نومبر 21, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

18فروری2020:جموں اینڈ کشمیر میں کیا ہوا؟

جموں اینڈ کشمیر سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں،تبصرے اور تجزیے۔

گیلانی کے علاج کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت
دوردرشن پر ان کی صحت کے متعلق باضابطہ نیوز بلیٹن نشرہونگے

سرینگر ،

مقبوضہ جموں و کشمیر انتطامیہ نے بزرگ رہنما سید علی شاہ گیلانی کے علاج کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت دی ہے۔

انتظامیہ نے اسکمز کے ڈائریکٹر کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی کے علاج کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دیں۔انتظامیہ، دوردرشن پر ان کی صحت کے متعلق باضابطہ نیوز بلیٹن نشر کریں۔

اسکمز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اے جی آہنگر نے سید علی شاہ گیلانی کی صحت کے متعلق تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ گیلانی کی طبیعت بہتر ہے اور ان کی دیکھ بھال بہترین انداز میں کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گیلانی کو مسلسل آکسیجن فراہم کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے اس کے علاوہ انہیں خون کے کچھ ٹیسٹ بھی تجویز کئے گئے ہیں۔
ڈاکٹر آہنگر نے کہا ہے کہ وہ بہترین ڈاکٹروں کی نگہداشت میں ہیں اور ان کا علاج چل رہا ہے۔ ڈاکٹر نوید سے علاج جاری رکھنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔

سید علی شاہ گیلانی کی صحت دن بہ دن خراب ہوتی جا رہی ہے اور رواں برس انتظامیہ اس کی صحت کے حوالے سے کافی سنجیدہ ہے کیوںکہ انتظامیہ کو خدشہ ہے کہ ان کے انتقال کے بعد حالات خراب ہو سکتے ہیں۔
حریت کانفرنس کے سینئر رہنما سید علی گیلانی کافی عرصے سے اپنے ہی گھر میں نظربند ہیں اور کافی علیل بھی ہیں۔


جموں و کشمیر حدبندی کمیشن کے لئے سشیل چندرا نامزد

سرینگر ،

چیف الیکشن کمشنر سنیل ارورہ نے نو تشکیل شدہ مرکز کے زیر انتظام علاقہ جموں و کشمیر کی حد بندی کمیشن کے لیے سشیل چندرا کو نامزد کیا ہے۔
جموں و کشمیر کی تقسیم کے کئی ماہ بعد مرکزی حکومت نے مرکز کے زیرانتظام علاقے کی حد بندی کا کام شروع کر دیا ہے۔

31 اکتوبر 2019 کو جموں و کشمیر کو دو مرکزی خطوں میں تقسیم کر دیا گیا تھا، جموں و کشمیر تنظیم نو ایکٹ 2019 کے مطابق ریاست میں ایک اسمبلی ہوگی، جبکہ لداخ میں اسمبلی نہیں ہوگی، وہ چنڈی گڑھ کی مانند کام کرے گا۔

سشیل چندرا کے علاوہ کمیشن میں ریاستی الیکشن کمیشن کے چیئرپرسن اور سابق ممبران کے علاوہ سپریم کورٹ کے موجودہ یا ریٹائرڈ جج بھی اس کمیشن میں شامل ہوں گے۔


مسجد کی تعمیر کے لیے چندہ جمع کرنے والے چار کشمیری گرفتار

سرینگر ،

ریاست اترپردیش کے ضلع فرخ آباد میں پولیس نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے رہنے والے چار افراد کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس کے مطابق انہیں اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ فرخ آباد شہر میں مشکوک طور پر گھوم رہے تھے۔ لیکن گرفتار شدہ افراد کا کہنا ہے وہ جموں و کشمیر میں مسجد بنانے کے لیے چندہ جمع کرنے کے غرض سے شہر میں گھوم رہے تھے۔

پولیس کے ایک عہدیدار نے میڈیا کو بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ انہوں نے اس سے قبل بھی پے ٹی ایم کے ذریعے 41 ہزار روپے ٹرانسفر کیے تھے

انہوں نے کہا کہ گرفتار شدہ افراد فرخ آباد شہر میں دکانداروں اور تاجروں سے رقم جمع کر رہے تھے۔پولیس نے کہا کہ مختلف سرکاری ایجنسیز گرفتار شدہ افراد سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔


مقبوضہ جموں و کشمیر :سوشل میڈیا صارفین کے خلاف مقدمہ درج

سرینگر ،

سوشل میڈیا کے غلط استعمال پر سخت کارروائی کرتے ہوئے سائبر پولیس اسٹیشن کشمیر زون سرینگر نے مختلف سوشل میڈیا صارفین کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔
پولیس کے مطابق ایف آئی آر ان افراد کے خلاف درج کی گئی ہے جنہوں نے حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کی اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا غلط استعمال کیا۔

یہ مقدمہ غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ ( یو اے پی اے) کے تحت درج کیا گیا ہے۔جموں و کشمیر انتظامیہ نے ایک حکم نامہ جاری کیا ہے جس میں غلط معلومات / افواہوں کی تشہیر کے لیے شرپسند عناصر کے ذریعہ سائٹس کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے تمام سوشل میڈیا سائٹز پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

حکم نامے کے مطابق افواہوں کو روکنے، غلط اور جعلی خبروں کو پھیلانے پر روک لگانے کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔
حکم نامے کے مطابق علیحدگی پسند نظریے اور غیر قانونی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے شرپسندوں کی جانب سے سوشل میڈیا سائٹس کے غلط استعمال کی اطلاعات آ رہی ہیں۔

حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر میں سوشل میڈیا پر پابندی کے باوجود بھی مختلف وی پی اینز کا استعمال کرکے شرپسند عناصر وادی کشمیر کی موجودہ سکیورٹی صورتحال کے بارے میں افواہیں پھیلا رہے ہیں۔

حکام کی جانب سے اس کے نوٹیفکیشن کے بعد سائبر پولیس اسٹیشن کشمیر زون سرینگر میں پہلی ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔


عسکریت پسند قراردیا گیا نوجوان بے گناہ قرار

سرینگر ،

مقبوضہ جموں و کشمیر پولیس نے سرینگر کے علاقے چھتہ بل کے رہنے والے عمر فیاض کو رہا کردیاہے۔ پولیس نے کہا ہے کہ وہ عسکریت پسند نہیں ہیں۔
عمر فیاض کو لاوے پورہ میں ہونے والے آپریشن کے دوران گولی لگی تھی جس کے بعد سکیورٹی فورسز نے انہیں عسکریت پسند قرار دیا تھا، تاہم تحقیقات کے بعد پولیس نے انہیں رہا کر دیا ہے۔

ایک سینیئر پولیس عہدیدار نے کہا کہ تحقیقات کے دوران پولیس کو یقین ہوگیا کہ عمر فیاض بے گناہ ہیں اور وہ عسکریت پسند نہیں ۔ جس کے بعد سکیورٹی کی تعیناتی کو سرکاری اسپتال سے ہٹا دیا گیا جہاں وہ زیر علاج تھے۔

انہوں نے کہا کہ سکیورٹی ہٹانے کے بعد عمر فیاض کو ہسپتال سے ڈسچارج کیا گیا۔
رواں ماہ کی 5 تاریخ کو لاوئے پورہ میں ایک آپریشن میں دو نوجوان شہید ہو گئے تھے۔ جس کے دوران عمر فیاض کو بھی گولی لگی تھی اور پولیس نے اسے عسکریت پسند قرار دے کر انہیں گرفتار کر لیا تھا۔ انہیں سرینگر کے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال داخل کرایا گیا تھا۔

پولیس اور سی آر پی ایف نے مشترکہ پریس کانفرنس میں دعوی کیا کہ عمر فیاض تیسرا عسکریت پسند ہے اور اس وقت سرینگر کے ایک سرکاری اسپتال میں زیر علاج ہے۔
عمر فیاض کے اہل خانہ نے پولیس کی جانب سے کیے گئے دعوے کے خلاف احتجاج کیا اور نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ بے گناہ ہے۔

اس کا کسی بھی عسکری تنظیم سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق اہل خانہ نے بتایا تھا کہ عمر فیاض علاقے میں میں اپنی دکان چلا رہے ہیں۔عمر فیاض کے بھائی عادل احمد نے بھی ان کی رہائی کی تصدیق کی ہے ۔

فٹ بال لیگز میں سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے۔پریمیئر لیگ میں مانچسٹر یونائیٹڈ نے چیلسی کو شکست دے دی۔لا لیگا لیگ میں ریال میڈرڈ اور سیلٹا ویگو کلب کے درمیان میچ دو دو گول سے برابر ہو گیا۔۔۔۔

پریمیئر لیگ میں مانچسٹر یونائیٹڈ اور چیلسی کے درمیان اہم میچ کھیلا گیا۔مانچسٹر یونائیٹڈ نے چیلسی کو دو صفر سے شکست دے دی۔مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے اینتھی مارشل اور ہیری نے ایک ایک گول کیا۔دوسری طرف لا لیگا لیگ میں ریال میڈرڈ اور سیلٹا ویگو کے درمیان سنسنی خیز مقابلے کے بعد میچ دو دو گول سے برابر ہو گیا۔۔۔۔

About The Author