دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

موٹروے پر خاتون سے اجتماعی زیادتی، آئی جی اور وزیراعلی پنجاب کا نوٹس

وزیراعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار اور آئی جی پنجاب انعام غنی نے واقعہ کا نوٹس لیکر متعلقہ حکام سے جواب طلب کرلیا ہے ۔

لاہور میں ڈاکوؤں نے موٹروے پر خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔

تھانہ گجرپورہ پولیس کے مطابق خاتون اپنے بچوں کے ہمراہ لاہور سے گوجرانوالہ جارہی تھی۔ راستے میں پٹرول ختم ہوا تو خاتون نے گاڑی کھڑی کردی۔ اس دوران دو نامعلوم افراد آئے اور خاتون کو بچوں سمیت قریبی کھیتوں میں لے گئے۔ ملزمان نے پہلے خاتون کا زیادتی کا نشانہ بنایا اور جاتے ہوئے ایک لاکھ روپے بھی چھین کر فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق واردات کے دوران متاثرہ خاتون کے دو بچے بھی ہمراہ تھے۔ رواں سال دوران ڈکیتی ذیادتی کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ پولیس نے2 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

وزیراعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار اور آئی جی پنجاب انعام غنی نے واقعہ کا نوٹس لیکر متعلقہ حکام سے جواب طلب کرلیا ہے ۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرلکھا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر سی سی پی او لاہور تفتیشی ٹیم کو لیڈ کررہے ہیں۔ تفتیش میں رورل اور اربن پولیسنگ کی تیکنیک استعمال کی جارہی ہے ۔ کھوجی ، سی سی ٹی وی فوٹیج اور ڈی این اے کی مدد سے تفتیش کی جارہی ہے۔

آئی جی پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ جلد ملزمان تک پہنچ جائیں، ملزمان تک پہنچنے کے لیے ثبوت مل چکا ہے، سی سی پی او لاہور نے 2 ٹیمیں تشکیل دی ہیں، دونوں ٹیمیں ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنائیں گی۔

دوسری طرف موٹروے پولیس کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ گجر پورہ کے قریب پیش آنے والا افسوسناک واقعہ موٹروے پولیس کے زیر کنٹرول حدود میں نہیں پیش آیا ۔واقعہ لاہور رنگ روڈ ،کالا شاہ کاکو انٹر چینج سے 8 کلومیٹر کے فاصلے پر پیش آیا ۔

About The Author