دسمبر 23, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

تبدیلی کا دعوی کرنے والوں نے عوام سے دو وقت کی روٹی چھین لی، بلاول بھٹو

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف سے آپ سو اختلاف رکھ سکتے ہیں لیکن کوئی انکار نہیں کرسکتا کہ انہوں نے میٹرو بس کھڑی کردی

اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کے پہلے پاور شو کے دوران گوجرانوالہ کے جناح اسٹیڈیم میں خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آج گندم اگانے والے کسان کے پاس دو وقت کی روٹی نہیں۔ تبدیلی یہ ہے کہ پاکستان کی معیشت تاریخ کے بدترین دور سے گزر رہی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب پاکستان ٹوٹ چکا تھا تب بھی یہ حالات نہیں دیکھے تھے۔ بحران ہی بحران ہے، آٹا، چینی، دواؤں، بجلی اور گیس کا بحران ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران کا حل یہ ہے کہ مہنگائی ہے تو ٹائيگر فورس، کورونا ہے تو ٹائيگر فورس۔ کرپشن کے خاتمے کا وعدہ کرنے والے خود کرپشن کے سارے ریکارڈ توڑ چکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دو سال ہوچکے، کیا تبدیلی پسند آئی؟، کونسی تبدیلی آئی، وہ کسان جو گندم اگاتا ہے اس کے پاس دو وقت کی روٹی نہیں، وہ مزدور جو گھر بناتا ہے اس کے بچوں کے سر پر چھت نہیں، تبدیلی یہ ہے کہ ملکی معیشت تاریخ کے بدترین دور سے گزر رہی ہے، ملکی معیشت پہلی بار منفی گروتھ میں ہے ۔

بلاول بھٹو زرداری کا جلسے سے خطاب میں کہنا تھا کہ آج ملک میں تاریخی بے روزگاری ہے، ہم نے عوام کو لاوارث نہیں چھوڑا ،ہم نے بزرگوں کی پنشن میں 150 فیصد ، تنخواہوں میں سو فیصد اضافہ کیا تھا، غریب ترین خواتین کے لیے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ایک کروڑ نوکریوں کا و عدہ کیا، کروڑوں کو بے روزگار کردیا، پچاس لاکھ گھر دینے کے وعدے اور لاکھوں کو بے گھر کردیا، زرعی انقلاب کا وعدہ کیا لیکن یہ انقلاب ان کے امیر ترین وزرا کے بینک اکاؤنٹس میں آیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آصف زرداری پر الزام لگے تو جیل، نواز شریف پر الزام لگے تو جیل، عمران پر الزام لگے تو کوئی ان سے پوچھتا تک نہیں، پی ٹی آئی کرپشن کے نام پر صرف سیاسی انتقام لیتی ہے، ہم چاہتے ہیں کرپشن کا خاتمہ ہو، کرپشن کے خاتمے کے لیے سب کے لیے ایک قانون بنانا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف سے آپ سو اختلاف رکھ سکتے ہیں لیکن کوئی انکار نہیں کرسکتا کہ انہوں نے میٹرو بس کھڑی کردی، آپ پیپلز پارٹی کے ساتھ سو اختلاف رکھ سکتے ہو ، لیکن یہ انکار نہیں کرسکتے کہ میں نے مفت علاج کے اسپتالوں کا جال بچھادیا، عمران خان آپ نے کیا کیا؟

چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ پلوامہ حملے کے بعد عمران نے کہاکہ مودی جیتے گا تو کشمیر کا مسئلہ حل ہوگا، مودی نے جیت کر کشمیر پر حملہ کردیا اور عمران مگر مچھ کے آنسو بہاتے رہے، یہ نااہل وزیراعظم کشمیر پر بھی مسلم دنیا کو اکٹھا نہیں کرسکا۔

About The Author