دسمبر 23, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

مجھے پیار ہوگیا ہے! اداکارہ ماہرہ خان کا اعتراف

انہوں نے کہا کہ میرا ساڑھے دس سال کا بیٹا اذلان تو لاک ڈاؤن سے لطف اندوز ہو رہا ہے کیونکہ انہیں چھٹیاں لگ رہی ہیں اور پھر اماں ملی ہوئی ہیں۔

اسلام آباد: ’’ہاں! میرا خیال ہے کہ مجھے پیار ہوگیا ہے۔ اس کا تعلق شوبز انڈسٹری سے نہیں ہے لیکن نام نہیں بتاؤں گی، اس معاملے میں شرمیلی ہوں۔ میں وہمی ہرگز نہیں ہوں لیکن زندگی نے جو سبق دیا ہے اس میں نظر وغیرہ لگتے نہیں دیکھنا چاہتی ہوں‘‘۔

فلم اورڈرامہ انڈسٹری کی انتہائی مقبول اداکارہ ماہرہ خان نے جب یہ اعتراف انتہائی شرمیلے انداز میں کیا تو اس وقت حقیقتا ً انہیں لاج آرہی تھی، ان کے عارض سے شفق پھوٹ رہی تھی اور نینوں میں دیپ جلتے دکھائی دے رہے تھے۔

قوس و قزاح کے رنگ جب ان کے چہرے پہ بکھر رہے تھے تو وہ انتہائی سنجیدگی سے کہہ رہی تھیں کہ پیارومحبت صرف الفاظ نہیں ہیں بلکہ اپنے اندر بہت بڑی طاقت رکھتے ہیں جو زخموں کو مندمل کردیتے ہیں جب کہ ظلم و رعونت قتل کردیتے ہیں۔

فلم و ٹی وی کی ممتاز اداکارہ و ہدایت کارہ ثمینہ پیرزادہ کو انٹرویو دیتے ہوئے ماہرہ خان نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران بچے کے ساتھ بہت اچھا وقت گزر رہا ہے اورزندگی کی وہ چھوٹی چھوٹی حقیقتیں جنہیں ہم عام طور پر نظر انداز کردیتے ہیں آشکار ہو رہی ہیں اور سمجھ آرہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرا ساڑھے دس سال کا بیٹا اذلان تو لاک ڈاؤن سے لطف اندوز ہو رہا ہے کیونکہ انہیں چھٹیاں لگ رہی ہیں اور پھر اماں ملی ہوئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ڈھیر ساری باتیں کرتے ہیں اور ساتھ فلمیں دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بھی میری طرح رات جاگنے کے عادی ہیں تو صبح طلوع سحر دیکھنے پہ اصرار کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اذلان کافی مصروف ہوتے ہیں کیونکہ ہوم ورک ہے اورآن لائن کلاسز بھی ہیں مگر فلموں کے شوقین مجھ سے بہت سے سوالات کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بچے کے ساتھ وقت گزاررہی ہوں اور یہی اس وقت کی سب سے بڑی خوبصورتی ہے حالانکہ میں کام کی دھنی (workaholic) ہوں۔

ہم ٹی وی کے عالمی شہرت یافتہ ڈرامہ سیریل ’ہم سفر‘ سے بین الاقوامی شہرت حاصل کرنے والی ماہرہ خان نے عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس کے حوالے سے انتہائی پراعتماد لہجے میں کہا کہ کورونا چلا جائے گا لیکن ابھی مسئلہ یہ ہے کہ کچھ لوگوں کو سمجھ نہیں آرہا ہے کہ گھر پہ رہنا کیوں ضروری ہے؟ اورکچھ چیزوں کو چھوڑنا کیوں لازمی ہے؟

ثمینہ پیزادہ کی جانب سے پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہاں! یہ ٹھیک ہے کہ ہم بہت جلد بھول جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں ابھی سوچ رہی تھی کہ کیا ہم موجودہ وقت کو بھول جائیں گے؟ اورکیا دوبارہ سے اسی مصروفیت کے دور میں چلے جائیں گے؟ انہوں نے سوال کیا کہ کیا ہمیں یاد ہوگا کہ ایک ایسا بھی وقت آیا تھا کہ جب زندگی رک گئی تھی؟ انہوں نے بتایا کہ میں کوئی کتاب یا کہانی نہیں لکھ رہی ہوں لیکن ایسے ہی جو خیالات مجھے آتے ہیں اورجو سوچتی ہوں وہ لکھ رہی ہوں اور مشاہدات قلمبند کررہی ہوں۔

ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں اب کام کے معنی بدل جائیں گے۔ انہوں نے انتہائی سنجیدگی سے استفسار کیا کہ یہ احساس کہ آپ جب سانس لیتے ہیں تو زندہ ہیں، کیا کم خوبصورت ہے؟

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر کوئی سلیبرٹی ہے تو اس کا مذاق بنائیں یہ بنتا ہے، کہنا بالکل غلط ہے اور بالکل بھی نہیں بنتا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ مذاق اڑانا تو کسی کا بھی نہیں بنتا ہے۔ انہوں نے سخت سائبر قوانین کے نفاذ کی ضرورت پر زور دیا۔

دوران انٹرویو جب انہیں کھانسی آئی تو روایتی طور پر انہوں نے ہتھیلی کی مٹھی بنائی لیکن پھر فوراً  کہنی پر کھانس کردیکھنے والوں سے کہا کہ اب کھانسنے کا یہ انداز ہے۔

کورونا وائرس کے حوالے سے انہوں نے میزبان ثمینہ پیرزادہ سے ووہان، چین اور نیویارک، امریکہ کی صورتحال پر بات چیت کرتے ہوئے سخت افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ ٹھیک ہے کہ دوست احباب اور عزیز رشتہ دار ہیں اور ان سے ملنا بھی ہے مگر موجودہ حالات میں یہ بہتر نہیں ہے۔ انہوں نے تلقین کی کہ جہاں ہجوم ہو وہاں تو ہرگز نہ جائیں کیونکہ آپ کو معلوم نہیں ہے کہ کون کہاں تھا؟ اور کس سے ملا تھا؟

لاک ڈاؤن کے حوالے سے ثمینہ پیرزادہ کو انہوں نے بتایا کہ عام افراد کا رویہ قدرے بہتر ہے اور کراچی میں تو کافی بہتری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن ختم ہوتے ہی وہ اپنی نانی سے ملنے جائیں گی جن کی بہت یاد آرہی ہے اوردوستوں سے ملیں گی۔

فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ جب لاک ڈاؤن ختم ہوگا تو ہم لوگوں کا کام دیر سے شروع ہوگا۔

کورونا وائرس کے بعد کی دنیا پر گفتگو کرتے ہوئے ماہرہ خان نے کہا کہ بہت سے افراد کہتے ہیں کہ اب آنے والی دنیا گزری دنیا سے کافی مختلف اورعلیحدہ ہوگی لیکن میں یقین رکھتی ہوں کہ آنے والا وقت ایک نیا دور لائے گا اورنئے انداز کی نارمل زندگی ہو گی۔

ماہرہ خان نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کے دوران کتابیں پڑھیں، پرانے گانے سنتی ہوں اور بہت کچھ حقیقت سمجھی و جانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی دوران اماں و ابا کو بھی کھوجا ہے۔

اپنی فلم نیلو فر کے متعلق انہوں نے بتایا کہ اس میں فواد خان ان کے ساتھ ہیں جب کہ فلم ڈائریکٹر عمار رسول نئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فواد خان کے ساتھ طویل عرصے کے بعد کام کیا ہے تاہم انہوں نے یاد دلایا کہ ان کے ساتھ فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی تھی جو قدرے مختلف تھی۔

ثمینہ پیرزادہ کے ساتھ بات چیت میں وہ اتنی منہمک ہوئیں کہ انہیں علم ہی نہیں ہوا اور کان میں پہنی ہوئی ایک بالی اتارلی لیکن جب وہ بالی ان کے ہاتھ میں آئی تو انہیں اندازہ ہوا کہ انہوں ںے کیا کیا ہے؟انہوں نے یہ بات خود میزبان کو بتائی اور پھر خود بھی ہنس پڑیں۔ انہوں نے کراچی میں واقع انڈس اسپتال کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شوکت خاتم کے لیے تو انہوں نے طویل عرصے کام کیا ہے۔

شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی صف اول کی اداکارہ ماہرہ خان نے ذاتی واقعہ بتایا کہ ان کی مینیجر سحر نے انہیں چند دن قبل بتایا کہ ان کی ایک بڑی فین اسپتال میں وینٹی لیٹر پہ ہیں تو ان کے لیے ایک ویڈیو بھیج دیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سن کر میں نے ان کی بہن کا نمبر لیا اور اس سے خود بات کی جس پر وہ رونے لگی اور کہا کہ صرف دعا کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ابھی پرسوں شب برات گزری تو شب کو میں نے اس کے لیے خوب دعا کی اور آج ابھی کچھ دیر قبل اس کی بہن کا فون آیا کہ اسے وینٹی لیٹر پہ سے ہٹا دیا گیا ہے۔ انہوں نے اس پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اور کہا کہ معجزات ہوتے ہیں لیکن یقین ہونا چاہیے۔ انہوں نے میزبان کے اس خیال سے بھی اتفاق کیا کہ سب ایک ساتھ مل کر بیماریوں سے نجات کے لیے اللہ تعالیٰ سے دعا کریں۔

ماہرہ خان نے انٹرویو کے دوران خود ہی بتایا کہ اوپر انہوں نے کچھ اور پہن رکھا ہے جب کہ نیچے پاجامہ پہنا ہوا ہے۔ انہوں نے انٹرویو کے دوران ایک موقع پر اپنے بھائی سے چائے بنا کر دینے کی فرمائش کی اور ثمینہ پیرزادہ کو بتایا کہ وہ اپنے بھائی کے کمرے میں ہیں۔ انہوں نے اپنے بھائی کو اپنی ’کمزوری‘ بتایا۔

انہوں نے انتہائی پراعتماد لہجے میں کہا کہ کوئی کام ادھورا نہیں چھوڑا ہے لیکن لاک ڈاؤن کے دوران اتنے پیغامات بھیجے ہیں کہ پہلے کبھی نہیں بھیجے تھے۔

سینئر ٹی وی اداکار منظر صہبائی اور معروف اداکارہ ثمینہ احمد کی شادی کو انہوں نے مثبت قدم اور مثبت خبر قرار دیا۔

ثمینہ پیرزادہ کے استفسار پر ماہرہ خان نے کہا کہ جب لاک ڈاؤن نہیں ہوا تھا تو اس وقت نانی نے سوشل میڈیا پر ایک جوڑے کے متعلق چلنے والی خبر کی تفصیلات بتا کر مجھ سے کہا کہ اب تم بھی سوچ لو اور صرف سوچ لو۔ انہوں نے کہا کہ اس پر میں نے ان سے کہا کہ نانی ابھی کورونا ٹائپ چل رہا ہے تو ایسے میں آپ کیا کہہ رہی ہیں۔

فلم و ٹی وی کی بین الاقوامی شہرت یافتہ اداکارہ ماہرہ خان نے دلچسپ انکشاف کیا کہ دوستیں صبح کے دو بجے فون کرکے پوچھتی ہیں کہ فریج میں کیا رکھا ہوا ہے؟

About The Author