دسمبر 23, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

تفتان بارڈر سے زائرین کو سکھر پہنچانے کا سلسلہ شروع، 6 بسیں 280 زائرین کو لیےآئسو لیشن یونٹ پہنچ گئیں

زائرین کے کوائف درج کرنے اور ان کی کرونا وائرس کی اسکریننگ کرنے کے عمل کا آغاز بھی ہو چکا ہے

کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر تفتان بارڈر پر گذشتہ کئی روز سے پھنسے زائرین کوپولیس و رینجرز کی سخت سیکورٹی میں سکھر لانے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے اور اس سلسلے میں تفتان بارڈر سے 280 زائرین جن میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں کو لیے 6 سے زائد بسیں سکھر پہنچ گئی ہیں۔

جن کو سکھر انتظامیہ نے لیبر کالونی میں قائم آئسولیشن یونٹ منتقل کردیا گیا ہے جہاں پر زائرین کے کوائف درج کرنے اور ان کی مکمل اسکریننگ کا عمل شروع کردیا گیا ہے ۔

قرنطنیہ سینٹر میں زائرین کی آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں ۔ پولیس و رینجرز کی بھاری جمعیت تعینات کردی گئی ہے اور لیبر کالونی کی طرف آنے والے تمام راستے سیل کردیئے گئے ہیں اور اطراف میں بھی اہلکار تعینات ہیں۔ جبکہ میڈیا کو بھی زائرین سے دور رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔

حکام کے مطابق ان زائرین کو مکمل اسکریننگ تک قرنطنیہ میں رکھا جائے گا اور اس لیے قرنطنیہ میں ان کی سہولت کے تمام انتظامات کیے گئے ہیں انکو کسی قسم کی پریشانی ہونے نہیں دی جائے گی قرنطنیہ میں ان کی اسکریننگ رپورٹ منفی آنے پر زائرین کو گھر بھی جانے دیا جائے گا تاہم شبہ ہونے کی صورت میں زائرین کو قرنطنیہ میں مکمل علاج ہونے تک رکھا جائے گا۔

About The Author