دسمبر 25, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا ملتان میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بنانے کا اعلان

وزیراعلیٰ نے ملتان کے ترقیاتی منصوبوں، فلاح عامہ کی سکیموں اورحلقوں کے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملتان میں متی تل روڈ پر جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بنانے کا اعلان کردیاہے۔

سردار عثمان بزدار ملتان کے سرکاری دورے پر ہیں آج انکی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ ملتان میں جنوبی سیکرٹریٹ 500 کنال اراضی پر محیط ہوگا۔سیکرٹریٹ کے ڈیزائن کی منظوری دے دی ہے۔سیکرٹریٹ میں دفاتر، رہائش گاہیں، سی ایم آفس، مسجد اور دیگر ضروری سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔

سردار عثمان بزدار نے کہا کہ جنوبی سیکرٹریٹ میں اربن فاریسٹ بھی بنایا جائے گا۔سیکرٹریٹ کی عمارت 5 منزلہ ہوگی۔جنوبی پنجاب کے رہنے والوں کو اپنے کام کے سلسلے میں لاہورنہیں آنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے رہائشیوں کے مسائل مقامی سطح پر حل ہوں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ملتان جم خانہ کلب بنانے کی اصولی منظوری دے دی۔ جم خانہ کلب میں سپورٹس، ان ڈور گیمز کے کورٹس، گیسٹ رومز،سوئمنگ پول، شوٹنگ کلب اور رائیڈنگ کلب بھی بنیں گے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے نشتر ہسپتال ٹو کے کام جلد از جلد مکمل کرکے فنکشنل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہانشتر ہسپتال ٹو کے پہلے فیز کو جلد آپریشنل کیا جائے۔پہلے مرحلے میں ہسپتال میں 500 بیڈز رکھے گئے ہیں۔یہ منصوبے 5 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے نشتر ہسپتال ٹو کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی،وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے سرکٹ ہاؤس ملتان میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کی ملاقات بھی ہوئی ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے منتخب نمائندوں کے حلقو ں کے مسائل سنے۔

اراکین اسمبلی نے اپنے علاقوں کے مسائل کے حل اور فلاح عامہ کے منصوبوں کے بارے میں تجاویز دیں۔ وزیراعلیٰ نے ملتان کے ترقیاتی منصوبوں، فلاح عامہ کی سکیموں اورحلقوں کے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔

سردار عثمان بزدار نے کہا اراکین اسمبلی کی تجاویز اور سفارشات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔منتخب نمائندوں کی عزت میری عزت ہے۔اراکین اسمبلی کے جائز کام ترجیحی بنیادوں پر ہوں گے۔ماضی کی حکومت نے جنوبی پنجاب کی ترقی کے لئے فنڈز دیگر منصوبوں کو منتقل کئے۔:سابق دور میں جنوبی پنجاب کے عوام پسماندگی اور غربت کی چکی میں پستے رہے۔

انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کو ترقی کے نام پر دھوکہ دیا۔جنوبی پنجاب کو اس کی ترقی کا حق واپس دے رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں اختر ملک،احمد حسین ڈہیڑ، جاوید انصاری، سبین گل، سلیم لابر، خالد وڑائچ اور دیگر شامل تھے۔ منتخب نمائندوں اور ٹکٹ ہولڈرز کا جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے معروف صنعتکار خواجہ جلال الدین رومی کی ملاقات بھی ہوئی ۔ خواجہ جلال الدین رومی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ملتان اور شجاع آباد کے لوگوں کو قرض حسنہ دینے کیلئے 50 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔

عثمان بزدار نے کہا اس رقم سے بے روز گار نوجوانوں کو کاروبار کیلئے بلاسود قرضے دیئے جائیں گے۔خصوصی کمیٹی قرض حسنہ کے اجراء کا فیصلہ کرے گی۔نوجوانوں کو بلاسود قرضے دے کر اپنے پاؤں پرکھڑا کریں گے۔کورونا وباء سے متاثرہ چھوٹے دکاندار بھی مستفید ہوں گے۔

About The Author