دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

پنجاب : عیدالضحیٰ کے موقع پر اچانک اسمارٹ لاک ڈاؤن کی منظوری

گزشتہ روز پنجاب میں کورونا وائرس کے 268 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد صوبے میں کورونا کیسز کی مجوعی تعداد 91 ہزار 691 ہو گئ

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے عید الاضحیٰ کے موقع پر صوبے بھر میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کی منظوری دے دی۔

چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن پیشگی اعلان کے بجائے اچانک کیا جائے گا جبکہ صوبے بھر میں مارکیٹیں اور  پلازے عید سے ایک دو روز قبل بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران مویشی منڈیاں، یوٹیلیٹی اسٹورز، دودھ، دہی، تندور اور میڈیکل اسٹورز کھلے رہیں گے۔

سول سیکرٹریٹ ذرائع کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن کسی بھی وقت جاری ہو سکتا ہے۔

اجلاس میں اسمارٹ لاک ڈاؤن اور مویشی منڈیوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مویشی منڈیوں کے اوقات کار بڑھانے کا اختیار ڈپٹی کمشنرز کو تفویض کر دیا گیا۔

چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق نے کہا کہ حکومت کے لیے انسانی جانوں کا تحفظ سب سے زیادہ اہم ہے جبکہ بازاروں میں خریداری سے کورونا وائرس پھیلنے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ عید الفطر کے تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے اور مویشی منڈیوں کے داخلی راستوں پر اسکریننگ کے لیے کاؤنٹر قائم کیا جائے گا۔

گزشتہ روز پنجاب میں کورونا وائرس کے 268 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد صوبے میں کورونا کیسز کی مجوعی تعداد 91 ہزار 691 ہو گئی جبکہ مزید 8 افراد کی موت کے بعد صوبے میں اموات کی کل تعداد 2 ہزار 113 ہو گئی۔

پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 5 ہزار 822 ہو گئی ہے اور 2 لاکھ 73 ہزار 113 افراد متاثر ہیں جبکہ ملک بھر میں کورونا کے دو لاکھ 37 ہزار 434 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد تیزی سے کم ہو رہی ہے اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنل سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد 29 ہزار 875 ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 23 ہزار 254 ٹیسٹ کیے گئے۔  ملک بھر میں مجموعی طور پر کورونا کے 18 لاکھ 68 ہزار 180 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ ملک بھر میں کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد 29 ہزار504 ہو گئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق ‏ملک بھر کےاسپتالوں میں 238 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں جبکہ اسپتالوں میں کورونا وینٹی لیٹرز کی تعداد ایک ہزار859 ہے۔

About The Author