ملک سراج احمد
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
برصغیر پاک وہند کے قادرالکلام شاعر جوش ملیح آبادی کے متعلق کچھ لکھنا یا تبصرہ کرنا کوئی معمولی بات نہیں ایک ایسا شخص جو اپنی زات میں ایک انجمن ہو جس کی شاعری کے علاوہ نثر بھی نقطہ کمال کو پہنچ رہی ہو کوئی کیا لکھے گا۔اس لیے جوش سے متعلق گفتگو ان کی اپنی ہی زبانی ٹھیک رہے گی ۔جوش اپنی خودنوشت یادوں کی برات میں لکھتے ہیں کہ میری زندگی کے چار بنیادی میلانات ہیں، شعر گوئی، عشق بازی، علم طلبی اور انسان دوستی۔
شاعری سے متعلق وہ لکھتے ہیں کہ میں نے شاعر بننے کی تمنا کبھی نہیں کی، بلکہ شعر خود خواہش آں کرد کہ گرد دفن ما، میں شاعری کے پیچھے کبھی نہیں دوڑا بلکہ شاعری نے خود میرا تعاقب کیا۔ اور نو برس کی عمر میں ہی مجھ کو پکڑ لیا۔اگر شاعری کوئی اچھی شے ہے تو واللہ میں کسی آفرین کا مستحق نہیں ہوں۔اور اگر وہ کوئی بری چیز ہے تو خدا کی قسم میں کسی ملامت کا بھی سزاوار نہیں۔
جوش اپنی عشق بازی سے متعلق لکھتے ہیں کہ ہوش آتے ہی اچھی صورتیں میری نگاہوں کو اپنی طرف کھینچنے لگی تھیں۔یہ سچ ہے کہ عشق فطرت کا بہت بڑا فریب ہے جو اس لئے دیا جاتا ہے کہ انسان،افزائش نسل کے توسط سے موت کے مقابلے میں حیات پیدا کرتا رہے۔اپنے وجود میں کمی اور آبادی کے تن وتوش میں اضافہ کرے۔
اپنی علم طلبی سے متعلق لکھتے ہیں کہ جوانی کی اندھیری برساتوں میں بھی ہر چند میری جھنجھاتی راتیں، سارنگیوں کی رؤں رؤں، مجیروں کی کھن کھن، طبلوں کی ٹکوروں اور گھنی زلفوں کی چھاؤں میں پینگ لیا کرتی تھی۔لیکن میرے دن کتابوں کے مطالعے، شعروں کی تخلیق اور علماء وشعراء کی صحبتوں میں بسر ہوا کرتے تھے۔
انسان دوستی کے متعلق جوش یادوں کی برات میں لکھتے ہیں کہ تمہاری نیت مجاہدات نفس کے سامنے حور وقصور اور کوثر وطہور کے پرے جمے ہوئے ہیں۔لیکن میرے جذبہ حب انسانی کی گلی حوران مقصورات کے خیموں کی طرف نہیں مڑتی،براہ راست دار کی طرف لے جاتی ہے۔ایک اور مقام پر لکھتے ہیں کہ جہالت کی لے اس قدر بڑھ چکی ہے کہ خود بڑے بڑے تعلیم یافتہ افراد بھی اس دھوکے میں آچکے ہیں کہ ہم پاکستانی، ہندوستانی، افغانستانی،ترکستانی اور انگلستانی ہیں، اور اسی کے ساتھ ساتھ ہر فرد یہ سمجھتا ہے کہ میں ہندو ہوں،مسلمان ہوں، عیسائی وہں زرتشی ہوں،یہودی ہوں لیکن ان سادہ لوحوں کے ذہنوں میں یہ تصور اجاگر ہی نہیں ہوتا کہ میں انسان ہوں سب سے پہلے انسان ہوں اور اس کے بعد کچھ اور۔
یہ تھی جوش کے چار بنیادی میلانات پر اُن کی اپنی گفتگو جو انہوں نے اپنی خودنوشت یادوں کی برات میں کی۔آفریدی قبیلے سے تعلق رکھنے والے جوش ملیح آبادی کا خاندانی نام شبیر احمد خان تھا۔تاہم اس نام کو بدل کر شبیر حسن خان کردیا گیا۔جوش ضلع لکھنو میں ملیح آباد کے ایک متمول گھرانے میں پانچ دسمبر 1898کو پیدا ہوئے۔جوش کے والد گرامی نواب بشیر احمد خاں بشیر بھی شاعر تھے اور جوش کے دادا نواب احمد خاں بھی شاعری کرتے تھے۔یہی نہیں بلکہ جوش کے پردادا نواب فقیر محمد خاں بھی صاحب دیوان شاعرتھے۔
علمی وادبی گھرانے میں آنکھ کھولنے والے جوش نا صرف مادری زبان اردو میں مکمل گرفت رکھتے تھے بلکہ عربی، ہندی ،انگریزی اور فارسی پر بھی ان کو مکمل عبور حاصل تھا۔جوش نے عربی کی تعلیم مرزا ہادی رسوا سے ،فارسی اور اردو کی تعلیم مولانا قدرت بیگ ملیح آبادی سے حاصل کی ۔شاعری کی ابتدا میں عزیز لکھنوئی سے اصلاح سخن لی تاہم جلد یہ سلسلہ منقطع ہوگیا۔
۔یہی وجہ ہے کہ جوش صرف شاعر ہی نہیں بلکہ اعلیٰ پائے کے نثر نگار بھی تھے۔۔صحافت سے بھی منسلک رہے اور دہلی سے ادبی رسالہ کلیم شروع کیا تاہم مالی مسائل کے سبب زیادہ عرصہ جاری نا رکھ سکے۔اس کے بعد کچھ مدت بھارتی سرکار کے رسالہ آج کل کے مدیر بھی رہے۔جوش فلمی دنیا سے بھی وابستہ رہے اور 1943 سے 1948 تک پانچ سال کی مدت میں مختلف فلموں کی خاطر گانے لکھے۔نظام حیدرآباد کے دارالترجمہ میں ملازمت ملی مگر جوش مصلحت پسند نا بن سکے اور نظام کے خلاف ہی نظم لکھ ڈالی جس کی بنا پر نوکری سے ہاتھ دھونے پڑے۔
1955 میں جوش پاکستان ہجرت کرکے آگئے اور انجمن اردو ترقی بورڈ کراچی سے وابستہ ہوگئے تاہم جلد ہی اختلافات کے سبب یہاں سے بھی سبکدوش ہونا پڑا۔جوش نے اپنی لسانی صلاحیتوں کے سبب قومی اردو لغت کی ترتیب وتالیف میں بھرپور علمی معاونت کی۔
1972 میں جوش نے اپنی خودنوشت یادوں کی برات مکمل کی اور اس کی اشاعت کراچی سے ہوئی ۔ اس کتاب نے برصغیر پاک وہند کے علمی وادبی حلقوں میں ایک طوفان برپا کردیا۔اس خود نوشت کے بعد جوش تنازعات کا شکار ہوگئے اور کم وبیش دس برس تک ان تنازعات کے سبب مسائل اور مشکلات کا شکار رہے۔1978 میں ایک متنازعہ انٹرویو کے سبب جوش کو زرائع ابلاغ میں بلیک لسٹ کردیا گیا۔تاہم جلد ہی ان کی مراعات بحال ہوگئیں۔
جوش کے شعروں مجموعوں میں روح ادب، آوازہ حق، شاعر کی راتیں، جوش کے سو شعر، نقش و نگار، شعلہ و شبنم، پیغمبر اسلام، فکر و نشاط، جنوں و حکمت، حرف و حکایت، حسین اور انقلاب، آیات و نغمات، عرش و فرش، رامش و رنگ، سنبل و سلاسل، سیف و سبو، سرور و خروش، سموم و سبا، طلوع فکر، موجد و مفکر، قطرہ قلزم، نوادر جوش، الہام و افکار، نجوم و جواہر، جوش کے مرثیے، عروس ادب (حصہ اول و دوم)، عرفانیات جوش، محراب و مضراب، دیوان جوش شامل ہیں۔
جنگل کی شہزادی ، ایسٹ انڈیا کمپنی کے فرزندوں سے خطاب ، مناظر سحر، تلاشی اور فتنہ خانقاہ جوش کی مشہور نظمیں ہیں ۔ جبکہ حسین اور انقلاب وہ مرثیہ ہے جس نے مرثیہ گوئی کے ایک نئے عہد کی بنیاد رکھی ۔جوش کی نثری کتابوں میں مقالات جوش، اوراق زریں ،جذبات فطرت،اشارات اور خود نوشت یادوں کی برات شامل ہیں۔
ستر کی دہائی میں جوش کراچی سے اسلام آباد منتقل ہوئے ۔22 فروری 1982 کو جوش ملیح آبادی نے وفات پائی اور اسلام آباد میں ہی آسودہ خاک ہوئے ۔
برائے رابطہ 03334429707
وٹس ایپ 03352644777
یہ بھی پڑھیے:
ڈانسنگ ایلیفینٹ ۔۔۔ ملک سراج احمد
وہ لڑکی لال قلندر تھی ۔۔۔ملک سراج احمد
حیات جرم نہ ہو زندگی وبال نہ ہو ۔۔۔ ملک سراج احمد
بے نظیر بھٹو کی پکار: الوداع پاپا ۔۔۔ملک سراج احمد
عوام کے حق حاکمیت کی فیصلہ کن جنگ۔۔۔ ملک سراج احمد
حضرت خواجہ غلام فرید ؒ – پیلوں پکیاں نی وے، آ چنوں رل یار ۔۔۔ ملک سراج احمد
اے وی پڑھو
اشولال: دل سے نکل کر دلوں میں بسنے کا ملکہ رکھنے والی شاعری کے خالق
ملتان کا بازارِ حسن: ایک بھولا بسرا منظر نامہ||سجاد جہانیہ
اسلم انصاری :ہک ہمہ دان عالم تے شاعر||رانا محبوب اختر