وجاہت مسعود
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اسپین کے جنوب میں اندلس کا تاریخی خطہ واقع ہے۔ یہاں کا صدر مقام قرطبہ جزیرہ نما آئبیریا (Iberian Peninsula) سے نکلنے والے دریا Guadalquivir کے دونوں کناروں پر آباد ہے۔ 712سے 1492 تک قریب آٹھ سو برس پر محیط مسلم دور حکومت میں یہ دریا وادی الکبیر کہلاتا تھا۔
سقوط غرناطہ سے کوئی پانچ سو برس بعد 1933ء میں لاہور کے صاحب جذب و فکر محمد اقبال اسپین گئے تو اس تاریخی تلمیح کو ایک لافانی شعر عطا کیا۔ آب رواں کبیر تیرے کنارے کوئی/ دیکھ رہا ہے کسی اور زمانے کا خواب۔ اردو ادب میں اقبال ایک شاعر نہیں، حرف، فکر اور معنی کا ایک بے کنار مظہر ہے۔
ابتدائی شاعری میں ’صبح کا ستارہ‘ کے عنوان سے ایک نظم ملتی ہے۔ ایک مصرع دیکھیے، ’صبح کا دامنِ صد چاک کفن ہے میرا‘۔ اور کہا، ’عشق کا سوز زمانے کو دِکھاتا جاؤں‘۔
شاعر نے سوز دکھانا چاہا تھا، ہم نے سوزش غم ہائے نہانی کا انتخاب کیا۔ اس لئے کہ سوزن تدبیر سے کام نہیں لیا۔ تاریخ کے تان پلٹے کسی طے شدہ بندش کے پابند نہیں ہوتے لیکن دیکھنے والی آنکھ اشارے سمجھتی ہے۔
یہی دیکھیے کہ 1492ء میں اسپین غرناطہ پر قبضہ کر رہا تھا تو عین اسی برس کولمبس کا بحری بیڑا امریکا کے ساحلوں پر اتر رہا تھا۔
زبان و بیان کی کہہ مکرنیوں میں ذوالفقار بخاری کی مہربانی کے طفیل ہمیں معلوم ہوا کہ ہمارے لشکر اجنبی زمینوں کو تاراج کریں تو اسے فتح لکھا اور بولا جائے اور اگر کہیں ہزیمت یا مراجعت کا مرحلہ درپیش ہو تو اسے سقوط کی اصطلاح دی جائے۔
صدیوں پر پھیلی طوائف الملوکی اپنے انجام کو پہنچے تو سارا الزام اندلس کے آخری حکمران ابو عبداللہ کے ناتواں کندھوں پر رکھ دیا جائے۔
23 برس تک اسکندر مرزا، منعم خان، ایوب خان، عزیز احمد، راؤ فرمان اور مسعود محمود کی چیرہ دستیوں پر مقبوضہ اخبارات کے صفحات پر قادرالکلامی کی داد دی جائے اور جب رمنا ریس کورس میدان کا مرحلہ آئے تو امیر عبداللہ نیازی کی گردن ناپی جائے۔
ایک اور برس بڑھ گیا زیاں کے دفتر میں۔۔۔وجاہت مسعود
1707ء میں اورنگ زیب کے بعد انتزاع سلطنت کی تفصیل سے آنکھیں بند کر کے 1857ء کی شکست بیاسی سالہ سراج الدین بہادر شاہ ظفر کی فرد جرم میں لکھ دی جائے۔ اقبال نے جس زمانے کا خواب دیکھا تھا، وہ تو رفعت خیال، اوج کمال، دفتر عمل اور جادہ فراست کی منزلیں تھیں۔
1938ء میں اقبال نے پردہ فرمایا تو پنجاب ہی میں مجید امجد جنم لے چکے تھے، اقبال کے خواب کا مآل بیان کرنا مجید امجد کے حصے میں آیا۔ ’یہ میرا دامن صد چاک، یہ ردائے بہار‘ اور مقطع میں حزن مسلسل کا ایزاد بھی رقم کیا، ’کٹی ہے عمر بہاروں کے سوگ میں امجد‘۔
ارے بھائی گلاب کے جاوداں پھول قبروں پر نہیں کھلتے۔ یہ غنچے تو دلوں کی کیاری میں بہار دیتے ہیں۔
جمعرات کو دس دسمبر تھا، 72 برس قبل اسی دن اقوام متحدہ نے انسانی حقوق کا اعلامیہ منظور کیا تو پاکستان کی باوقار مملکت ان 63 ممالک میں شامل تھی جو اس وقت تک آزادی کی نعمت سے ہمکنار ہو چکے تھے۔
مساوات، آزادی، حقوق اور احترام انسانیت کی اس اہم ترین دستاویز کا ہر برس جشن منایا جاتا ہے، اقوام عالم غور کرتی ہیں کہ کس تدبیر سے ایسی دنیا کی منزل قریب لائی جائے جہاں ہر انسان کو تحفظ، مساوات، آسودگی اور آزادی نصیب ہو سکے۔
رواں برس ہم نے یہ دن ٹویٹر پر مغلظات کا طومار باندھنے میں صرف کیا۔ کسی نے رائیونڈ پر دریدہ دہنی کی داد دی۔ کوئی پاکپتن پر بدزبانی کے جوہر دکھاتا رہا۔ کسی نے نامعلوم کس خیال سے مہمیز پاکر راولپنڈی پر خاک ڈالی۔
اس سے غرض نہیں کہ اس طوفان بدتمیزی کا آغاز کس نے کیا، ایسا کرنے والوں کی سیاسی وابستگی کیا تھی، اور ایسا کس کے اشارے پر کیا گیا؟ دکھ یہ ہے کہ گالی کو دلیل اور مغلظات کو سیاسی مکالمے کا متبادل سمجھا گیا۔
بیہودگی کے ہر اڈے پر ایک دو نہیں، ہزاروں افراد نے فحش گفتاری میں مکروہ حصہ ڈالا۔
درویش ایسا سادہ دل نہیں کہ اس ملک میں عورت کو آڑ بنا کر فحش گفتاری کی روایت سے واقف نہ ہو۔ ہم نے رعنا لیاقت علی کے غرارے پر خطابت کے جوہر دکھائے، مادر ملت کی شان میں گستاخی کی، بیگم نصرت بھٹو کی جعلی تصاویر پھیلائیں، بے نظیر پر گھٹیا آوازے کسے، عوامی جلسوں میں ذومعنی رکاکت کو رواج دیا۔
بیگم کلثوم کی بیماری پر سیاست کی۔ مریم نواز کی کردار کشی کی، اب بشریٰ بی بی کی توہین پر کمر باندھی ہے۔ نام نہاد غیرت بریگیڈ کی یہ نسل در نسل جہالت ہماری جمہوریت دشمن روایت کا حصہ ہے۔
صرف یاد دلانا ہے کہ جب اس ملک میں کسی چوہدری، وڈیرے اور سردار میں ایوب آمریت کا مقابلہ کرنے کی ہمت نہیں تھی تو مادر ملت نے یہ جھنڈا اٹھایا تھا۔ حیدر آباد ٹریبونل بنا تو نسیم ولی نے جمہوری حقوق کے لئے سیاہ چادر اوڑھی تھی۔ قذافی اسٹیڈیم کے دروازے پر نصرت بھٹو نے لاٹھیاں کھائی تھیں۔
سکھر جیل کی صعوبت بے نظیر بھٹو نے بھگتی تھی۔ لاہور کی سڑکوں پر کرین سے لٹکی گاڑی میں کلثوم نواز بیٹھی تھیں۔ یہ عاصمہ جہانگیر اور ملالہ یوسف زئی کا ملک ہے۔
آج بھی مریم نواز اور آصفہ بھٹو میدان میں ہیں۔ تفصیل کا موقع نہیں ورنہ لاہور کے شاہی قلعہ میں شاہدہ جبین، ساجدہ میر اور فرخندہ بخاری سے لے کر شہلا رضا اور فوزیہ وہاب تک پاکستان کی بہادر عورتوں کی فہرست طویل ہے۔ صرف یہ جان لیجئے کہ صنفی مساوات سے متعلقہ عالمی ادارے نے کل ہی اپنی سالانہ رپورٹ جاری کی ہے۔
کل 153 ممالک کی فہرست میں پاکستان کو 151 واں درجہ ملا ہے۔ صرف عراق اور یمن ہم سے پیچھے ہیں۔ ظالمو! روانڈا پہلے دس ممالک میں پہنچ گیا۔ سمجھ لیجئے کہ جو ملک اپنی نصف آبادی کو مساوات اور احترام دینے کا یارا نہیں رکھتا، اسے ٹویٹ کے غلیظ ٹرینڈ چلانے سے فرصت ملے تو اقبال کے دریائے کبیر کی روانی کو دھیان میں لائے۔ ابھی تو چلو بھر گدلے پانی کا کھیل کھیلا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:وبا کے دنوں میں بحران کی پیش گفتہ افواہ۔۔۔وجاہت مسعود
اے وی پڑھو
اشولال: دل سے نکل کر دلوں میں بسنے کا ملکہ رکھنے والی شاعری کے خالق
ملتان کا بازارِ حسن: ایک بھولا بسرا منظر نامہ||سجاد جہانیہ
اسلم انصاری :ہک ہمہ دان عالم تے شاعر||رانا محبوب اختر