دسمبر 23, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

متحدہ عرب امارات: رہائش کا ویزہ رکھنے والوں کو ویزے کی مدت ختم ہونے پر 3ماہ کیلئے جرمانے سے مستثنیٰ قرار دے دیا گیا

مذکورہ فیصلہ دبئی میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کا حصہ ہے۔

دبئی: متحدہ عرب امارات میں رہائش کا ویزہ رکھنے والوں کو ویزے کی مدت ختم ہونے کی صورت میں کورونا وائرس کے سبب تین ماہ کیلئے جرمانے سے مستثنیٰ قرار دے دیا گیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق یہ رعایت ان لوگوں کو بھی حاصل ہوگی جن کے پاس دبئی کا ویزہ ہے لیکن وہ 180 دن سے زائد عرصے کیلئے ملک سے باہر ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل ریذیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز (جی ڈی آر ایف اے) میجر جنرل محمد احمد المری نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات کے کابینہ کے اس ہفتے کے فیصلے کی بنیاد پر یکم مارچ 2020 کو ختم ہونے والے تمام ریزیڈنسی ویزوں میں توسیع کی جائے گی۔

متحدہ عرب امارات کے کسی بھی طرح کے ویزا یا رہائش رکھنے والے تمام افراد کو قابل تجدید مدت کے لئے کسی بھی جرمانے سے تین ماہ کی چھوٹ دی جائے گی۔ اس کا اطلاق متحدہ عرب امارات کے رہائشی ان افراد پر بھی ہوگا جو ملک سے باہر ہیں۔

متحدہ عرب امارات کے کابینہ کے فیصلے کے مطابق ریذیڈنسی ویزا کے حامل جو رعایتی مدت سے قبل متحدہ عرب امارات نہیں پہنچتے ہیں ، اضافی فیس کے بغیر اپنے ویزا کی تجدید کروا سکیں گے۔

“رہائشی ویزا کی مختلف اقسام ہیں اور یکم مارچ سے سب کو جرمانے سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔ میعاد ختم ہونے والے وزٹ یا سیاحتی ویزا رکھنے والے افراد کو بھی فیصلے کے مطابق جرمانہ نہیں کیا جائے گا۔

مذکورہ فیصلہ دبئی میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کا حصہ ہے۔ فیصلے کا مقصد شہریوں، رہائشیوں اور زائرین کو سہولت فراہم کرنا، ان کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔

About The Author