دسمبر 23, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

کورونا کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں ۔۔۔حیدر جاوید سید

جب یہ کورونا ہے ہی معمولی سا نزلہ اور ہمارے موسمی حالات کی وجہ سے زیادہ اثرانداز نہیں ہوسکتا تو لمبی چوڑی ایکسرسائز کی ضرورت کیوں؟ بینکوں

معاف کیجئے گا پھر وہی کورونا کی صورتحال پر بات کرنا پڑ رہی ہے۔
گزشتہ روز5ڈاکٹروں، ایک عالم دین سمیت96افراد جان کی بازی ہار گئے۔ اموات کے حوالے سے پاکستان کا دنیا میں چھٹا نمبر ہے۔
10مئی سے30مئی کے درمیانی بیس دنوں میں اموات اور مریضوں کی تعداد میں1٠10فیصد اضافہ ہوا،
(یہ نرم لاک ڈاﺅن اور کاروبار کھولنے کےساتھ دیگر مراحل کی برکتیں ہیں) جمعہ کو2803 کورونا کے نئے کیسز سامنے آئے، 10مئی کو مریضوں کی تعداد30ہزار کے لگ بھگ تھی اور اب یہ 66ہزار سے تجاوز کر چکے۔
اب یہ کہا جارہا ہے کہ لاک ڈاﺅن میں مزید نرمی یا سختی کا فیصلہ سوموار کو ہوگا،
بہت ادب سے عرض کروں لاک ڈاﺅن میں سختی کی ضرورت کیا ہے؟
جب یہ کورونا ہے ہی معمولی سا نزلہ اور ہمارے موسمی حالات کی وجہ سے زیادہ اثرانداز نہیں ہوسکتا تو لمبی چوڑی ایکسرسائز کی ضرورت کیوں؟
بینکوں اور دفاتر کے نئے اوقات کار کس لئے، کچھ عجیب سی بات ہے جو کام عوام کے تحفظ کےلئے خیبرپختونخوا میں جائز ہے وہی سندھ میں غلط،
پنجاب کے وزیراعلیٰ کہہ رہے ہیں تعلیمی ادارے، شادی ہالز اور سینما گھر بند رہنا عوام کے مفاد میں ہے۔ تحریک انصاف سندھ کے رہنما کہہ رہے ہیں تعلیمی ادارے اور سینما گھر کھولنے کا مطالبہ تسلیم کیا جائے،
بعض رہنما تو عوام کے مختلف طبقات کو حکومت سے عدم تعاون پر اُکسا رہے ہیں۔
سچ یہ ہے کہ مجموعی طور پف صورتحال بگڑ رہی ہے
جان کی امان ہو تو عرض کردوں اس کے ہم خود (ہم خود سے مراد مختلف طبقات کے منہ زور بڑے ہیں) ہیں، طبی ماہرین نے بروقت خبردار کر دیا تھا کہ15سے25مئی کے درمیانی دن خطرناک ثابت ہوں گے،
ان کی کسی نے نہیں سنی۔
ماہرین اب بھی کہہ رہے ہیں کہ15جون تک بہت زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے مگر ان کی کوئی نہیں سن رہا۔
برادر اسلامی ملک سعودی عرب کی وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ فی الوقت عمرہ کی عبادت معطل رہے گی۔ حج کےلئے فیصلہ طبی ماہرین کی مشاورت سے کیا جائے گا۔ ایس اوپیز پر عمل کی شرائط کےساتھ مسجد نبوی میں نماز پنجگانہ کی اجازت دے دی گئی ہے۔
عمومی رویوں اور غیرذمہ دارانہ طرزعمل کےساتھ جھوٹی خبروں پر سر دھننے والوں کو آپ کچھ نہیں کہہ سکتے۔ مارکیٹ (عوام) میں یہ بات عام ہے کہ کوروناسے مرنے والے ہرشخص کےلئے بل گیٹس حکومت کو 35ہزار ڈالر دے گا۔ کیا ستم ہے وباءکے اس موسم میں سنجیدگی اختیار کرنے کی بجائے بے پرکیاں اُڑائی جارہی ہیں۔
وہ حلقے جو یہ کہتے ہیں کہ اگر پہلے مرحلے پر ہی ایک ماہ کےلئے سخت گیر لاک ڈاﺅن کر دیا جاتا تو درست ہوتا کچھ غلط نہیں کہہ رہے یہ تھڑے باز نشئی نہیں بلکہ اس ملک کے نامور معالجین کا مشورہ تھا۔
افسوس کہ حکومت کا مخمصہ دور نہ ہوا اور اس کے اختیارات کا ”کسی اور“ نے غلط استعمال کیا۔ ادھر ہماری سوچ اتنی سطحی ہے کہ اس پر بھی ایمان لے آئے کہ چینی سکینڈل کی رپورٹ کورونا سے توجہ ہٹانے کےلئے سامنے لائی گئی۔
صاف اور دوٹوک انداز میں یہ عرض کردوں ہم کورونا کے حوالے سے بدترین دنوں میں داخل ہونے والے ہیں۔ حکومت کو کیا کرنا چاہئے یہ بتانے کی ضرورت نہیں،
پھر بھی یہ عرض کردوں کہ کسی تاخیر کے بغیر ملک کے نامور طبی ماہرین سے مشاورت کر کے حکمت عملی وضع کی جائے۔
ایک کڑوا سچ یہ ہی ہے کہ پچھلے تین ماہ کے دوران عوام نے بھی حکومت سے تعاون نہیں کیا، مختلف طبقات میں لیڈری کرنے والوں کو تو رکھیں ایک طرف لیڈری ان کا روزگار ہے لیکن یہ عام شہری آخر سنجیدہ کیوں نہیں ہوتے؟ اس کی وجہ سے وہ غلط بیانیاں اور ڈھکوسلے ہیں جن کے بارے بالائی سطور میں عرض کر چکا۔
اندریں حالات مکرر عرض ہے خدا کےلئے سنجیدگی اختیار کیجئے، حکومت اور عوام دونوں، دونوں ہی اپنی اپنی جگہ ذمہ داریوں سے عہدہ برآ ہوں۔
حکومت اور طبی ماہرین کی ہدایات کی بجائے ٹوٹکے بازوں پر یقین رکھنے والوں کو کسی نقصان کی صورت میں حکومت سے شکوہ نہیں کرنا چاہئے۔
سوموار کے روز جب وفاقی رابطہ کمیٹی صورتحال کے جائزے اور فیصلے کےلئے بیٹھے تو طویل المدتی مفاد کے حامل فیصلے کرے۔
وفاق خود تسلیم کر رہا ہے کہ وباءکے بڑھنے کا خطرہ ہے، ایسے مین بنیادی اہمیت کے ٹھوس فیصلوں سے اجتناب نہ کیا جائے۔
اس سے کسی کو انکار نہیں کہ پچھلے اڑھائی تین ماہ کے دوران معیشت متاثر ہوئی، معاشرے کے کمزور طبقات کے مسائل ہی نہیں بڑھے بلکہ مڈل اور اپرمڈل کلاس بھی متاثر ہوئی، مزید متاثر ہونے کا خطرہ ہے لیکن سادہ سی بات ہے کہ جان ہے تو جہان ہے۔
زندگی رہی تو پھر سے عزم وجدوجہد کے ذریعے مسائل ومشکلات پر قابو پالیا جائے گا۔
کورونا کےساتھ ساتھ بلوچستان، سندھ اور پنجاب کے بڑے حصے کو ٹڈی دل کے حملے کا سامنا ہے۔ پچھلے ایک کالم میں عرض کیا تھا کہ موسم گرما اور سرما کی فصلوں میں مختلف وجوہات کی بنا پر کمی سے 9سوارب روپے سے زائد کے نقصان کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔
اقوام متحدہ کے انتباہ کے بعد بہت ضروری تھا کہ وفاقی اور صوبائی وزرائے زراعت وخوراک کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوتا تو کوئی لائحہ عمل وضع کیا جاتا مگر افسوس کہ ایسا نہیں ہوا۔
یہ ہے ہماری سنجیدگی کا معیار کہ تیزی سے بڑھتے چلے آرہے خطرات کے تدارک کےلئے غور وفکر کا ہمارے بڑوں کے پاس وقت نہیں۔
کیا کسی نے سوچا ہے کہ اڑھائی صوبوں میں ٹڈی دل نے کاشت شدہ فصلوں کو جس بری طرح نقصان پہنچایا ہے اس سے متاثر ہونے والے کاشتکاروں کا کیا ہوگا۔
لمحہ بھر کےلئے مان لیجئے کورونا فراڈ ہے یہ یہودیوں کی سازش ہے لیکن ٹڈی دل تو صاف سامنے دکھائی دے رہا ہے یا یہ بھی پروپیگنڈہ ہے؟
عرض کرنے کا مقصد یہ ہے کہ سیاست ہوتی رہے گی جی بھر کے ایک دوسرے کی پگڑیاں اچھال لیجئے گا لیکن اس وقت ضرورت اس بات کی ہے کہ عوام اور ملک کو جن مسائل کا سامنا ہے ان مسائل سے نجات کےلئے حکومت واپوزیشن اور عوام متحد ہوکر اپنا اپنا فرض ادا کریں۔
ثانیاً یہ کہ جو جس کا کام ہے اسے وہی وہ کام کرنے دیجئے۔کورونا کا علاج سبزی فروش سے اور ٹڈی دل کا علاج ٹیلرز سے پوچھنے کی ضرورت نہیں۔
بہت زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے اپنے لئے اپنے پیاروں اور خود پاکستان کےلئے احتیاط نہیں کریں گے تو پھر شکوے کرنے کا حق بھی نہیں۔

About The Author