دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

سیکورٹی خدشات: نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان ملتوی

تین ون ڈے اور پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل یہ دورہ آج سے شروع ہونا تھا

نیوزی لینڈ نے سیکورٹی خدشات کی وجہ سے  اپنی کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان ختم کر دیا ہے

تین ون ڈے اور پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل یہ دورہ آج سے شروع ہونا تھا

جس کا پہلا ون ڈے میچ راولپنڈی میں ہونے جا رہا تھا

 تاہم کھیل کی صبح نہ تو کوئی ٹیم اپنے ہوٹل سے باہر نکلی اور نہ ہی تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔

غیر یقینی صورتحال کے بعد جب تاخیر کی وجوہات سے متعلق تفصیلات کا انتظار کیا جا رہا تھا

تو نیوزی لینڈ کرکٹ کی طرف سے بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ

 سیکورٹی خدشات کے باعث  فیصلہ کیا گیا ہےکہ نیوزی لینڈ اپنا دورہ جاری نہیں رکھے گا۔

پاکستان میں موجود نیوزی لینڈ کی ٹیم اب پاکستان سے واپس جانے کی تیاری کر رہی ہے

تاہم نیوزی لینڈ کرکٹ حکام کا کہنا ہے کہ وہ  سیکورٹی خطرے کی

تفصیلات اور نہ ہی رخصت ہونے والے اسکواڈ کے تازہ ترین انتظامات پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ نے بیان میں کہا ہے یہ پی سی بی کے لئے دھچکا ہوگا

جو شاندار میزبان رہے ہیں لیکن کھلاڑیوں کی حفاظت سب سے اہم ہے اور ہمیں یقین ہے کہ یہ واحد ذمہ دارانہ آپشن ہے۔

دریں اثنا پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ انہوں نے اور حکومت پاکستان نے “فول پروف سیکورٹی انتظامات” کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ ٹیم کے ساتھ سیکورٹی حکام حکومت پاکستان کی جانب سے کیے گئے انتظامات سے مطمئن تھے۔

وزیراعظم عمران خان نے ذاتی طور پر نیوزی لینڈکی وزیراعظم سے بات بھی کی انہیں بتایا کہ ہمارے پاس دنیا کا بہترین انٹیلی جنس نظام ہے

اور دورے پر آنے والی ٹیم کے لئے کسی بھی قسم کا کوئی سیکورٹی خطرہ موجود نہیں ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ  شیڈول میچوں کو جاری رکھنا چاہتا ہے

آخری لمحات میں دورہ منسوخ کرنے سے  پاکستان اور دنیا بھر میں کرکٹ سے محبت کرنے والے مایوس ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے یکطرفہ طور پر سیریز ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔

مہمان ٹیم کی سیکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کررکھے تھے

 نیوزی کرکٹ بورڈ کو سیکیورٹی انتظامات کی یقین دہانی کرائی تھی۔

خیال رہے کہ پاکستان  اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں 18 سال بعد پاکستان کے میدان میں آمنے سامنے آ رہی تھیں، دو بجے ٹاس جبکہ اڑھائی بجے میچ شروع ہونا تھا۔

 صرف25 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم جانے کی اجازت دی گئی تھی اور انہیں  اسٹیڈیم میں داخلے کےلیے ٹکٹ کے ساتھ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ بھی دکھانا ضروری تھا۔

ڈی آر ایس ٹیکنالوجی نہ ہونے کی وجہ سے یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ سیریز کا حصہ نہیں ہے۔ اسے عام سیریز قرار دیا گیا ہے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان مجموعی طور پر ایک سو سات ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جا چکے ہیں۔

قومی ٹیم نے55جیتے جبکہ نیوزی لینڈ  48 میں کامیاب رہی، ایک میچ برابر جبکہ تین منسوخ ہوئے۔

پاک سرزمین پر دونوں ٹیموں کے درمیان بیس ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے جا چکے ہیں۔

پاکستان نے 17 میں کامیابی سمیٹی جبکہ تین میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اب تک اکیس ون ڈے سیریز کھیلی جاچکی ہے۔

پاکستان نے صرف چھ میں کامیابی حاصل کی۔ مہمان ٹیم نے 12 جیتی، جبکہ تین سیریز برابر رہیں۔

About The Author