دسمبر 29, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

وزیراعظم کے لیے اعتماد کا ووٹ: قومی اسمبلی کا اجلاس کب بلایا جائیگا؟

وزیر خارجہ نے کہا کہ قومی اسمبلی کی ایک سیٹ پر ہماری خاتون ممبر کامیاب ہوئیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سید یوسف رضا گیلانی کی جیت کے لیے ہر حربہ استعمال ہوا۔

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے لیے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کی خاطر اجلاس کل طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ حکومت نے کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کل قومی اسمبلی کا اجلاس ہونا تھا لیکن اب کیے جانے والے فیصلے کے تحت کل کا اجلاس پہلے ختم کردیا جائے گا اور اس کے بعد دوسرا اجلاس بلایا جائے گا۔

اس سے قبل یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ وزیراعظم عمران خان کے لیے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کی خاطر قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے لیے صدر مملکت کو ایڈوائس کل بھیجی جائے گی۔

سینیٹ الیکشن میں اسلام آباد سے جنرل نشست پر شکست کے بعد وزیراعظم عمران خان نے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

گزشتہ شب پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے یہ بات میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتائی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ قومی اسمبلی کی ایک سیٹ پر ہماری خاتون ممبر کامیاب ہوئیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سید یوسف رضا گیلانی کی جیت کے لیے ہر حربہ استعمال ہوا۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ گیلانی کی جیت نے وزیراعظم عمران خان کے خدشات پر مہر لگادی۔ انہوں ںے کہا کہ ضمیروں کے سوداگروں نے جمہوریت کے نام پر ضمیروں کی خریداری کی۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین کی تشریح کا حق سپریم کورٹ کے پاس ہے اور ہم نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو کھلے دل سے قبول کیا۔

پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سپریم کورٹ نے کہا صاف شفاف الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویڈیو آنے کے بعد الیکشن کمیشن پر زیادہ ذمہ داری آتی تھی کہ وہ صاف و شفاف الیکشن کراتے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے جس طرح کی سیاست کی ہے وہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن نے اپنی ذمہ داری صحیح طریقے سے نہیں نبھائی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے سیاسی کلچر کو تبدیل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن الیکشن کمیشن شفافیت کی یقین دہانی کرانے میں ناکام رہا۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سینیٹ الیکشن کے نتائج سے ہمارے بیانیےکو تقویت ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن سے متعلق ہمارے خدشات درست ثابت ہوئے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ گزشتہ سینیٹ الیکشن میں بھی ووٹوں کی خرید وفروخت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ضمیر کے سوداگروں کو ناکامی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ علی حیدر گیلانی کاچہرہ، آواز اور ان کی حرکتیں عوام کے سامنے ہیں۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ایوان سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں ںے کہا کہ قوم کو پتہ چل جائے گا کون کہاں کھڑا ہے؟ انہوں نے کہا کہ جو عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں وہ ایک طرف دکھائی دیں گے۔

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ سینیٹ انتخابات میں اسلام آباد سے پی ڈی ایم کے امیدوار سید یوسف رضا گیلانی کی کامیابی اور حکومتی امیدوار وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی شکست کے بعد سامنے آیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

جناب! عوام کو ہلکا نہ لیں۔۔۔عاصمہ شیرازی

’لگے رہو مُنا بھائی‘۔۔۔عاصمہ شیرازی

یہ دھرنا بھی کیا دھرنا تھا؟۔۔۔عاصمہ شیرازی

نئے میثاق کا ایک اور صفحہ۔۔۔عاصمہ شیرازی

About The Author