دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ڈیرہ اسماعیل خان: قیس جاوید کے قتل پر صحافی برادری کا تین روزہ سوگ

صحافی قیس جاوید 10 سال تک ڈیرہ اسماعیل خان میں جیو نیوز کے کیمرہ مین رہے اور اب اپنا ویب چینل عہد نامہ کےلئے کام کرتے تھے

قیس جاوید کے قتل پر صحافی برادری کا تین روزہ سوگ، اور جے آئی ٹی کی تشکیل سمیت FIR میں دہشت گردی کی دفعات شامل کرنے کا مطالبہ

ڈیرہ اسماعیل خان: ( پریس ریلیز ) عہدنامہ سوشل میڈیا کے چیف ایگزیکٹیو اور گومل جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری صحافی قیس جاوید کے بہیمانہ قتل کی ڈیرہ کی تمام صحافی برادری بھرپور مذمت کرتے ہوئے قیس جاوید کے قاتلوں کی جلد گرفتاری اور کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کرتی ہے

اس کے ساتھ ساتھ گومل جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے صدر محمد جاوید نے کہا ہے کہ قیس جاوید کی الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا میں خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کی وفات سے صحافت کا ایک درخشاں باب بند ہو گیا اور ڈیرہ کے عوام کی قیس جاوید سے محبت کا اظہار اس کے قتل کے بعد آنے والے ردعمل سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے

اس موقع پر انہوں نے قیس جاوید کے قتل پر تین روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان سے جے آئی ٹی کی تشکیل کا مطالبہ کیا ہے تاکہ خیبر پختونخوا میں صحافیوں کی ٹارگٹ کلنگ کے پیچھے چھپے سماج دشمنوں کے عزائم آشکار ہوں ان کا مزید کہنا تھا کہ پچھلے پینتالیس سال میں ڈیرہ اسماعیل خان میں کسی بھی مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیت کی یہ پہلی ٹارگٹ کلنگ ہے جس سے اقلیتی برادری میں خوف و ہراس اور شدید بے چینی پائی جاتی ہے

لہذا ضلعی پولیس قیس جاوید کے قتل کی درج کی گئی ایف آئی آر میں دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 اے ٹی اے کا اضافہ کرے اور قاتلوں کو جلد گرفتار کرے بصورت دیگر ڈیرہ اسماعیل خان کی تمام صحافی برادری اس بہیمانہ ظلم کے خلاف اپنے مطالبات کے لیے سڑکوں پر آنے پر مجبور ہو گی۔

دوسری طرف خیبر میڈیا فورم ڈیرہ ۔ جیو نیوز کے سابقہ کیمرہ مین۔ سابقہ ضلعی اقلیتی ممبر اور عہد نامہ کے سی ای او قیس جاوید کے قتل کی پُرزور مذمت کرتا ہے اب انتظامیہ کی ذمہ داری بنتی ہے کہ اس قتل کے ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ مقتول قیس جاوید کے ورثاء کو مکمل انصاف کی فراہمی کے ساتھ ساتھ انکے لواحقین کی مالی امداد بھی کی جائے۔ مشکل کی اس گھڑی میں خیبر میڈیا فورم ڈیرہ۔ مقتول قیس جاوید کے اہل خانہ کے غم میں برابر کا شریک ہے اور اللہ پاک گھر والوں صبر جمیل عطاء کرے

 

یہ بھی پڑھیں:

ڈیرہ اسماعیل خان: مقامی صحافی قیس جاوید نامعلوم افراد کے ہاتھوں قتل

ارشد وحید چودھری راہی ٔ ملک عدم۔۔۔ نصرت جاوید

About The Author