دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

شکریہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار۔۔۔ملک سراج احمد

ڈیرہ غازی خان کا شمار پنجاب کے ان اضلاع میں ہوتا ہے جہاں کی سیاسی شخصیات نے ملکی وصوبائی سیاست میں اہم عہدوں پر بھرپور کردار ادا کیا ہے ۔

ملک سراج احمد

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ڈیرہ غازی خان کا شمار پنجاب کے ان اضلاع میں ہوتا ہے جہاں کی سیاسی شخصیات نے ملکی وصوبائی سیاست میں اہم عہدوں پر بھرپور کردار ادا کیا ہے ۔جغرافیائی اعتبار سے ڈیرہ غازی خان کو قدرت نے فیاضی سے نوازا ہے ۔ضلع ڈیرہ غازی خان کے مشرق میں دریائے سندھ بہتا ہے تو مغرب میں کوہ سلیمان کا پہاڑی سلسلہ موجود ہے اور یہ پنجاب کی آخری صوبائی حد ہے اس سے آگے بلوچستان شروع ہوجاتا ہے ۔ضلع بنیادی طور پر شمال سے جنوب کی طرف پھیلا ہوا اور شمال میں اس کی سرحد صوبہ کے پی کے سے ملتی ہے جبکہ جنوب میں ضلع راجن پور واقع ہے۔
ڈیرہ غازی خان کی سیاست کا اگر بغور جائزہ لیں تو اگر ضلع میں شمال سے جنوب کی طرف سفر کریں تو سیاسی تقسیم کچھ یوں ہے کہ تونسہ کے خواجگان ، قیصرانی ، بزدار،لُنڈ،کھوسہ،لغاری خاندان یہاں کی سیاست پر چھائے ہوئے ہیں ۔اس کے علاوہ چند ایک نشستوں پر مختلف ادوار میں مختلف سیاسی شخصیات منتخب ہوتی رہی ہیں تاہم ضلع بھر میں سیاسی اثررسوخ ان ہی گھرانوں کا چلتا ہے ۔اس وقت بھی کم وبیش ہر خانوادے کی قومی یا صوبائی اسمبلی میں نمائندگی موجود ہے۔ڈیرہ غازی خان کے سیاست دانوں پر قسمت کی دیوی ہمیشہ مہربان رہی اور مختلف سیاسی ادوار میں ان سیاسی شخصیات کو اہم عہدے ملتے رہے ہیں۔
ڈیرہ غازی خان کی سیاست میں پہلی بار بڑا عہدہ اُس وقت آیا جب سردار فاروق خان لغاری کو اُن کی جماعت پیپلزپارٹی نے ملک کی صدارت کیلئے نامزد کیا۔بلاشبہ یہ بہت بڑا عہدہ تھا اور سردار فاروق خان لغاری 14 نومبر1993 کو صدرپاکستان منتخب ہوئے اور 2 دسمبر1997 تک اس عہدے پر فائز رہے ۔سردار فاروق احمد خان لغاری نے اپنے عہد صدارت میں ڈیرہ غازی خان کو پہلی بار سوئی گیس ، ائیرپورٹ اور بین الصوبائی شاہراہ کوئٹہ روڈ پر رودکوہیوں پر پل بنا کردئیے۔ڈیرہ غازی خان شہر میں پہلی بار سڑکیں نئے سرے سے تعمیر ہوئیں۔گزشتہ ادوار کی محرومیاں اور پسماندگیوں کا اگر بغور جائزہ لیا جائے تو بلاشبہ یہ بڑے کام تھے۔
پنجاب کی سیاست میں سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے ۔ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والے سردار ذوالفقارعلی خان کھوسہ 18 اگست 1999 میں پنجاب کے گورنر بنے تاہم دوماہ سے بھی کم مدت اس عہدہ پر براجمان رہے اور 12 اکتوبر 1999 کو مارشل لا کے بعد اس عہدے کو چھوڑ دیا۔تاہم سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ کا بطور وزیر تعلیم ڈیرہ غازی خان بہت اہم کردار رہا ہے۔ڈیرہ ایجوکیشن بورڈ سمیت ضلع بھر میں بے شمار سکول، ہائی سکولز، ہائیرسیکنڈری سکولز، کالجز انہی کے دور میں بنے اور تعلیمی اداروں کا ایک جال بچھایا گیا۔
سردار ذوالفقارعلی خان کھوسہ کے صاحبزادے سردار دوست محمد خان کھوسہ اپریل 2008 میں وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوئے۔ کم وبیش تین ماہ وزارت اعلیٰ کے منصب پر فائز رہنے والے سردار دوست محمد خان کھوسہ نے ڈیرہ غازی خان میں میڈیکل کالج شروع کرایا پہلی بار شہر میں دو رویہ کارپٹڈ سڑکیں بنائی گئیں غازی یونیورسٹی،ٹراما سینٹر کئی اہم منصوبوں نے شہر کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔اس دور میں شروع ہونے والے منصوبوں کی تکمیل کے بعد ڈیرہ غازی خان کی حالت بہتر ہوئی اور شہریوں کا معیار زندگی بہتر ہوا۔
2018 کے عام انتخابات ڈیرہ غازی خان کی تحصیل تونسہ کی ایک نشست سے جنوبی پنجاب صوبہ محاز کے پلیٹ فارم سے پہلی بار ممبر صوبائی منتخب ہونے والے سردار عثمان خان بزدار پنجاب کے وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے۔بلاشبہ یہ ڈیرہ غازی خان اور خاص طورپر پسماندہ تحصیل تونسہ کے لیے اعزازتھا۔سردار عثمان بزدار نے سب سے پہلے تو ن لیگ کے دور میں شروع ہونے والے ڈیرہ ملتان روڈ کی تکمیل کیلئے فنڈز جاری کرائے اور اس سڑک کو مکمل کرایا۔اس کے بعد تحصیل تونسہ اورتحصیل کوہ سلیمان کی پسماندگی دور کرنے کے لیئے چھوٹے بڑے درجنوں ترقیاتی منصوبے شروع کرائے۔سب سے قابل زکر منصوبہ ڈیرہ غازی خان شہر میں سردار فتح محمد خان بزدار کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ کی تعمیر کا آغاز تھا ۔یہ وہ منصوبہ تھا جس کا ایک مدت سے مطالبہ کیا جارہا تھا۔شنید ہے کہ آئندہ سال سے اس ہسپتال کی اوپی ڈی کام شروع کرد گی۔
سردار عثمان خان بزدار کی بطور وزیراعلیٰ اپنے علاقے سے وابستگی میں کمی نہیں آئی اور گزشتہ روز انہوں نے ضلع راجن پور کا دورہ کیا اور اپنے اس دورے میں انہوں نے کم وبیش تمام مطالبات جن کا تقاضہ اہلیان راجن پور ایک مدت سے کرتے چلے آرہے تھے کو مانتے ہوئے ان پر کام شروع کرنے کا اعلان کیا۔سب سے اہم کہ جامپور کو ضلع بنانے کے حوالے سے اپنی خواہش کا اظہار کیا۔راجن پورمیں 16ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے جن میں یونیورسٹی ،ضلع میں نئے کالجز اور سکولز،مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال شامل ہیں
کوئی شک نہیں کہ ڈیرہ غازی خان اور اب راجن پور جیسے پسماندہ اضلاع کے دیرینہ مطالبات پورئے کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان خان بزدار تعریف کے مستحق ہیں۔کیا ہی اچھا ہوتا کہ وزیراعلیٰ پنجاب انڈس ہائی وے جس کو اب ضلع ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں قاتل روڈ پکارا جاتا ہے کا بھی کوئی اعلان کردیتے۔امید ہے انڈس ہائی وے کی تعمیر کے حوالے سے وہ جلد کچھ اقدامات کریں گے۔
آخری بات یہ کہ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار جنوبی پنجاب صوبہ محاز کے فورم سے منتخب ہوئے ہیں اور وزیراعظم عمران خان نے وعدہ کیا تھا کہ وہ حکومت کے پہلے 100 دنوں میں صوبہ بنائیں گے اور تاحال وزیراعظم اپنا یہ وعدہ وفا نہیں کرسکے اگر ممکن ہو تو وزیراعظم کو ان کاوعدہ یاد دلائیں کہ وعدہ الگ صوبہ کا تھا الگ سیکرٹریٹ کا نہیں تھا۔صوبہ پہلے 100 دنوں میں نا سہی اقتدار کے آخری 100دنوں میں الگ صوبہ بنا دیں تو بھی وہ باوفا کہلائیں گے۔اور ویسے بھی ایک لیڈر کے شایان شان ہوتا ہے کہ وہ اپنے کیئے گئے وعدوں کو پورا کرئے تاکہ عوام میں سرخرو ہوسکے۔باقی اب تک جو کچھ سرائیکی وسیب کیلئے وزیراعلیٰ نے کیا ہے اس پر یہی کہیں گے کہ شکریہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان خان بزدار
تحریر:ملک سراج احمد
براے رابطہ 03334429707
براے وٹس ایپ 03352644777

یہ بھی پڑھیے:

ڈانسنگ ایلیفینٹ ۔۔۔ ملک سراج احمد

وہ لڑکی لال قلندر تھی ۔۔۔ملک سراج احمد

حیات جرم نہ ہو زندگی وبال نہ ہو ۔۔۔ ملک سراج احمد

بے نظیر بھٹو کی پکار: الوداع پاپا ۔۔۔ملک سراج احمد

عوام کے حق حاکمیت کی فیصلہ کن جنگ۔۔۔ ملک سراج احمد

حضرت خواجہ غلام فرید ؒ – پیلوں پکیاں نی وے، آ چنوں رل یار ۔۔۔ ملک سراج احمد

About The Author