نومبر 9, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

وزیراعظم عمران خان دوروزہ سرکاری دورے پر ملائیشیا روانہ

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق مہاتیرمحمد سے ملاقات میں وزیراعظم مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان آج دو روزہ سرکاری دورے پر ملائیشیا روانہ ہوگئے ۔

وزیراعظم پاکستان ملائشین ہم منصب سے ملاقات میں انہیں  مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کریں گے ۔

وفود کی سطح پر مذاکرات بھی شیڈول میں شامل ہیں ۔ ملائیشیا جانے کیلئے بھارتی فضائی حدود استعمال نہیں کی جائے گی۔ وزیراعظم چین کے راستے ملائیشیا پہنچیں گے۔

وزیراعظم عمران خان ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد کی دعوت پر ملائیشیا کا دو روزہ دورہ کر رہے ہیں۔ جہاں دونوں وزرائے اعظم کے درمیان ون آن ون ملاقات کے علاوہ وفود کی سطح پر بھی ملاقات ہوگی۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق مہاتیرمحمد سے ملاقات میں وزیراعظم مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کریں گے۔ علاقائی امن و استحکام کو درپیش خطرات کو روکنے کی اہمیت پر زور دیں گے۔

وزیراعظم دورہ کے دوران اہم ایم او یوز پر دستخط کریں گے۔ ملائیشین انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اینڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز کی تقریب سے بھی خطاب کریں گے۔ ترجمان کے مطابق دورے سے دونوں ممالک کے مابین مضبوط تعلقات اور اسٹریٹیجک شراکت داری کو مزید تقویت ملے گی۔

دورہ ملائیشیا کے لئے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے تناظر میں وزیراعظم نے بھارتی فضائی حدود استعمال نا کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ عمران خان براستہ چین ملائیشیا پہنچیں گے جس سے سفر میں اضافی 4 سے 5 گھنٹے لگ سکتے ہیں ۔

About The Author