دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ممتاز عالم دین علامہ طالب جوہری انتقال کرگئے

ممتاز مذہبی اسکالرعلامہ طالب جوہری اسلامی آئیڈیالوجی کونسل کے رکن رہے اورتعلیم وتدریس کےشعبے سے بھی ان کی وابستگی سالہا سال قائم رہی

کراچی: ممتازعالم دین علامہ طالب جوہری کا انتقال ہو گیا ہے۔ وہ کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔ طبعیت کی خرابی کے سبب انہیں دس جون 2020 کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ ان کی عمر 81 برس تھی۔

مرحوم کے صاحبزادے علامہ ریاض جوہری نے اپنے والد کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کچھ دیر قبل ان کا انتقال ہوا ہے۔

علامہ طالب جوہری کی میت اسپتال سے انچولی امام بارگاہ منتقل کردی گئی ہے۔

علامہ طالب جوہری کی نمازِ جنازہ آج دوپہر بعد ظہرین انچولی میں ادا کی جائے گی۔

ممتازعالم دین، مفسر، محدث، متکلم، دانشور، مؤرخ اورشاعرعلامہ طالب جوہری کو فلسفے سے خاص لگاؤ تھا۔

ممتاز مذہبی اسکالرعلامہ طالب جوہری اسلامی آئیڈیالوجی کونسل کے رکن رہے اورتعلیم وتدریس کےشعبے سے بھی ان کی وابستگی سالہا سال قائم رہی۔

حکومت پاکستان نے علامہ طالب جوہری کی خدمات کے پیش نظر آپ کو 2010 میں ستارہ امتیاز سے بھی نوازا تھا۔

علامہ طالب جوہری نے 27 اگست 1939 میں پٹنہ میں محمد مصطفیٰ جوہرکے خانوادے میں آنکھ کھولی تھی۔ قیام پاکستان کے بعد ہجرت کی اور کراچی میں مستقل سکونت اختیار کی۔

عملی زندگی میں ان کا شمار بطور فلسفی ہوتا تھا۔ انہوں نےاحسن الحدیث کےعنوان سے قرآن کریم کی تفیسربھی کی۔ ان کی مقاتل میں نظام حیات انسانی، حدیث کربلا اورعلامات ظہورمہدی معروف ہیں۔

علامہ طالب جوہری نے اردو شاعری میں بھی طبع آزمائی کی۔ ان کی تصانیف میں حرف نمو، پس آفاق اورشاخ صدا شامل ہیں۔۔۔ شاعری میں وہ اپنا جدا اسلوب رکھتےتھے۔

آپ نے کمال کا حافظہ پایا تھا۔ مرحوم کے تمام مسالک ومکاتب فکرکےعلما سے قریبی روابط تھے۔

علامہ طالب جوہری کونیورولوجیکل ایشوزکے باعث اکتوبراورستمبردوہزارمیں بھی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں وہ زیر علاج رہے تھے۔

وزیراعظم عمران خان نے معروف عالم دین علامہ طالب جوہری کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ہے

وزیراعظم عمران خان نے علامہ طالب جوہری کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

علامہ طالب جوہری کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ممتازعالم دین علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے کہا ہے کہ ایک عہد جو مکمل ہوا۔ انہوں نے علامہ طالب جوہری کی رحلت پر اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا ہے۔

معروف عالم دین علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے کہا ہے کہ مرحوم حافظ قرآن، مفسر قرآن، مصنف اور شاعر تھے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ طالب جوہری کی مجالس ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر رحمان ملک نے بھی ملک کے ممتاز عالم دین علامہ طالب جوہری کے انتقال پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سابق وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی ہے کہ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا کرے۔ آمین۔

About The Author