دسمبر 24, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

بھارت: سیلفی لینے کے دوران 3 لڑکیاں ڈوب کر ہلاک

بھارت کے علاقے تلنگانہ کے ایک گاؤں میں ایک ہی خاندان کی تین لڑکیاں زرعی فارم کے ٹینک میں ڈوب کر ہلاک ہو گئیں

نئی دہلی:

بھارت میں سیلفی لینے کے دوران دو بہنوں سمیت تین لڑکیاں ڈوب کر ہلاک ہو گئیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق

بھارت کے علاقے تلنگانہ کے ایک گاؤں میں ایک ہی خاندان کی تین لڑکیاں زرعی فارم کے ٹینک میں ڈوب کر ہلاک ہو گئیں۔

ہلاک ہونے والی لڑکیوں میں 16 سالہ الیمی سنیتا، اس کی بہن 14 سالہ ویشالی اور ان کی کزن 14 سالہ انجلی شامل ہیں۔

خاندانی ذرائع کے مطابق تینوں لڑکیاں سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر کرنے کے لیے اچھی تصویر بنانے کی کوشش کر رہی تھیں۔

پولیس کے مطابق سنیتا اور ویشالی وقت گزارنے کے لیے اپنی والدہ اور کزن کے ہمراہ اتوار کو اپنے زرعی فارم پر گئیں۔

جہاں وہ اپنے موبائل فون سے تصاویر لے رہی تھیں۔ اس دوران لڑکیوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے لیے پانی کے ٹینک کے قریب جا کر تصاویر کھینچنے کی خواہش ظاہر کی۔

جب لڑکیاں کافی دیر تک واپس نہیں آئیں تو ان کی والدہ کو فکر لاحق ہوئی اور انہوں نے لڑکیوں کی تلاش شروع کر دی

ناکامی کی صورت میں تھانے میں لڑکیوں کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی گئی۔

اگلی صبح کچھ دیہاتیوں نے ٹینک پر لڑکیوں کی لاشیں تیرتے دیکھیں تو پولیس کو اطلاع دی۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو قبضے میں لے لیا۔

جائے حادثے سے ملنے والے موبائل فون کی تصاویر چیک کی گئیں تو وہ ڈوبنے سے چند لمحے پہلے کی تھیں۔

پولیس کے مطابق لاشوں سے کوئی قتل کا شبہ نہیں ہوتا اور جہاں وہ لڑکیاں ڈوب کر ہلاک ہوئیں وہاں بہت زیادہ پھسلن تھی

جس کے باعث تفتیش کاروں کو شبہ ہے کہ لڑکیاں پھسلن کی وجہ سے ڈوب کر ہلاک ہوئیں تاہم واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

About The Author