نومبر 3, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

پاکستان:کورونا وائرس سے 8ہلاکتیں، 1ہزار102متاثر

آج بروز جمعرات پاکستان میں کورونا کے اب تک 16 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے بلوچستان میں 12 اور اسلام آباد میں 4 کیسز رپورٹ ہوئے۔

پاکستان میں مجموعی کیسز کی تعداد 1ہزار 102 تک جا پہنچی ہے جب کہ 8 افراد وائرس سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان میں بھی ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

بدھ کے روز پاکستان میں کورونا وائرس سے آٹھویں ہلاکت ہوئی جہاں راولپنڈی میں زیر علاج خاتون انتقال کرگئیں، خاتون بیرون ملک سے وطن واپس آئی تھیں اور 21 مارچ سے زیر علاج تھیں۔

خاتون کے انتقال سے پنجاب میں کورونا سے اب تک ہلاکتوں کی تعداد 2 ہوگئی ہے جب کہ اس سے قبل خیبرپختونخوا میں 3، بلوچستان، گلگت بلتستان اور  سندھ میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

پاکستان  میں مہلک وائرس سے اب تک 22 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جن میں سے 14 کا تعلق سندھ، 6 کا گلگت بلتستان اور 2 کا تعلق اسلام آباد سے ہے۔

آج بروز جمعرات پاکستان میں کورونا کے اب تک 16 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے بلوچستان میں 12 اور اسلام آباد میں 4 کیسز رپورٹ ہوئے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مزید 4 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں تاہم ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ان کیسز کی کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔

سرکاری پورٹل پر 5 کیسز میں اضافے کے بعد اسلام آباد میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 25 ہوگئی ہے۔

 صوبائی محکمہ صحت نے بتایا ہے کہ بلوچستان میں کورونا وائرس کے مزید 12 کیسز  سامنے آئے ہیں جس کے بعد مصدقہ کیسز کی تعداد 131 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق کورونا وائرس سے متعلق کیے گئے 165 ٹیسٹ کے نتائج آنا باقی ہیں۔

خیال رہے کہ بلوچستان میں بھی کورونا وائرس سے ایک شخص جاں ہوچکا ہے۔

بدھ کے روز ملک کے سب سے بڑی آبادی والے صوبے میں کورونا وائرس سے دوسری ہلاکت ہوئی۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے مطابق کورونا وائرس میں مبتلا ایک خاتون مریض انتقال کرگئیں،خاتون 21 مارچ سے زیرعلاج تھیں اور بیرون ملک سے وطن واپس آئی تھیں۔

پنڈی میں خاتون کی ہلاکت کے بعد ملک میں اب تک مہلک وائرس 8 افراد کی زندگیاں نگل چکا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی لاہور کے میو اسپتال میں ایک مریض انتقال کرگیا تھا۔

دوسری جانب صوبے میں بدھ کو 27 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 323 ہوگئی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں تفتان سے لائے گئے زائرین میں 176، ملتان قرنطینہ میں 4، لاہور میں 80، گجرات میں 21، جہلم میں 19، گوجرانوالہ میں 8، راولپنڈی 4، ملتان اور فیصل آباد 3، 3 جبکہ منڈی بہاؤ الدین، سرگودھا، رحیم یار خان، اٹک اور نارووال میں ایک ایک شخص میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

خیبر پختونخوا میں بدھ کو کورونا وائرس کے 43 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 121 ہوگئی ہے۔

گزشتہ روز خیبرپختونخوا کی تحصیل منگا میں 39 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد تحصیل میں کرفیو نافذ کرکے فوج تعینات کردی گئی ہے۔

صوبائی وزیر صحت کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے پہلے مریض کا تعلق یونین کونسل منگا سے تھا۔

خیال رہے کہ صوبے میں اب تک 3 مریض انتقال کرچکے ہیں۔

سندھ میں بدھ کو صرف 3 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد صوبے میں مجموعی تعداد 417 تک جاپہنچی ہے۔

صوبائی وزارت صحت کی ترجمان کے مطابق بدھ کے روز کراچی میں مزید 3 نئے کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد شہر میں متاثرہ افراد کی تعداد 146 تک جاپہنچی ہے جب کہ ایک مریض کا تعلق حیدرآباد اور ایک کا دادو سے ہے۔

تفتان سے سکھر آنے والے زائرین میں متاثرہ افراد کی تعداد 265 ہے۔

ترجمان کے مطابق صوبے میں 14 افراد مہلک وائرس سے صحتیاب ہوئے ہیں جن میں سے 13 کا تعلق کراچی اور ایک کا حیدرآباد سے ہے جب کہ ایک مریض انتقال کرچکا ہے۔

گلگت بلتستان میں بدھ کے روز کورونا وائرس کے 4 کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد علاقے میں مجموعی تعداد 84 ہوگئی ہے۔

مشیر اطلاعات شمس میر کے مطابق 4 نئے کیسز میں 3 مریضوں کا تعلق اسکردو سے ہے جبکہ گلگت میں مزید 2 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جس کے بعد صحتیاب مریضوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔

خیال رہے کہ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ خود بھی اسی مہلک وبا سے انتقال کرچکے ہیں۔

آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کا اب تک ایک ہی کیس رپورٹ ہوا ہےجب کہ ریاست میں حکومت نے شہریوں سے احتیاط کرنے کی اپیل کی ہے۔

About The Author