دسمبر 23, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

25جنوری2020:ڈیرہ اسماعیل خان میں کیا ہوا؟

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں تجزیے اور تبصرے

درابن روڈ یرہ منتخب نمائندوں کی عدم توجہی کے باعث کھنڈرات وجھیل کا منظر پیش کرنے لگا

ڈیرہ اسماعیل خان:درابن روڈ یرہ منتخب نمائندوں کی عدم توجہی کے باعث کھنڈرات وجھیل کا منظر پیش کرنے لگا ،مسافروں ،راہ گیروں اور نمازیوں کو شدید تکلیف اور مصائب کا سامنا ،

اہلیان علاقہ نے منتخب عوامی نمائندوں کی کارکردگی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور روڈ کی ابتر صورتحال کو بہتر بنانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں ہونے والی باروش وتوصیف آباد کے نکاسی آب نے درابن روڈ کے مختلف مقامات تبلیغی مرکز زکریا مسجد اور ارگرد کے علاقے کو جھیل ودلدل بنا کر رکھ دیا ہے

جبکہ دوسری جانب درابن روڈ کا اکثریتی حصہ انتہائی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوکر جگہ جگہ گہرے گڑھوں میں تبدیل ہوچکا ہے ۔تبلیغی مرکز کے بالکل قریب اور دیگر مقامات پر پانی کھڑا ہونے سے شہریوں اور مسافروں کو آمدورفت میں شدید تکلیف اور دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا ہے

جبکہ زکریا مسجد آنے جانے افراد اور نمازیوں کے کپڑے خراب ہوجاتے ہیں ،اہلیان علاقہ کا کہنا تھا کہ یہی تبدیلی اور نیا پاکستان ہے جس نے عوام کو مصائب میں مبتلا کررکھا ہے ۔

ان کہنا تھا کہ توصیف آباد کالونی مردوں کے لئے قبرستان تو بنا دیاگیا ہے جو کہ احسن اقدام ہے لیکن وہ کے بسنے والے رہائشیوں کو نکاسی آب اور آمدورفت کی سہولیات فراہم کرنا بھی حکومت اداروں کی اولین ذمہ داری میں شامل اسے بھی پورا کیا جانا چاہیے ،

انہوں نے اربا ب اختیار سے فوری طور پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔


قلعہ اقبال گڑھ ڈیرہ میں سالانہ سپورٹس ایوارڈ کی تقریب کا انعقاد

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) آرمی پبلک سکول اینڈ کالج قلعہ اقبال گڑھ ڈیرہ میں سالانہ سپورٹس ایوارڈ کی تقریب کا انعقاد کیاگیا جس میں مہمان خصوصی سٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر محمد شمریز خان کے علاوہ

سکول و کالج کے پرنسپل گروپ کیپٹن بشیر احمد چوہدری، ڈپٹی سٹیشن کمانڈر کرنل محمد عاقب کے علاوہ عسکری حکام، طلباءو طالبات اور ان کے والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میںآمد پر ننھے بچوں نے مہمان خصوصی سٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر محمد شمریز خان کو گلدستہ پیش کیا اور گل پاشی کی ۔

تقریب میں بچوں نے ویلکم ٹیبلو، متاثر کن نغمات، کھیلوں کی حوصلہ افزائی کے حوالے سے ٹیبلوز، میوزیکل چیئر کے مقابلوں کا مظاہرہ کیا۔ جس کو شرکاءنے خوب سراہا اور بچوں کی صلاحیتوں پر ان کو داد دی۔ تقریب کے دوران سٹیج کو خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔

تقریب میں سٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر محمد شمریز خان اور ان کی اہلیہ نے کرکٹ، فٹ بال، والی بال، اتھلیٹکس، باسکٹ بال، ٹیبل ٹینس، دوڑ اور لانگ جمپ وغیرہ میں کامیاب ہونے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کئے۔

سٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر محمد شمریز خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلباءاپنی تعلیم کو اپنی اولین ترجیح قرار دیں ، صحت مند جسم ہی صحت مند سوچ پروان چڑھانے میں کردار ادا کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی بچیوں اور خواتین کی بھی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے جیسے مردوں کے لیئے کھیل کی سرگرمیاں ضروری ہیں اسی طرح خواتین کےلئے بھی ایسی سرگرمیوں میں حصہ لینا بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی اس بات کی ہے کہ آرمی پبلک سکول اینڈ کالج کے طلبہ نے جہاں تعلیمی میدان میں اپنا نام پیدا کیا ہے وہیں ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی یہاں کے طلبہ کا کردار قابل ستائش ہے ۔

آپ نے مستقبل میں اس ملک وقوم کی قیادت کرنی ہے اور ایسا کردار ادا کریں کہ پاکستان اور پاکستان سے باہر آپ کو منفرد مقام حاصل ہو۔


بس اور کار کے تصادم، دوخواتین اور بچے سمیت چار افراد زخمی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) تیز رفتاربس اور کار کے تصادم، دوخواتین اور بچے سمیت چار افراد زخمی ہوگئے ،زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیاگیا ،

ریسکیو ذرائع کے مطابق تھانہ ڈیرہ ٹاﺅن کی حدود درابن روڈ پر واقع علاقہ زندانی کے قریب تیز بس بے قابو ہوکر کار کے ساتھ جاٹکرائی جس کے نتیجے میں یں سوار دو خواتین ،ڈرائیور اور بچے سمیت چار افراد شدید زخمی ہوگئے ،

زخمیوں کو فوری طور طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیاگیا جہاں خواتین اور بچے کی حالت خطرے سے باہر جبکہ کار ڈرائیور کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔


مندر بالمیک میں فرضی مشق کا انعقاد کیا گیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ پولیس کی جانب سے مندر بالمیک میں فرضی مشق کا انعقاد کیا گیا جس میں پولیس اور ایلیٹ فورس کے جوانوں نے عملی مظاہرہ پیش کیا ۔

فرضی مشق کے دوران پولیس جوانوں نے دہشت گرد حملہ اور مزاحمت کاروں کے خلاف طاقت کے استعمال اور اُن کی گرفتاری عمل میں لانے کے علاوہ پولیس کے ساتھ مزاحمت کے دوران زخمی ہونے والے افراد کو فوری طبی امداد فراہم کرنے

اور مزاحمت کاروں کے حملے سے خود کو محفوظ رکھنے کی ڈرل دہرائی اور مختلف فارمیشنز کا عمالی مظاہرہ پیش کیا مندر بالمیک میں منعقد فرضی مشق کے موقع پر پولیس جوانوں نے علاقے کو گھیرے میں لیے رکھااور حفاظتی اقدامات و ہائی الرٹ سکیورٹی کے تحت مقامی آبادی کو محفوظ رکھنے کے لیے بھی مناسب اقدامات اُٹھائے گئے تھے ۔

پولیس کی فرضی مشقوں کے تمام تر عوامل کی نگرانی ڈی پی او ڈیرہ کیپٹن (ر)واحد محمود نے کی جبکہ ڈی ایس پی ایلیٹ فورس یوسف خان اور مقامی تھانہ سٹی کے ایس ایچ او نے انسداد دہشت گردی کی مشق کے اپریشنل دستوں کی کمانڈ سنبھال رکھی تھی

موقع پر موجود ضلعی سربراہ نے کاﺅنٹر ٹیرارزم کی فرضی مشقوں میں حصہ لینے والے پولیس ، ایلیٹ فورس اور ریسکیو1122 کے جوانوں کی عملی طور پر پیش کردہ اپریشنل کاروائی کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے اُن کی بہترین پیشہ وارانہ کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا

اور اُنھیں مزید احتیاطی تدابیر اپنانے او راپنے دفاعی تجربات میں مزید مہارت حاصل کرنے کی ہدایت کی۔


سرکاری ونجی تعلیمی اداروں میں بوڑھے ،معمر سیکورٹی گارڈ بھرتی کرلیے گئے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ضلع ڈیرہ کے تمام سرکاری ونجی تعلیمی اداروں میں بوڑھے ،معمر سیکورٹی گارڈ بھرتی کرلیے گئے ،سیکورٹی گارڈز میں سننے ،دیکھنے ،چلنے پھرنے کی صلاحیت نہ ہونے کے برابر ،

زیر تعلیم طلباءطالبات کے والدین کے ذہنوں پر سیکورٹی کے حوالے سے خطرے کی گھنٹیاں بجنے لگیں ،بچوں کے والدین کا ضلعی انتظامیہ سے نوٹس لینے کامطالبہ ۔

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہر وگردونواح کے سرکاری ونجی تعلیمی اداروں کی انتظامیہ ومالکان نے بوڑھے ،معمر سیکورٹی گارڈز بھرتی کرکے نیشنل ایکشن پلان کی دھجیاں بکھیرنا شروع کردیں ،بھرتی کیے گئے سیکورٹی گارڈز میں سننے ،دیکھنے اور چلنے پھرنے کی سکت نہیں ہے۔

جب ان تعلیمی اداروں کی انتظامیہ ومالکان سے بچوں کے والدین معمر سیکورٹی گارڈز کی تعیناتی کی بابت باز پرس کرتے ہیں تووہ یہ کہہ کر ٹال دیتے ہیں کہ ہمیں سیکورٹی اداروں نے سیکورٹی گارڈز بھرتی کرنے کا حکم دے رکھا ہے عمر کی بابت کسی قسم کی کوئی ہدایت نہیں ،

حکومت کی جانب سے صوبہ بھر کی طرح ضلع ڈیرہ کے سرکاری ونجی تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم بچوں کے حفاظتی اقدامات اختیار کرنے سے متعلق پندرہ نکاتی ایس او پی جاری کیاگیا تھا جس میں رجسٹرڈ سیکورٹی اداروں سے چاک وچوبند سیکورٹی گارڈز بھرتی کرنے کا حکم درج تھا ،

محکمہ تعلیم کی انتظامیہ ومالکان نے مقامی سیاست دانوں کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے قوانین کو بالائے طاق رکھتے ہوئے معمر بوڑھوں کو تعلیمی اداروں کے داخلے دروازوں پر تعینات کردیا ہے جو کہ خود سہارا تلاش کرتے دکھائی دیتے ہیں ۔

شہریوں نے کمشنر ڈیرہ ،ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اور ڈی پی او ڈیرہ سے سرکاری ونجی تعلیمی اداروں کے مالکان کو قانون کے مطابق سیکورٹی گارڈز بھرتی کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہریوں کے بچوں کو تحفظ فراہم ہوسکے ۔


شادی سیزن میں کپڑے ،جوتے اور کاسمیٹکس کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)شادی سیزن ،ڈیرہ میں کپڑے ،جوتے اور کاسمیٹکس اشیاءکی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں ،غریب طبقہ بے بسی کی تصویر بن کر رہ گیا ،

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہر وگردونواح میں شادیوں کا سیزن شروع ہوتے ہی شہر کے بازاروں میں اشیاءضروریات زندگی خرید کرنے والے افراد کے رش میں بے پناہ اضافہ ہوچکا ہے جس کے باعث بازاروں سے سائیکل اور موٹرسائیکلوں کا گزرنا تو درکنار پیدل چلنا بھی دشوار ہوگیاہے۔

بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے کے لئے دکانداروں نے کپڑوں ،جوتوں اور کاسمیٹکس کی قیمتوں میں سو فیصد اضافہ کرکے شہریوں کے گلے پر التی چھری چلانا شروع کردی ہے۔

سروے کے دوران شہریوں نے بتایا کہ شادیوں کا سیزن آتے ہی شہر کے دکاندارون نے کپڑوں اور جوتوں کی قیمتوں میں من پسند اضافہ کرکے شہریوں کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنا شروع کردیاہے۔غریب سفید پوش طبقے سے تعلق رکھنے والے شہریوںکے لئے خریداری کرنا کسی صورت بھی آسان دکھائی نہیں دیتا ،

ہر دکاندار نے اپنی مرضی کے مطابق چیزوں کے نرخ مقرر کیے ہوئے ہیں مگر پوچھنے والا کوئی نہیں ،ناقص اور ہلکی کوالٹی کے جوتے اور کپڑوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کررہی ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا حکومت وقت سے پرزور مطالبہ ہے کہ اپنی جیبیں بھرنے کے لئے مصنوعی مہنگائی کرنے والے دکانداروں کے خلا ف سخت قانونی کاروائی عمل میں لاتے ہوئے غریب اور متوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والے سفید پوش شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں ۔


مہنگائی کی لہر میں متبادل ایندھن عام آدمی کی پہنچ سے باہر

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) مہنگائی کی لہر میں متبادل ایندھن عام آدمی کی پہنچ سے باہر ،اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت 135 روپے مقرر کی تو مافیا نے خود ساختہ اضافہ کرکے 200 روپے فی کلو سے زائد فروخت کرنا شروع کردی ،

شہری سراپا احتجاج ،وزیر اعظم پاکستان ،چیف جسٹس آف پاکستان سے نوٹس لینے کامطالبہ ،

تفصیلات کے مطابق سردی کی شدت بڑھتے ہی سوئی گیس کی بندش اور کم پریشر کے باعث شہری ایل پی جی سلنڈر ،لکڑی ،کوئلہ اور مٹی کا تیل استعمال کرتے ہیں مگر مہنگائی کی اس لہر میں متبادل ایندھن بھی عام آدمی کی پہنچ سے کوسوں میل دور ہوگیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ ماہ ایل پی جی 110 روپے فی کلو تک فروخت کی جارہی تھی مگر سردی بڑھتے ہی اوگرا نے ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں پچیس روپے کا اضافہ کردیا ،مگر اس اضافے کے باوجود ایل پی جی مافیا نے ازخود نرخوں میں اضافہ کرکے مہنگے داموں ایل پی جی فروخت کرنی شروع کررکھی ہے

جس کی وجہ سے محنت کش دیہاڑی دار طبقہ شدید متاثر ہورہا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت شہریوں کے بنیادی مسائل پر توجہ دے اور بے لگام مہنگائی کوکنٹرول کرنے کے لئے گرانفروشوں کے خلاف کاروائیاں کی جائیں تاکہ شہریوں کو مہنگائی کے اس پرفتن دور میں ریلیف مل سکے ۔


مرغی کے گوشت کے نرخوں میں فی کلو اضافہ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)شہر وگردونواح میں مرغی کے گوشت کے نرخوں میں فی کلو اضافہ ،قیمت 280 روپے سے بھی تجاوز کرگئی ،

گوشت کے نرخ میں دوروز کے اندر کئی گنا اضافہ،شہری مہنگائی سے بلبلا اٹھے ،تفصیلات کے مطابق مہنگائی کی لہر نے غریب عوام کو چکرا کررکھ دیا ،گائے اور چھوٹے گوشت کے بعد اب مرغی کا گوشت بھی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوگیا ،

مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں فی کلو کے حساب سے اضافہ کردیاگیا ۔دوروز میں مرغی کا گوشت مزید مہنگا کردیاگیا ہے۔مارکیٹ میں مرغی کا گوشت 270 روپے سے 270 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہورہا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی اس لہر نے غریب آدمی کو دو وقت کی روٹی کھانے سے بھی محروم کردیا ہے ۔آٹا ،چینی اور دالوں کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اب مرغی کا گوشت بھی مہنگا کردیاگیا جس کی وجہ سے محنت کش دیہاڑی دار افراد ذہنی تناﺅ کا شکار ہوچکے ہیں ۔


مرکزی قدیمی قبرستانوں میں گھپ اندھیرے کا راج

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)مرکزی قدیمی قبرستانوں میں گھپ اندھیرے کا راج ،قبرستان منشیات فروشوں اور نشئیوں کی محفوظ پناہ گاہ میں تبدیل ،سٹریٹ لائٹس کی عدم تنصیب کے باعث جرائم پیشہ عناصر کے ڈیرہ ،

پیدل چلنے والے شہریوں کے سروں خوف کے سائے منڈلانے لگے ،قبرستان روڈ پر سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کا مطالبہ ،تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہر کے مرکزی قبرستانوں کے اردگرد سٹریٹ لائٹس کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے شام ہوتے ہی منشیات فروخت کرنے والے نشئی اور جرائم پیشہ عناصر قبرستانوں کا رخ کرلیتے ہیں

جہاں پوری رات نشئی نشے میں دھت ہوکر دھمالے ڈالتے ہیں جبکہ جرائم پیشہ عناصر سڑک سے پیدل گزرنے والوں کو اپنا شکار بناتے ہیں ،منشیات کی فروخت کا دھندہ کرنے والے بدنام زمانہ منشیات فروش بھی قبرستانوں کو محفوظ مقام سمجھتے ہوئے شام کے وقت قبرستانوں کی طرف چل نکلتے ہیں

جہاں نشیﺅں کو ضرورت کے مطابق منشیات فراہم کی جاتی ہے ،اس طرح پوری رات نشئی اور جرائم پیشہ عناصر قبرستانوں اور قبروں کا تقدس پامال کرتے ہیں ،

قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ملازمین اسی طرف توجہ نہیں دیتے جس کی وجہ سے منشیات کا دھندہ کرنے والوں اور جرائم پیشہ عناصر نے قبرستانوں کو محفوظ پناہ گاہ کے طور پر استعمال کرنا شروع کررکھا ہے ۔

شہریوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ سے مطالبہ کیاہے کہ شہر خموشاں میں ہونے والی غیر اخلاق حرکات اور جرائم پیشہ عناسر کے ڈیروں کے خاتمے کے لئے ماتحت عملے کو روزانہ کی بنیاد پر قبرستانوں میں گشت کرنے کا پابند بنایا جائے تاکہ جرائم پیشہ عناصر اور جرائم کا خاتمہ ممکن ہوسکے ،

دوسری جانب شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ قبرستانوں سمیت ملحقہ سڑکوں پر سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کروائی جائے تاکہ شہری بلاخوف وخطر آمدورفت جاری رکھ سکیں ،


پولیس اور سول ملازمین کے مراعاتی پیکج میں مزید اضافہ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)خیبرپختونخوا حکومت نے ڈیرہ اسماعیل خان سمیت صوبے میں ملازمت کے دوران شہید اور وفات پانے والے پولیس اور سول ملازمین کے مراعاتی پیکج میں مزید اضافہ کرتے ہوئے انہیں وفات شہادت کی صورت میں جی پی فنڈز،بنولنٹ فنڈ اور ریٹائرمنٹ کے بنیفٹ پر مشتمل مراعات بھی دینے کا فیصلہ کیا ہے

اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ نے سمری کی منظویر دے دی ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ خزانہ کی جانب سے وزیر اعلیٰ کو سمری ارسال کی گئی تھی

جس میں کہا گیا تھا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے ملازمت کے دوران وفات، شہید یا معذور ہونے والے سول اور پولیس ملازمین کو فل تنخواہ اور الاوسنز، پنشن، تعلیمی پیکج، سکالر شپ میڈیکل، رہائشی اور ملازمت کے علاوہ نقد معاوضہ پر مشتمل پیکیج دیا جاتا ہے۔

تاہم مذکورہ ایسے ملازمین کو جی پی فنڈز، بنولنٹ فنڈ اور ریٹائرمنٹ بنیفٹ جیسے سوشل فنڈز کی سہولت کے حوالے سے خاموش ہے

اس لئے ان سوشل فنڈز پر مشتمل مراعات کو بھی پولیس اور سرکاری ملازمین کے شہداء اور معذوری پیکج کا حصہ بنایا جائے جس پر وزیر اعلیٰ نے سمری کی منظوری دے دی ہے۔


محکمہ پولیس کے شہدا کے بچوں کو بطو ر اے ایس آئی بھرتی کے لئے مراسلہ ارسال

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثنا اللہ عباسی نے صوبائی حکومت کو محکمہ پولیس کے شہدا کے بچوں کو بطو ر اے ایس آئی بھرتی کے لئے ایک تفصیلی مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلی امور کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا پولیس تقریبا گذشتہ دو دہائیوں سے روایتی پولیسنگ کے ساتھ ساتھ بالخصوص دہشت گردی کے خلاف بر سر پیکار رہی ہے۔

خط میں لکھا گیا ہے کہ صوبائی حکومت نے 2015 میں پولیس شہدا کے بچوں کے لیے 300 سیٹوں کی منظوری دی تھی۔جس پر ویٹنگ لسٹ میں شامل پولیس شہدا کے بچوں کو بھرتی کیا گیا تھا۔

مراسلے میں لکھا گیا ہے کہ فی الوقت پولیس شہدا کے بچوں کو بطور اے ایس آئی بھرتی کرنے کے لیے کوئی سیٹ دستیاب نہیں ہے جبکہ پولیس شہدا کے بچوں کی تعداد 198 تک پہنچ چکی ہے۔

جن میں سے بعض نے اپنے حق کے لئے اعلی عدالتوں سے بھی رجوع کر رکھا ہے۔مراسلے میں پولیس شہدا کے تما م بچوں کو فورس میں بطور اے ایس آئی بھرتی کرنے کے لیے صوبائی حکومت کو تجویز پیش کی ہے

کہ وہ سال 2015 کی طرح پولیس شہدا کے بچوں کے لیے یکمشت 200 آسامیوں کی منظوری دیں یا انہیں پولیس ایکٹ 2017 کے سیکشن 32 کی ذیلی شق (1) تحت پبلک سروس کمیشن کے ذریعے براہ راست بھرتی ہونے والے اے ایس آئیز کے مقرر کردہ کوٹے میں دستیاب سیٹوں پر بھرتی کریں۔

مراسلے میں یہ بھی تجویز پیش کی گئی ہے کہ صوبائی حکومت پولیس شہدا کے 198 بچوں کو بطور اے ایس آئی بھرتی کرنے کے لیے ان تجاویز کے علاوہ کوئی اور مناسب حل زیر غور لا کر شہدا کے بچوں کی پولیس میں بھرتی کے دیرینہ مطالبے کو پورا کر سکتی ہے۔


کاشتکاروں کی فنی راہنمائی کیلئے یو ٹیوب چینل لانچ کر دیا گیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ترجمان محکمہ زراعت کے مطابق نظامت زرعی اطلاعات نے کاشتکاروں کی فنی راہنمائی کیلئے یو ٹیوب چینل لانچ کر دیا ہے

جس پر کاشتکاروں کو فنی راہنمائی کے لئے محکمانہ سفارشات پر مبنی جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے تحت تیار ہونے والے زرعی پیغامات،ڈاکومینٹری ،پروگرامز اور پروگرامز کے متعلق فیڈ بیک کاشتکاروں کی راہنمائی کے لئے نشر کئے جائیں گے۔

ترجمان محکمہ زراعت نے یہ بتایا کہ نظامت زرعی اطلاعات کاشتکاروں کی فنی راہنمائی کیلئے جدید ذرائع ابلاغ کے ذریعے کاشتکاروں تک فصلات کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی پہنچا رہا ہے۔

اس چینل سے استفادہ کرنے کے لئے کاشتکار یو ٹیوب www.youtube.com کے سرچ انجن میں جاکرzaratnama ٹائپ کرکے چینل کو سبسکرائب کر سکتے ہیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ محکمہ زراعت کے اس اقدام کا مقصد زراعت کو جدید دور سے ہم آہنگ کرنا ہے۔

یاد رہے اس سے قبل نظامت زرعی اطلاعات مختلف واٹس ایپ گروپس اورسو شل میڈیا(فیس بک) کے ذریعے بھی کاشتکاروں کو فصلوں کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے متعلق آگاہی فراہم کر رہا ہے۔

اسی طرح” یو ٹیوب” چونکہ آج کل معلومات کا ایک آسان ذریعہ ہے اس لئے نظامت زرعی اطلاعات نے اس چینل کا لانچ کیا ہے جس کے ذریعے کاشتکاروں کو فنی راہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔

امید ہے کہ کاشتکار محکمہ کے اس انقلابی قدم سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے اور فصلوں کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے متعلق معلومات کے لئے یو ٹیوب چینل کا استعمال ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔


سال 2020 کی پہلی عام تعطیل کا اعلان

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ اسماعیل خان سمیت ملک بھر کیلئے سال 2020 کی پہلی عام تعطیل کا اعلان، یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں 5 فروری کو تعطیل ہوگی،

ملک بھر میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق بتایا گیا ہے کہ سال 2020 کے دوران ملک بھر کیلئے پہلی عام تعطیل اگلے ماہ کی 5 تاریخ کو ہوگی۔ رواں ماہ کے آخر میں وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ سرکلر کے مطابق 5 فروری کو ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں تعطیل ہوگی۔

اس روز ملک کے تمام سرکاری اور بیشتر نجی ادارے بند رہیں گے۔ 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں ملک بھر میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ دوسری جانب حکومت نے کشمیرایشوزاجاگر کرنے کیلئے آگاہی مہم چلانے کا اعلان کیا ہے۔

اس حوالے سے وزیر خارجہ نے بتایا ہے کہ آگاہی مہم میں اندرون اور بیرون ملک اپنا مقدمہ عوام کے سامنے رکھیں گے۔اسی طرح 5فروری کو آزاد کشمیر میں انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی، کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلی منعقد کیا جائے گی،

چاروں صوبوں کے وزراء اعلیٰ سے درخواست کریں گے کہ وہ اپنے صوبائی دارلحکومت میں کشمیرریلی کی قیادت خود کریں۔۔کشمیر ایشوز کو اجاگر کرنے کیلئے سلوگن ڈیزائن کیے گئے ہیں۔

About The Author