دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

مریم بلاول

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹواور مریم نواز کے آزاد کشمیرمیں جلسے

بلاول بھٹو نے کہا کہ بےنظیر کہتی تھیں جہاں کشمیری کا خون گرے گا وہاں میرا خون گرے گا اور حویلی کے عوام کا ایک ہی نعرہ ہے، کشمیر کا سودا نامنظور۔ 25 جولائی کو کشمیری عوام کٹھ پُتلی کو جواب دیں گے۔

مظفر آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 25 جولائی کو کشمیری عوام کٹھ پُتلی کو جواب دیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے حویلی آزاد کشمیر میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایسا وزیر اعظم نہیں چاہتے جو اسلام آباد میں بیٹھ کر مودی کے جیتنے کی دعائیں مانگے۔ ہم بےنظیر بھٹو کے نامکمل مشن کو مکمل کریں گے۔

انہوں ںے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کو مشکل وقت میں نہیں چھوڑ سکتی اور آزاد کشمیر میں جیالے وزیر اعظم کا انتخاب کریں گے۔ پیپلز پارٹی نے اپنے دورمیں ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور میں سب سے زیادہ روزگار ملا، غریب کی آواز ایک ہی جماعت ہے اور وہ ہے پیپلز پارٹی۔ ہماری جماعت کبھی کشمیر کا سودا نہیں کر سکتی اور یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ خوشیاں اُن کے ساتھ منائیں اور دُکھ آپ کے ساتھ۔ پیپلز پارٹی ہی واحد جماعت ہے جو کبھی پاکستان کا سودا نہیں کرے گی۔

بھارتی وزیر اعظم سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالنے والی صرف ایک ہی جماعت ہے اور وہ پیپلزپارٹی ہے۔ ہماری بدقسمتی ہے کہ وزیر اعظم نااہل ہیں جو کشمیر پر حملہ ہوا تو کہتے ہیں میں کیا کروں۔ پاکستان کے وزیر اعظم میں کشمیر کے لیے بات کرنے کی ہمت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم تاریخی حملے کے ردعمل میں کہتے ہیں کہ ہم اپنی شاہراہ کو سرینگر کا نام دیتے ہیں۔ ہمارا وزیر اعظم کشمیرکے معاملے میں ناکام رہا ہے جو کشمیری بہن بھائیوں کی امیدوں پر پورا نہیں اترا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ بےنظیر کہتی تھیں جہاں کشمیری کا خون گرے گا وہاں میرا خون گرے گا اور حویلی کے عوام کا ایک ہی نعرہ ہے، کشمیر کا سودا نامنظور۔ 25 جولائی کو کشمیری عوام کٹھ پُتلی کو جواب دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کشمیری عوام کی ڈکٹیشن کے علاوہ کسی کی نہیں مانیں گے جبکہ ہم دہلی اور اسلام آباد کی ڈکٹیشن بالکل نہیں مانتے۔

ادھر مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ کشمیر کا بیٹا نواز شریف کشمیریوں کے حقوق کی جنگ لڑے گا۔

مظفرآباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری رگوں میں کشمیری ماں باپ کا خون ہے، میرا باپ اور میری ماں کشمیری ہیں، نوازشریف کی قیادت میں کشمیریوں کے مسائل حل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے دکھوں نے ایک دن ختم ہونا ہے، سرحد کےدونوں اطراف کے کشمیری متحد ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ 12 سے 13 دن کشمیریوں کے ساتھ گزاروں گی، پاکستان کشمیریوں کے ساتھ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کہتے ہیں نواز شریف کی سیاست ختم ہو گئی،اتنےخوفزدہ ہیں نوازشریف سے بات شروع اور ختم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے اور کشمیریوں کو نواز شریف بہت شدت سے یاد آرہے ہیں، نوازشریف نے مجھے فون کر کے کہا کشمیر جاؤ تمہیں کشمیریوں سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔

نائب صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ کشمیریوں کا الیکشن چوری کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، کان کھول کر سن لو، یہ اب پرانی ن لیگ نہیں، ہمیں چوری ہونے والی سیٹیں نکلوانے کا ہنر آ گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈسکہ کی سیٹ تمہارے حلق سے واپس نکالی، آزاد کشمیر میں ووٹ چوری ہوا تو آخری وقت تک پیچھا کریں گے، دھاندلی ہوئی تو شاہراہ دستور پر دھرنا دیں گے۔

About The Author