ڈاکٹر لال خان رخصت ہوئے، ساز زندگی تھم گیا، ان کے دوستوں، احباب، نظریاتی ساتھیوں اور پیاروں نے ہفتہ کی سپہر چکوال کے قصبہ بھون میں ان کے جسد خاکی کو دھرتی ماں کے سپرد کر دیا۔
وہ پاکستان میں ترقی پسندوں کے عملیت پسندی کا چہرہ تھے۔ سوشلسٹوں کی ٹراٹسکی فہم کے علمبردار، بھون چکوال کی مٹی سے اُٹھے اور وہیں آسودہ خاک ہوگئے۔
6دہائیوں سے کچھ اوپر جئے اور شان کیساتھ جئے۔
تیسرے مارشل لاء (جنرل ضیاء الحق کے دور) کے آغاز کے دنوں میں وہ نشتر میڈیکل کالج میں زیرتعلیم اور پی ایس ایف کے سرگرم کارکنوں میں سے تھے۔
نشتر میڈیکل کالج کے دنوں میں ہی انہوں نے اس وقت کے فوجی سربراہ جنرل ضیاء الحق سے ماتھا لگایا۔
بلندقامت نوجوان طالب علم جب بلند آہنگ کیساتھ،
” ہم نہیں مانتے ظلم کے ضابطے”، "سُرمے والی سرکار ہائے ہائے”۔ "راج کریگی خلق خدا”، "سرخ ہے سُرخ ہے ایشیاء سُرخ ہے”
کے نعرے لگواتا تو راہ چلتے ہوئے لوگ بھی رُک کر نعروں کا جواب دینے لگتے۔
ایک بار تو اس نعرہ بازی نے کچھ اُن طلباء پر بھی وجد طاری کر دیا جو بظاہر اس کے مخالف کیمپ میں تھے۔ احتجاج ختم ہوا تو کسی نے اُن طالبعلموں سے پوچھا سرخوں کیساتھ نعرے کیوں لگاتے رہے؟
دائیں بازو کی طلباء تنظیم انجمن طلباء اسلام سے تعلق رکھنے والے ان طلباء نے جواب دیا
”یار تم بھی خود کو قابو نہ رکھ پاتے اس کے جوش اور جذبوں سے بھرے نعروں کی للکار سُن کر”۔
واقعی ایسا ہی تھا۔
یہ1980ء کی دہائی کا آٹھواں سال تھا۔ لاہور کے گنپت روڈ کی بنگالی گلی میں واقع نورچیمبرز کی دوسری منزل پر کئی مہینوں سے بند ایک دفتر پھر سے آباد ہوگیا۔ اس منزل پر دو آفس ہفتہ روزہ ”رضاکار” کے پاس تھے، ایک میں جناب افضال کا دفتر تھا (یہ مفتی نعیمی صاحب مرحوم کے عزیز تھے) امامیہ پبلی کیشنز اور ایک دو دوسرے اشاعتی اداروں کے دفاتر اسی منزل پر تھے۔
ہمارے پڑوس والا دفتر آباد ہو چکا، دوسرے یا تیسرے دن دو صاحبان ہمارے دفتر میں داخل ہوئے اور ان میں سے ایک نے گرمجوشی سے ہاتھ ملاتے ہوئے کہا، یار راجی کیسے ہو؟۔
میں اس بے تکلفی پر کچھ حیران ہوا، پھر راجی کہنے والے کے مسکراتے ہوئے چہرے کو غور سے دیکھ کر کہا ڈاکٹر تنویر گوندل؟ ہاں کے جواب کیساتھ ہی اس نے مجھے کرسی سے اُٹھا کر گلے لگا لیا۔
اس کیساتھ آئے نوجوان کا تعارف فاروق طارق کے نام سے ہوا، ایک مدت کے بعد دوست کے ملنے کی خوشی اور اس سے بڑھ کر خوشی یہ کہ پڑوس کے دفتر کی نئی آبادی یہی دوست ہیں۔
میں یژب تنویر گوندل کو جانتا تھا، اب ڈاکٹر لال خان میرے سامنے تھے۔ اپنے نظریات کی پاسداری میں یژب تنویر گوندل نے کیا کیا قربانی نہیں دی تھی۔
نشتر میڈیکل کالج کو اسلامی جمعیت طلبہ والے اپنا منصورہ کہا کرتے تھے اور تنویرگوندل جیسے اسے مسجد ضرار،
یہ اُن ماہ وسال کا قصہ ہے جب "ایشیاء سبز ہے” اور "ایشیاء سرخ ہے” کے نعرے تعلیمی اداروں کے اندر اور گاہے شہروں کی پررونق سڑکوں اور بازاروں میں گونجتے تھے۔
بھٹو صاحب کی حکومت کا تختہ اُلٹ کر جنرل ضیاء الحق اقتدار پر قابض تھے، 90روز میں انتخابات کروا کے اقتدار منتخب نمائندوں کے حوالے کرنے اور فوج کے واپس بیرکوں میں جانے کا اعلان روندا جا چکا تھا۔
پیپلزپارٹی اور چھوٹی موٹی ترقی پسند جماعتوں، طلباء اور محنت کشوں کے ترقی پسند گروپ ریاستی جبر وستم کا شکار تھے۔
ان ماہ وسال میں فوجی حکومت جن طالب علم راہنماؤں سے تنگ تھی ان میں تنویر گوندل بھی شامل تھے۔
حکومت مخالف سرگرمیوں اور جنرل ضیاء الحق کی ملتان آمد کے موقع پر
”سُرمے والی سرکار ہائے ہائے”
کے نعروں نے مقامی ومارشل لاء انتظامیہ کا ناک میں دم کر رکھا تھا۔
سیانوں نے مشورہ دیا ملتان اور کالج دونوں کی صحت کیلئے بہتر ہوگا کہ تنویر گوندل جیسے باغی طلباء کا دوسرے میڈیکل کالجوں میں مائگریشن کر دیا جائے۔ تنویر گوندل اور دو تین طلباء کو راولپنڈی کے آرمی میڈیکل کالج بھجوا دیا گیا۔ ایک دو کے حصے میں صوبہ بدری بھی آئی، چند طلباء لاہور بھجوا دیئے گئے۔
مگر وہ جو خیال تھا کہ ملتان اور نشتر بدری سے یہ طالب علم بندے بن جائیں گے وہ خیال جاگتی آنکھوں کا خواب ثابت ہوا،
تنویر گوندل 2ساتھیوں سمیت آرمی میڈیکل کالج پہنچا اور سب سے پہلے اس نے کالج کے فوجی ضابطوں کو چیلنج کیا۔ اگلے مرحلہ میں اس کا اسلام پسندوں کے مقامی جتھے اور فوجی حکومت کے سربراہ جنرل ضیاء الحق کے چھوٹے صاحبزادے انوارالحق سے ٹاکرا ہوگیا۔
انوارالحق ان دنوں آرمی میڈیکل کالج میں زیرتعلیم تھے اور جنرل ضیاالحق کا بیٹا ہونے کی بدولت کالج میں اسلام پسندوں کے ”خلیفہ” کا درجہ رکھتے تھے۔
تنویر گوندل کیسے اس کی خلافت کی بیعت کرتا، نتیجہ تصادم کی صورت میں برآمد ہوا۔
اسلام پسند جتھے اس کی جان کے ویری ہوئے، فوجی حکومت نے کھل کر اسلام پسندوں کو سپورٹ کیا۔
حکومت اور کالج انتظامیہ کیلئے پریشانی یہ تھی کہ جس کالج میں کل تک کوئی زبان نہیں کھولتا تھا اب وہاں "امریکی سامراج مردہ باد” کے نعرے گونجتے تھے۔
ان جھگڑوں اور تنازعوں کے متعدد مقدمات درج ہوئے اور پھر دوستوں اور خاندان کے تعاون سے تنویر گوندل ملک چھوڑ کر چلا گیا۔
فوجی حکومت کے اداروں نے بظاہر تو سُکھ کا سانس لیا لیکن رجب علی، قاسم مبارک اور طفیل مانک نامی تین افراد گرفتار ہوئے، ان پر الزام تھا کہ انہوں نے تنویر گوندل اور چند دوسرے لوگوں کو ملک سے نکلنے میں مدد دی ہے۔
تنویر گوندل نے ہالینڈ میں ڈیرے ڈال لئے، وہیں اس کا عالمی ترقی پسندوں سے رابطہ ہوا اور اس نے باقی زندگی انقلاب کیلئے وقف کردی۔
اس کی وطن واپسی محترمہ بینظیر بھٹو کے اقتدار میں آنے سے چند ماہ قبل ہوئی تھی۔
ڈاکٹر تنویر گوندل اب ڈاکٹر لال خان تھا، فاروق طارق اور اس نے ملکر ترقی پسندوں کو منظم کرنے کی جدوجہد شروع کی، بعدازاں جدوجہد کے دو گروپ ہو گئے۔
ڈاکٹر لال خان طبقاتی جدوجہد کے سُرخیل ٹھہرے،
پچھلی تین ساڑھے تین دہائیوں میں ڈاکٹر لال خان لاہور کی مجلسی زندگی کی رونق رہے۔
انہوں نے ملک بھر میں مختلف موضوعات پر ہزاروں لیکچر دیئے، متعدد کتابیں لکھیں۔
گذشتہ ڈیڑھ پونے دو سال سے وہ پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا تھے، مجلسی زندگی میں اب وہ کم کم ہی شریک ہوتے۔
پچھلے برس کے طلباء مارچ میں وہ بہت پُرعزم انداز میں شریک تھے، وہی روایتی مسکراہٹ ان کے چہرے پر تھی جو ہمیشہ ہوتی۔
جمعہ21فروری کی شام تنویر گوندل ڈاکٹر لال خان کا سفرحیات تمام ہوا۔ ہفتہ کی سپہر وہ اپنے خاندانی قبرستان میں مٹی کی چادر اوڑھ کے سورہے۔
علم وفہم اور جدوجہد کا ایک باب بند ہوگیا، ان سے فکر ونظر کا اختلاف آپ کا حق ہے مگر یہ حقیقت ہے کہ وہ شان سے جئے اور پروقار انداز میں دنیا سے رخصت ہوگئے۔
اپنی فکر کیساتھ انہوں نے مثالی وفاداری نبھائی۔
ترقی پسند سیاست وفکر کا ایک چراغ بجھ گیا۔
حق تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے۔
اے وی پڑھو
ملتان کا بازارِ حسن: ایک بھولا بسرا منظر نامہ||سجاد جہانیہ
اسلم انصاری :ہک ہمہ دان عالم تے شاعر||رانا محبوب اختر
سرائیکی وسیب کے شہر لیہ میں نایاب آوازوں کا ذخیرہ