دسمبر 23, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

پاکستان میں کورونا سے 45 ہزار 898 افراد متاثر، 985 اموات

پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں رپورٹ ہوا تھا ، 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

اسلام آباد: پاکستان میں عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 45 ہزار 898 ہو گئی ہے۔

این سی او سی کے  تازہ اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے سبب 985 افراد بھی جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ 13 ہزار 101 افراد نے اپنے یقین، مضبوط قوت ارادی اور طاقتور مدافعتی نظام کی بدولت مہلک وبا کو شکست بھی دی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق صوبہ پنجاب میں کل 16 ہزار 685 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ سندھ میں رجسٹرڈ کیسز کی تعداد 17 ہزار 947  ہے۔

کورونا کے صوبہ خیبرپختونخوا میں 6 ہزار 554، بلوچستان میں 2 ہزار 885، آزاد کشمیر میں 133 اور گلگت بلتستان میں 556 کیسز رجسٹرڈ ہوچکے ہیں جبکہ اسلام آباد میں کورونا متاثرین کی تعداد 1,138 تک جا پہنچی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ 345 اموات ہوئی ہیں جب کہ سندھ میں 299، پنجاب میں 289، بلوچستان میں 38، اسلام آباد میں 09 اور گلگت بلتستان میں چار افراد نے دار فانی سے کوچ کیا۔

آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کے سبب ایک فرد جان کی بازی ہار گیا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 13 ہزار 962 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر چارلاکھ  14 ہزار 254 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کو سامنے آئے دو ماہ سے زائد کا عرصہ بیت چکا ہے۔ ابتدا میں کیسز میں اضافے کی رفتار سست تھی لیکن اب اس میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں رپورٹ ہوا تھا جس کے ایک ماہ بعد یعنی 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی تھی۔ اب تک ملک میں 985 اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔

About The Author