دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

آج ہر طرف سے جمہوریت پر حملے ہورہے ہیں، بلاول بھٹو

انہوں نے کہا ہم سمجھتے ہیں کہ نیب کالا قانون ہے اسے بند کرنا چاہیے، ملک میں ایک ایسا ادارہ ہونا چاہیے جہاں ہر طبقے کے لوگ پیش ہو سکیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کوئی ماننے کو تیار نہیں کہ نواز شریف علاج کی غرض سے یا کرپشن کی وجہ سے لندن میں ہیں۔

لاہور میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ آج ہر طرف سے جمہوریت پر حملے ہو رہے ہیں، صحافیوں، بلاگرز اور ٹوئٹر پر پوسٹ کرنے والے بچوں پر بھی سینسرشپ لگائی جا رہی ہے، ایسا نیا پاکستان نہیں مانیں گے جہاں صحافیوں کو بولنے اور اظہار کی آزادی نہ ہو۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ آج ملک میں سیاسی انتقام عروج پر ہے، کوئی پاکستان میں ماننے کو تیار نہیں کہ نواز شریف جیل میں یا لندن میں ہیں تو وہ کرپشن کی وجہ سے ہیں، سب کا مؤقف ہے کہ نواز شریف عمران خان کے سیاسی انتقام کی وجہ سے لندن میں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ خورشید شاہ آج بھی جیل میں ہیں، نیب نے خورشید شاہ کے مرحوم بھائی کے نام بھی نوٹس بھجوا دیا، سیاسی انتقام میں بھائی، بہن بیٹی تک کو نوٹسز دیئے جا رہے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا پہلے سے ہی جانتے تھے کہ نیب اور معیشت ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، بزنس مینوں نے باجوہ صاحب سے مل کر کہا کہ نیب اور معیشت ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، عمران خان نے بھی مان لیا کہ نیب اور معیشت ساتھ ساتھ نہیں چل سکتی اور آرڈیننس جاری کیا۔

ان کا کہنا تھا بینظیر بھٹو کے خلاف کیسز ہمارے مخالف وزیراعظم نے بنائے، ان تمام کیسز میں ہم بری ہوئے، ہم نے عدالتوں میں شہید بینظیر اور آصف زرداری کے خلاف مقدمات جیتے، ہم آج بھی بھٹو شہید کے عدالتی فیصلے کے خلاف انصاف کے منتظر ہیں، امید کرتے ہیں کہ انصاف کے ادارے اس کیس میں ہمیں انصاف دیں گے۔

انہوں نے کہا ہم سمجھتے ہیں کہ نیب کالا قانون ہے اسے بند کرنا چاہیے، ملک میں ایک ایسا ادارہ ہونا چاہیے جہاں ہر طبقے کے لوگ پیش ہو سکیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ جو عوام کے حقوق چھیننا چاہتے ہیں وہ غیرجمہوری لوگ ہیں، ایک طرف جمہوری اسپیس چھینا جا رہا ہے تو دوسری طرف معاشی حقوق چھینے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معیشت کو عوام کی مرضی سے چلانا پڑے گا کیونکہ ملک عوام کی مرضی سے چلتے ہیں کسی امپائر کی مرضی سے نہیں۔

ان کا کہنا تھا پہلے کہہ چکا تھا کہ پی ٹی آئی کا بجٹ غریب عوام کا معاشی قتل ہو گا، منہگائی ہمارے دور میں بھی تھی لیکن عوام کو معاشی تحفظ فراہم کیا گیا تھا، آج ملازمین کو تنخواہ ملتی ہے نہ پینشن، نوکریاں اور گھر دینے کے بجائے لوگوں کو بیروزگار کیا جا رہا ہے، گھر گرائے جا رہے ہیں۔

پاکسان پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ معاشی دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں کھڑا ہونا پڑے گا، صحافیوں کے تعاون سے ہم ایک لمبی جدوجہد کرنا چاہتے ہیں، اس جدوجہد میں ہار نہیں مانیں گے، دو قدم آگے جائیں گے تو ایک قدم پیچھے آئیں گے۔

حکومت نے غلط طریقے سے آئی ایم ایف کی شرائط تسلیم کیں

حکومت پاکستان کے آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس آئی ایم ایف کے سامنے رکھنے کے لیے کوئی ٹھوس منصوبہ نہیں تھا، حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ غلط طریقے سے مذاکرات کیے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے غلط طریقے سے آئی ایم ایف کی شرائط تسلیم کیں، نیب اور آئی ایم ایف ملکی مسائل کا حل نہیں، حکومت کے پاس وقت ہے آئی ایم ایف کے پاس جائے اور دوبارہ مذاکرات کرے، حکومت ایسا نہیں کر سکتی تو گھر چلی جائے ہم اقتدار میں آکر مسائل حل کر لیں گے۔

وزیر ریلوے شیخ رشید سے متعلق سوال پر بلاول بھٹو نے کہا کہ گٹر وزیر ریلوے خود ہمیشہ سلیکٹڈ وزیر ہوتا ہے، گٹر کی باتوں کو گٹر میں پھینک دینا چاہیے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ موجودہ گٹر وزیر ریلوے کے دور میں سب سے زیادہ ٹرین حادثات ہوئے، جب ٹرین حادثات ہوتے تھے تو عمران خان مطالبہ کرتے تھے وزیر ریلوے مستعفی ہوں، حیران ہوں اتنے بڑے ریلوے حادثات کے باوجود وزیر ریلوے اپنے عہدے پر موجود ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ شیخ رشید کو بتا دینا چاہتا ہوں کہ یہ ان کی آخری باری ہے جب وہ سلیکٹ ہوئے، اس کے بعد ان کے ساتھ جو کچھ ہو گا اس سے سب کو مزہ آئے گا۔

About The Author