دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

میو ہسپتال میں کرونا وائرس کے مریض کو وینٹی لیٹر پر منتقل کرنے کے بجائے رسیوں سے باندھنے کا انکشاف

محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ لاہور کے میو ہسپتال میں جاں بحق ہونے والا 70 سالہ شخص شیخوپورہ کا رہائشی تھا۔

لاہور کے میو ہسپتال میں ڈاکٹروں کی غفلت سے کرونا وائرس کا مریض زندگی کی بازی ہار گیا، ڈاکٹروں نے مریض کو وینٹی لیٹر پر منتقل کرنے کے بجائے رسیوں سے باندھ دیا۔ 

سینئر صحافی حامد میر نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ آج میو ہسپتال لاہور کے کرونا وارڈ میں ایک مریض ڈاکٹروں کی سنگدلی کے باعث مارا گیا، اسے رات کو وینٹی لیٹر کی ضرورت تھی، مدد مانگی تو اسے رسیوں کے ساتھ بیڈ سے باندھ دیا گیا، صبح وہ انتقال کر گیا۔ ہمیں صرف ان سے پیار ہے جو مریضوں سے پیار کرتے ہیں جو مریضوں سے ظلم کرے گا اس بے نقاب کریں گے۔

ایک اور ٹویٹ میں حامد میر نے کرونا وائرس کے شکار چینل 24 کے پروڈیوسر شکیل خان کی ویڈیو اپ لوڈ کی اور ساتھ لکھا کہ چینل 24 کے پروڈیوسر شکیل خان کے سامنے کل رات میو ہسپتال لاہور کے کرونا وارڈ میں ایک مریض محمد حنیف کو رسیوں سے باندھ دیا گیا۔ اس ظلم کے بعد اس کی موت کی کہانی شکیل کی زبانی سنئیے۔ مریضوں کا خیال رکھنے والے طبی عملے کو ہمارا سلام لیکن محمد حنیف کے قاتلوں کو بے نقاب کرنا ہمارا فرض ہے۔

بعدازاں حامد میر نے نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز پر چلنے والی بریکنگ کے سکرین شاٹس بھی شئیر کیے جس میں میو ہسپتال میں ہونے والی افسوسناک صورتحال کے بارے میں بتایا گیا ہے، اس ٹویٹ میں حامد میر نے لکھا کہ یہ ہے اپنا پنجاب۔ میو ہسپتال لاہور میں ڈاکٹروں نے کرونا وائرس کے مریض کی مدد کرنے کی بجائے وارڈ بوائے کے ذریعہ اسے رسیوں میں جکڑ دیا۔ حالت بگڑنے پر مریض کی موت واقع ہو گئی۔ پنجاب کے ہسپتالوں کی حالت زار کا نوٹس کون لے گا؟ وزیراعلیٰ یا وزیراعظم؟

دوسری جانب سی ای او ڈاکٹر اسد اسلم کا کہنا ہے کہ میو ہسپتال کے کرونا وارڈ میں 73 سال کا شخص انتقال کر گیا ہے، مریض کی ہلاکت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی، مریض صبح واش روم گیا تو دل کا دورہ پڑا تھا۔

محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ لاہور کے میو ہسپتال میں جاں بحق ہونے والا 70 سالہ شخص شیخوپورہ کا رہائشی تھا۔ ترجمان ہیلتھ کیئر کا کہنا ہے کہ پنجاب میں کرونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 4 ہو گئی ہے، لاہور میں تین اور راولپنڈی میں ایک مریض جاں بحق ہوا۔

ترجمان نے کہا ہے کہ پنجاب میں کرونا وائرس کے 419 کنفرم مریض ہیں، ڈی جی خان سے207 زائرین، ملتان سے 19 زائرین اور لاہور میں 113 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

ہیلتھ کیئر کے ترجمان کا کہنا تھا کہ گجرات میں 22، گوجرانوالہ میں 8، جہلم میں 19، پنڈی میں 12، ملتان میں 3، فیصل آباد میں 3، منڈی بہاالدین میں 2 کرونا کے کیسز ہیں۔ ترجمان کے مطابق نارروال، رحیم یار خان اور سرگودھا میں ایک ایک مریض اور اٹک، بہاولنگر میں بھی ایک ایک، میانوالی میں 2 مریضوں میں تصدیق ہوئی ہے۔

About The Author