نومبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

نور جہاں کی برسی ۔۔۔ظہور دھریجہ

لاہور شہر سے اسٹیج اور تھیٹر سے اپنے فن کا آغاز کیا۔ پہلی شادی 1943ء میں شوکت حسین رضوی اور دوسری اداکار اعجاز درانی سے ہوئی ۔ 1935ء میں پہلی فلم میں بطور چائلڈ سٹار کام کیا۔

ظہور دھریجہ 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گزشتہ دنوں ملکہ ترنم نور جہاں کی برسی خاموشی سے گزر گئی ۔دکھ اس بات کا ہے کہ برسی کے موقع پر قابل ذکر تقریبات کا انعقاد نہیں ہوا۔ اس مرتبہ تو کورونا کا بہانہ ہے ، مگر اس سے پہلے بھی ہر برسی اسی طرح گزر جاتی تھی ، بلاشبہ فن کی دنیا میں ملکہ ترنم نور جہان ایک بہت بڑا نام ہے۔
اُن کی فن کے علاوہ ایک لحاظ سے عسکری خدمات بھی ہیں کہ 1965ئ، 1971ء کی پاک بھارت جنگ کے دوران انہوں نے ملی ترانے گا کر پاکستانی قوم اور افواج پاکستان کا مورال بلند کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
صوفی تبسم کا لکھا ہوا پنجابی ملی نغمہ ’’اے پتر ہٹاں تے نیں وکدے، توں لبھنی پھریں بازار کُڑے‘‘ آج بھی ہر زبان پر ہے۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ ملکہ ترنم نور جہان کی پنجابی زبان کیلئے بہت خدمات ہیں مگر اہل پنجاب نے اُن کو بھلا دیا ہے۔
ملکہ ترنم نور جہان کی قبر لاہور یا قصور میں ہونی چاہئے تھی مگر اُن کو کراچی میں دفن کیا گیا۔ ایک مرتبہ اپنے دوست غلام مصطفی خان کے ہمراہ کراچی کے ڈیفنس قبرستان میں ملکہ ترنم نور جہان کی قبر پر فاتحہ کیلئے گیا تو یہ دیکھ کر بہت افسوس ہوا کہ قبر گری ہوئی تھی اور لوح قبر بھی سلامت حالت میں نہ تھی۔
ایسے لگ رہا تھا کہ جیسے لاوارث قبر ہو۔ ملکہ ترنم نور جہاں کا تعلق ایک لحاظ سے وسیب سے بھی رہا کہ اُن کے بیٹے صادق پبلک سکول بہاولپور میں پڑھتے تھے اور اُن کا بہاولپور آنا جانا رہتا تھا۔ معروف دانشور و رہنما ملک حبیب اللہ بھٹہ سے اُن کے بہت مراسم تھے۔
ملکہ ترنم نور جہاں نے سرائیکی فلم ’’دھیاں نمانیاں‘‘ کیلئے سرائیکی گیت گائے اور دیگر مواقع پر اور خواجہ فرید کی کافیاں محبت سے گائیں بلکہ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ اُن کا آغاز ایک سرائیکی لوک گیت سے ہوا۔ ملکہ ترنم نور جہاں کا اصل نام اللہ وسائی تھا وہ کوٹ مراد خان قصور میں 21 ستمبر 1926ء کو پیدا ہوئیں۔ اُن کے استاد کا نام غلام محمد ہے۔
لاہور شہر سے اسٹیج اور تھیٹر سے اپنے فن کا آغاز کیا۔ پہلی شادی 1943ء میں شوکت حسین رضوی اور دوسری اداکار اعجاز درانی سے ہوئی ۔ 1935ء میں پہلی فلم میں بطور چائلڈ سٹار کام کیا۔
ہیروئن کے طور پر 1942ء میں جلوہ گر ہوئیں۔ پہلا فلمی گیت ’’لنگھ آ جا پتن چنا دا یار‘‘ گایا۔ متحدہ ہندوستان میں 27 اور قیام پاکستان کے بعد تقریباً 100 سے زائد فلموں میں بطور اداکار و گلوکار اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ 23دسمبر 2000ء میں وفات ہوئی۔ اور ان کو کراچی میں دفن کیا گیا ۔
ہمارے دوست ڈاکٹر ظہور چودھری اپنی کتاب جہان فن میں ملکہ ترنم نور جہان کے بارے میں لکھتے ہیں کہ ملکہ ترنم نور جہاں بہت بڑی آواز تھیں ، ان میں خوبیوں کے ساتھ شخصی کمزوریاں بھی تھیں، جیسا کہ 1947ء سے 1961ء تک منور سلطانہ، پکھراج پپو، زینت بیگم، زبیدہ خانم، کوثر پروین گلوکاری کرتی ہیں ،ملکہ ترنم نورجہاں نے ان سے کوئی تعرض نہ کیا کیونکہ ان کی توجہ اداکاری کی جانب تھی مگر جب ’’غالب‘‘ کے بعد انہوں نے باقاعدہ پلے بیک گلوکاری کا آغاز کیا ۔
ملکہ ترنم نور جہاں کے لیے راستہ صاف تھا چنانچہ وہ آج کے دور کی امریکہ جیسی واحد سپر پاور طاقت بن کر ابھریں اور جتنی بھی جونیئر گلوکارائیں اس میدان میں اتریں انہوں نے پہلے نور جہاں کے پائوں چھوئے، ان کی آشیر باد حاصل کی اور تب کہیں جا کر انہیں گانے ملے۔ انڈسٹری کی اس ڈکٹیٹر شپ حاصل کرنے کا لا محالہ فائدہ تو بلا شرکت غیرے انہیں حاصل ہونا ہی تھا لیکن جو سب سے بڑا نقصان ہوا،
وہ یہ تھا کہ ملک اور فلمی صنعت کو نئی اور اچھی گلوکارائوں کی کھیپ حاصل نہ ہو سکی۔ اس کے برعکس بھارت میں لتا منگیشکر اور ان کی بہنوں کے علاوہ گیتا دت، سمن کلیانپور، مبارک بیگم، وانی جے رام، سلکھشانا پنڈت اور شاردا جیسی آوازیں موجود تھیں جن کی بناء پر وہاں نئی گلوکارائوں کی جو نرسری بنی تو آج اس میں سے الکا یاگنگ، انورادھا پوڈوال اپنے فن کا مظاہرہ کر رہی ہیں اور وہاں خاتون گلوکارائوں کا کوئی قحط پیدا نہیں ہوا۔
اپنی زندگی کے آخری برسوں میں مسرت نذیر سے بھی ان کے تعلقات اس لیے کشیدہ ہو گئے تھے کہ وہ گلوکارہ بن گئی تھیں وہ تو شکر ہوا کہ مسرت نذیر کینیڈا واپس چلی گئیں۔ ماسٹر عبداللہ، پاکستان فلم انڈسٹری کے ایسے ذہین، خوددار اور انا پرست موسیقارتھے جس کی مثال ملنا مشکل ہے۔ انہوں نے نور جہاں کے لیے ایسے خوبصورت گیت تخلیق کئے جن کی بناء پر وہ شہرت کے آسمان پر جا پہنچیں۔ چنانچہ 1965ء میں ’’ملنگی‘‘ کے لیے ’’ماہی وے ساہنوں بھل نہ جاویں‘‘ نے مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے تھے۔
انہی ماسٹر عبداللہ سے ملکہ ترنم کے تعلقات آخری دنوں میں سخت کشیدہ ہو گئے تھے۔ لیکن ان تمام باتوں کے باوجود اس خاتون میں بعض صفات ایسی بھی تھیں جو شاید کسی فنکارہ میں موجود نہ ہوں۔ وہ توٹ کر محبت کرنے والی خاتون تھیں۔ اعجاز درانی جب ہیروئن لے جاتے ہوئے لندن میں پکڑے گئے تو نور جہان نے تمام وسائل اس کی رہائی کے لیے صرف کر دیئے جبکہ اعجاز درانی نے ان کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا۔
اسی طرح اپنے کیمپ کے موسیقاروں، گلوکاروں، شاعروں، سازندوں، اپنے اہل خانہ کے ساتھ جو حسن سلوک انہوں نے کیا اس کی مثال نہیں ملتی۔ نور جہاں کی ذاتی زندگی پر اعتراض کرنے والے بھی بہت ہیں ، نور جہاں سرورِ جاں جیسی کتاب بھی لکھی گئیں مگر ذاتی معاملات سے ہٹ کر نور جہاں کی قومی خدمات ہیں ، آواز کی دنیا کے لوگ مر کر بھی نہیں مرتے کہ وہ اپنی آواز کے ساتھ زندہ رہتے ہیں ، اہل وطن کو اپنے ہی سرمایے کا احساس کرنا چاہئے اور نور جہاں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے لاہور میں انکی یادگار قائم کرنی چاہئے ۔ ٭٭٭٭٭

 

 

یہ بھی پڑھیں:

میرشیرباز خان مزاری اور رئیس عدیم کی وفات ۔۔۔ظہور دھریجہ

سندھ پولیس کے ہاتھوں 5 افراد کی ہلاکت۔۔۔ظہور دھریجہ

ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ۔۔۔ظہور دھریجہ

ایک تاریخ ایک تہذیب:چولستان ۔۔۔ظہور دھریجہ

About The Author