نومبر 24, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

شہزادہ ہیری کو امریکی کمپنی میں ملازمت مل گئی

شہزادہ ہیری امریکی کوچنگ اور ذہنی صحت پر کام کرنے والی کمپنی “بیٹر اپ” میں چیف امییکٹ آفیسر کے عہدے پر کام کریں گے

شہزادہ ہیری کو امریکی کمپنی میں ملازمت مل گئی

برطانوی شاہی خاندان کے رکن ڈیوک آف سسیکس شہزادہ ہیری شاہی خاندان چھوڑنے کے بعد پہلی نوکری کریں گے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق شہزادہ ہیری امریکی کوچنگ اور ذہنی صحت پر کام کرنے والی کمپنی “بیٹر اپ” میں چیف امییکٹ آفیسر کے عہدے پر کام کریں گے۔

شہزادہ ہیری نے کہا کہ وہ اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بارے میں بہت خوش ہیں۔ ان کے کام کی نوعیت، اوقات کار اور اس کے عوض انہیں ملنے والا معاوضہ ابھی طے نہیں ہے۔

اپنے بیان میں شہزادہ ہیری کا کہنا ہے کہ اس نئے عہدے میں ان کا مقصد ’ذہنی صحت سے متعلق ضروری بحث کو اجاگر کرنا، مددگار اور ہمدرد کمیونیٹی کا قیام اور ایماندار اور حساس موضوعات پر مباحثے کے لیے ماحول کو فروغ دینا‘ ہے۔

امریکی کمپنی بیٹر اپ کے سی ای او الیکسی روبیچاکس نے وال سٹریٹ جرنل (ڈبلیو ایس جے) کو بتایا کہ شہزادہ ہیری ملازمین کا انتظام نہیں سنبھالیں گے یا لوگ براہ راست ان کو رپورٹ نہیں کریں گے، لیکن جب حالات اجازت دیں گے تو وہ کمپنی کے سان فرانسسکو ہیڈکوارٹر میں کچھ وقت گزاریں گے۔

وال سٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق توقع ہے کہ شہزادہ ہیری کمپنی کے پہلے چیف امپیکٹ آفیسر کے طور پر پراڈکٹ اسٹریٹجی کے متعلق فیصلہ سازی اور رفاہی معاملات پر اپنی رائے دینے کے ساتھ ساتھ ذہنی صحت سے متعلق موضوعات کی حمایت پر عوامی سطح پر بات کریں گے۔

گذشتہ برس مارچ میں ان کے اور ان کی اہلیہ ڈچز آف سسیکس میگھن مارکل کی بطور شاہی خاندان کے سینئر ارکان کے عہدے سے دستبرداری کے بعد یہ ان کا نوکری کے حوالے سے تازہ ترین اقدام ہے۔

شہزادہ ہیری کا نوکری سے متعلق یہ بیان اس ماہ کے شروع میں اپنی اہلیہ میگھن مارکل کے ہمراہ اوپرا ونفری کو ایک تہلکہ خیز انٹرویو دینے کے بعد سامنے آیا ہے۔

امریکی کمپنی بیٹر اپ 2013 میں قائم کی گئی تھی، یہ کمپنی پیشہ وارانہ کوچنگ، کونسلنگ اور رہنمائی فراہم کرتی ہے۔ اس کمپنی کے پاس تقریباً دو ہزار کوچز ہیں جو 49 زبانوں میں دنیا کے 66 ممالک میں خدمات فراہم کر رہے ہیں۔

About The Author