نیب : نواز شریف اور شہباز شریف کے خلاف ایک اور انکوائری کی منظوری
قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس چئیرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیرصدارت اسلام آبادمیں ہوا ۔
قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈکے اجلاس میں اختیارات کاناجائز استعمال کرنے کے الزام پر ارشد وحید ،سی ای او میسرز ای آر پی ایل اور دیگر کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔
قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈکے اجلاس میں میاں محمد نواز شریف سابق وزیر اعظم اور دیگر کے خلاف انوسٹی گیشن کی منظوری دی گئی۔
قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈکے اجلاس میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف،سابق سینیٹر سر تاج عزیز ،سابق ڈی آئی جی ٹریفک پولیس پنجاب رانا محمد اقبال خان اور دیگر ،
مہر حامد رشیدرکن صوبائی اسمبلی پنجاب،مہر عبد الرؤف،ہیون ویلاز فیصل آباد کے مالکان /ڈویلپرانتظامیہ اور دیگر، عتیق الرحمان ،شیخ اعجاز احمد سابق ایم پی اے اور دیگراور یونیورسٹی آف پنجاب کے پی ایچ ڈی ڈیفالٹنگ سکالرزکے خلاف انکوائریز کی منظوری دی گئی۔
قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں میاں محمد شہباز شریف، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب ،جاوید محمود سابق سیکرٹری ٹو وزیر اعلیٰ پنجاب ،احد خان چیمہ، سابق ڈی جی ایل ڈی اے اور دیگرکے خلاف انوسٹی گیشنزجبکہ ایف آئی ای ڈی ایم سی انوائرنمنٹ منیجمنٹ کمپنی فیصل آبادکی انتظامیہ/افسران /اہلکاران اور دیگر،
پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اور منیجمنٹ کمپنی کی انتظامیہ/افسران/اہلکاران اور دیگر،لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کی انتظامیہ/افسران/اہلکاران اور دیگر، پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی کی انتظامیہ/افسران و اہلکاران اور دیگر،
گوجرانوالا ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی انتظامیہ /افسران/اہلکاران اور دیگرکے خلاف انکوائریز اب تک عدم شواہد کی بنیاد پرقانون کے مطابق بند کرنے کی منظوری دی گئی۔
قومی احتساب بیورو کے چئیرمین جنا ب جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ اور کرپشن فری پاکستان کے لئے نیب سنجیدہ کوششیں کر رہا ہے اور نیب کی اولین ترجیح میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا ہے۔
نیب نے احتساب سب کےلئے کی پالیسی کے تحت 466 ارب روپے بلواسطہ اور بلا واسطہ طور پر بدعنوان عناصر سے برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کروائے جو ایک ریکارڈ کامیابی ہے۔نیب کی کارکردگی کو معتبر قومی اور بین الا قوامی اداروں نے سراہا ہے
جو نیب کےلئے اعزازکی بات ہے۔نیب کا تعلق کسی سیاسی جماعت ،گروہ اور فرد سے نہیں بلکہ صرف اور صرف ریاست پاکستان سے ہے۔نیب قانون کے مطابق بد عنوان عناصر سے قوم کی لوٹی گئی دولت بر آمد کرنے کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مفرور اور اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لئے قانو ن کے مطابق اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ بدعنوان عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جاسکے
جہاں قانون اپنا راستہ خودبنائے گا۔ چیئرمین نیب نے نیب کے تمام ڈائریکٹر جنرلز کو ہدایت کی کہ شکایات کی جانچ پڑتال ، انکوائریاں اور انوسٹی گیشنز مقررہ وقت کے اندر قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچائی جائیں
اور تمام انوسٹی گیشن آفیسرز اور پراسیکوٹرز پوری تےاری ، ٹھوس شواہد اور قانون کے مطابق معزز عدالتوں میں نیب کے مقدمات کی پیروی کریں تاکہ بدعنوان عناصر کو قانون کے مطابق سزا دلوائی جاسکے۔
اے وی پڑھو
اشولال: دل سے نکل کر دلوں میں بسنے کا ملکہ رکھنے والی شاعری کے خالق
ملتان کا بازارِ حسن: ایک بھولا بسرا منظر نامہ||سجاد جہانیہ
اسلم انصاری :ہک ہمہ دان عالم تے شاعر||رانا محبوب اختر