دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

عہدِ حاضر کی مجلاتی صحافت میں "نقاط” کا شمار۔۔۔محمد الیاس کبیر

فی زمانہ رسالہ نکالنا خاصا مشکل کام ہے اور مزید مشکل تر ہوتا جا رہا ہے، اس کا کچھ کچھ تجربہ ہمیں بھی ہے۔

عہدِ حاضر کی مجلاتی صحافت میں "نقاط” کا شمار رسائل کے اُس قبیل میں ہوتا ہے جو اپنی انفرادیت اور شناخت کو ہمیشہ برقرار رکھتے ہیں۔ دوست قاسم یعقوب نے اپنے رسالے کا بنیادی وظیفہ "نئے ادب کا ترجمان” مقرر کیا ہے اور ابتدا ہی سے اسے اپنائے ہوئے ہیں۔ ان کی کوشش ہوتی ہے کہ "نقاط” کے مزاج، مذاق اور معیار میں یکسر کمی نہ آنے پائے اور اس میں انھیں خاصی کامیابی بھی ہوئی ہے۔ "نقاط” کا "نظم نمبر” اور "کتاب نمبر” سامنے کی مثالیں ہیں۔

تازہ شمارہ(17) بھی کسی طور خاص شمارے سے کم نہیں۔ حسبِ معمول تازہ موضوعات سے مزین تحریریں اس کے وقار میں اضافہ کر رہی ہیں۔ اس شمارے میں ڈاکٹر سعادت سعید نے "لسانی لاتشکیلی معنویت” کے عنوان سے مضمون لکھا ہے جبکہ ڈاکٹر ناصر عباس نیر نے اپنے قارئین کو بتایا ہے کہ "مطالعہ کیسے کیا جائے”۔

اس شمارے میں مشمولاتی تنوع بھی ملاحظہ کیا جا سکتا ہے کہ مدیر نے اسے صرف ادب تک محدود نہیں کیا بلکہ دیگر موضوعات کو بھی اہمیت دی ہے۔ مثلاً: فلم اور سیاست کے ضمن میں عامر رضا اور خرم سہیل کی تحریریں شامل ہیں۔

ماحولیات کے حوالے سے اس شمارے کا ایک اہم حصہ "وبا کے دنوں میں” بھی ہے جس میں محمد حمید شاہد، محمد عاطف علیم اور ڈاکٹر عبدالرؤف کی تحریروں کو جگہ دی گئی ہے۔ اس حصے میں ڈاکٹر اورنگ زیب نیازی کی کمی کو شدت سے محسوس کیا گیا ہے۔

فاضل مدیر نے اس شمارے میں "اظہارِ خیال، یادیں، کتاب مطالعہ، وبا کے دنوں میں، عالمی ادب کے تراجم، افسانہ، علی یاسر کی یاد میں، تجزیاتی مطالعات، خصوصی گوشہ: گل خان نصیر اور نظم کے عنوان سے اہم تحریریں یکجا کر دی ہیں۔

فی زمانہ رسالہ نکالنا خاصا مشکل کام ہے اور مزید مشکل تر ہوتا جا رہا ہے، اس کا کچھ کچھ تجربہ ہمیں بھی ہے۔ کاغذ کی بڑھتی ہوئی ہوش رُبا قیمتیں پریشان کن ہیں۔ لیکن ان تمام تر مشکلات کے باوجود اگر کوئی رسالہ جاری رکھتا ہے تو صرف خالی داد سے کام نہ چلایا جائے۔

اس شمارے کی ضخامت 519 صفحوں پر مشتمل ہے۔ اعلا طباعت، بہترین کاغذ اور عمدہ بائنڈنگ کے ساتھ اس کی قیمت اگر 900 روپے ہے تو کچھ زیادہ نہیں۔ اور پچاس فیصد رعایت کے ساتھ 450 روپے تو بالکل زیادہ نہیں۔

رابطہ مدیر:

قاسم یعقوب، P.240 رحمان سٹریٹ، سعید کالونی،

مدینہ ٹاؤن، فیصل آباد

niqaat@gmail.com

نقاط یہاں سے حاصل کیا جا سکتا ہے:

آصف حسن، سٹی بک پوائنٹ، کراچی

0322-2820883

پسِ نوشت: میرال طحاوی کے ناول” خیمہ” پر راقم کا مضمون بھی ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔

About The Author