیر مملکت ملک عامر ڈوگر کے بھائی ملک عدنان ڈوگر ایک عرصے سے میئر کے امیدوار کی حیثیت سے میدان میں ہیں اور اس لحاظ سے وہ سینئر امیدوار ہیں ان کے والد ملک صلاح الدین ڈوگر مرحوم اور چچا ملک شوکت ڈوگر مرحوم ملتان کے میئر رہ چکے ہیں اور خود ملک عامر ڈوگر ضلع کونسل ملتان کے وائس چیئر مین اور چیئر مین کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں تحریک انصاف کے سابق ضلعی صدر اور پی ایچ اے کے چیئر مین اعجاز حسین جنجوعہ نے بھی گزشتہ چند دنوں کے دوران باضابطہ انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے اور شہر کے پارکوں کو خوبصورت بنانے کیلئے کوشاں ہیں اس کے علاوہ بیشتر شہریوں نے اعجاز جنجوعہ کے نام سے ہولڈنگ بھی لگوادئیے ہیں ۔ ادھر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے قریبی عزیز اور سابق چیئر مین ضلع کونسل پیر ریاض حسین قریشی مرحوم کے صاحبزادے معین الدین ریاض قریشی بھی میئر کے امیدوار کی حیثیت سے سرگرم ہیں مارکیٹ کمیٹی کے چیئر مین شیخ طاہر بھی میئر کے امیدواروں کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں دیکھنا یہ ہے کہ پی ٹی آئی کا ٹکٹ کون حاصل کرتا ہے ۔البتہ یہ واضح امکان ہے کہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور وزیر مملکت ملک عامر ڈوگر کے درمیان باہمی مشاورت ہوگی اور ملتان شہر کے ارکان صوبائی اسمبلی اور تنظیمی رہنمائوں کو اعتماد میں لے کر حتمی فیصلہ کیا جائے گا لیکن یہ فیصلہ بلدیاتی الیکشن کی تاریخ کے اعلان کے بعد ہوگا ۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے سابق میئر و سابق ایم این اے شیخ طارق رشید اپنے صاحبزادے محمد ہاشم رشید کو میئر بنوانے کیلئے سرگرم ہیں اور ان کی اس سلسلے میں حمزہ شہباز شریف اور مریم نواز سے بھی ملاقاتیں ہوچکی ہیں سابق میئر چوہدری نوید الحق ارائیں کیلئے ان کے بھائی سابق صوبائی وزیر چوہدری وحید ارائیں کوشاں ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ٹکٹ ہمارا استحقاق ہے ۔ سابق صوبائی وزیر حاجی احسان الدین قریشی کی کوشش ہے کہ ان کے بیٹے سابق ڈپٹی میئر منور احسان قریشی کو ٹکٹ دیا جائے جبکہ مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر ممتاز قانون دان بلال بٹ بھی میئر کے امیدوار ہیں اور پارٹی کیلئے اپنی خدمات کی بناء پر ٹکٹ کی درخواست دینے کیلئے تیار ہیں آنے والے بلدیاتی الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ کا اہم رول ہوگا اس سلسلے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ بلدیاتی الیکشن کے سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ کے ضلعی صدر ڈاکٹر خالد خاکوانی کو تمام تر ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں جس کے تحت میئر کا ٹکٹ ڈاکٹر خالد خاکوانی کی سفارش پر دیا جائے گا جس کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ خالد خاکوانی کے والد نواب غلام قاسم خاکوانی مرحوم ملتان کے میئر رہے ہیں اسی تجربے کی بنیاد پر ڈاکٹر خالد خاکوانی کو پاکستان مسلم لیگ کیلئے بلدیاتی امیدواروں کے چنائو کا اختیار دیا گیا ہے اور انہیں یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ میئر کیلئے سابق چیئر مین ضلع کونسل میاں فیصل مختار مسلم لیگ کے مرکزی رہنما مخدوم سید یزدانی گیلانی پارٹی کے سینئر رہنمائوں ملک مرید عباس بپی ‘ رائے منصب علی خان اور دیگر سے مشاورت کے بعد تفصیلی رپورٹ پیش کریں ۔توقع ہے کہ پاکستان مسلم لیگ کی جانب سے میئر کا ٹکٹ خالد خاکوانی کے پاس رہے گا ۔
پاکستان پیپلز پارٹی میں ابھی تک میئر کے امیدوار کے حوالے سے کوئی نام سامنے نہیں آیا اسی لیے یہ امکان پایا جاتا ہے کہ پیپلز پارٹی میئر کے لئے ایم پی اے سلمان نعیم کی حمایت کریگی اگر سلمان نعیم نے پیپلز پارٹی کا ٹکٹ نہ لیا تو پھر میئر کیلئے سابق ایم این اے سید علی موسیٰ گیلانی امیدوار ہونگے ۔ کچھ ذرائع کا کہنا ہے کہ جس دن سے سلمان نعیم نے میئر کا امیدوار ہونے کا اعلان کیا ہے اسی دن سے پیپلز پارٹی کی اہم شخصیات سلمان نعیم کے نام پر غور کر رہی ہیں ۔سلمان نعیم کو پہلے ہی جہانگیر ترین کی حمایت حاصل ہے اور جہانگیر ترین کی یہ بھر پور کوشش ہوگی کہ سلمان نعیم کو میئر بنوایا جائے ۔یہ واضح امکان موجود ہے کہ سلمان نعیم آزاد حیثیت کی بجائے پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ کے امیدوار کی حیثیت سے الیکشن لریں ۔
جماعت اسلامی نے ضلعی امیر ڈاکٹر صفدر ہاشمی کو ان کی سیاسی و سماجی خدمات کے حوالے سے میئر کے امیدوار نامزد کردیا ہے جبکہ ڈاکٹر صفدر ہاشمی نے گزشتہ دنوں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی موجودگی میں بیشتر یونین کونسلوں کے چیئر مینوں اور کونسلروں کو جماعت اسلامی میں شامل کرایا سروے کے مطابق ملتان شہر میں اس وقت تک میئر کی نشست کے لئے جو امیدوار سامنے ہیں ان کے علاوہ بھی کئی امیدوار سامنے آسکتے ہیں مگر ہر سیاسی جماعت جب کسی ایک امیدوار کو ٹکٹ جاری کرے گی تو ناراض امیدواروں کا دیگر امیدواروں کو فائدہ ہوسکتا ہے ۔واضح رہے کہ ملتان شہر کی کل آبادی اس وقت 21لاکھ ہے اور تقریباً 10سے 12لاکھ ووٹرز رجسٹرڈ ہیں جو بلدیاتی الیکشن میں اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں اگر ووٹر کی رجسٹریشن کا عمل بلدیاتی الیکشن سے قبل مکمل ہوگیا تو ووٹرز کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے کیونکہ نئے بلدیاتی نظام میں چیئر مین یونین کونسل وارڈز کونسلر کے ساتھ ساتھ عوام میئر کے امیدوار کو براہ راست ووٹ دینگے ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ بلدیاتی الیکشن کے راستے میں موجودہ ارکان اسمبلی بہت بڑی رکاوٹ ہیں اسی لئے ان ارکان اسمبلی نے اپنے اپنے حلقوں میں ترقیاتی کاموں کی طرف توجہ دینا شروع کردی ہے ۔ اس وقت ملتان شہر کی تمام یونین کونسلوں میں سڑکوں اور سیوریج سکولوں کی اپ گریڈیشن سمیت دیگر ترقیاتی کام ہورہے ہیں ان ارکان اسمبلی کا مئوقف ہے کہ اگر ہمارے اختیارات بلدیاتی ارکان کو دے دئیے گئے تو پھر ہم آنے والے عام انتخابات میں عوام کے سامنے کیا کارکردگی پیش کریں گے ۔ بہرحال بلدیاتی الیکشن اصل میں عام انتخابات کی ریہرسل دراصل دیکھنا یہ ہے کہ کیا عام انتخابات سے قبل بلدیاتی الیکشن کا انعقاد ہوتا بھی ہے یا نہیں لیکن بلدیاتی امیدوار اپنی اپنی بھر پور تیاریوں میں مصروف ہیں ۔
یہ بھی پڑھیے:
عمر سعید شیخ ۔ پراسرار کردار کی ڈرامائی کہانی۔۔۔محمد عامر خاکوانی
سیاسی اجتماعات کا اب کوئی جواز نہیں ۔۔۔محمد عامر خاکوانی
چندر اوراق ان لکھی ڈائری کے ۔۔۔محمد عامر خاکوانی
آسٹریلیا بمقابلہ چین ۔۔۔محمد عامر خاکوانی
بیانئے کی غلطی۔۔۔محمد عامر خاکوانی
اے وی پڑھو
ملتان کا بازارِ حسن: ایک بھولا بسرا منظر نامہ||سجاد جہانیہ
اسلم انصاری :ہک ہمہ دان عالم تے شاعر||رانا محبوب اختر
سرائیکی وسیب کے شہر لیہ میں نایاب آوازوں کا ذخیرہ