دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

کورونا کی وجہ سے بیروزگارہونے والوں کو وظیفہ دینگے، عمران خان

پیکج کےلیے 50 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں اور اس سے 35 لاکھ افراد مستفید ہوں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے چھوٹا کاروبار کرنےوالوں کیلئے امدادی پیکج کا اعلان کردیا اور کہا کہ کورونا کے باعث بے روزگار ہونے ہونے والوں کی مالی مدد کی جائے گی، ویب سائٹ پر رجسٹرڈ بے روز گار افراد کو 12 ہزار روپے فی کس دیے جائیں گے۔

وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا اس وقت برصغیر میں سب سےکم پیٹرول کی قیمت پاکستان میں ہے، قیمتوں میں کمی سے عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان جلد چھوٹے کاروبار والوں کیلئے پیکج کا اعلان کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ چھوٹے کاروبار والوں کے لیے کابینہ نے امدادی پیکج منظور کیا ہے، پیکج کےلیے 50 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں اور اس سے 35 لاکھ افراد مستفید ہوں گے۔

وفاقی وزیر صنعت و پیداوار کا کہنا تھا کہ چھوٹےکاروبار اور صنعتیں دوبارہ کھلیں گی توان کے 3 ماہ کے بل حکومت ادا کرے گی،5 کلوواٹ کےکمرشل اور 70 کلوواٹ کےصنعتی کنکشنز مستفید ہوں گے، پچھلی کھپت کو دیکھ کر تین ماہ کی رقم اگلے بل میں جمع کرادی جائےگی۔

اس کے علاوہ حماد اظہر نے بتایا تھا کہ وفاقی حکومت نے کورونا ریلیف فنڈ اور احساس پروگرام کے انضمام کا فیصلہ کیا ہے۔جو شخص ایک لاکھ روپے ریلیف فنڈ میں دے گا اس کے ساتھ حکومت 4 لاکھ روپےاضافی جمع کرے گی اور یہ رقم کورونا سے بے روزگار افراد پر استعمال ہوگی۔

حماد اظہر کا کہنا ہے کہ دیہاڑی دار مزدروں ،صنعتوں اور دکانوں میں کام کرنے والے افراد کو اس سے مالی امداد فراہم کی جائے گی اور اس سلسلے میں احساس پروگرام کے اندر الگ پورٹل بنایا جائے گا جس میں بے روزگار لوگ اپنی رجسٹریشن کرسکیں گے۔

About The Author