دسمبر 23, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

کورونا وائرس سے ہلاکتیں ،قومی ادارہ صحت نے ایڈوائزری جاری کردی

کرونا وائرس سانس کی ایک بیماری ہے جس کا آغاز دسمبر 2019 میں چائنہ سے ہوا ہے اور اب تک اس وباء سے 9 افراد کی موت ہوچکی ہے

چین کے صوبہ ہوبی کے شہر ووہان میں ناول کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والے تازہ ترین نمونیا کی وباء اور اس کے اثرات کو دیکھتے ہوئے ، قومی ادارہ صحت اسلام آباد نے تمام صوبائی محکمہ صحت اور خاص طور پر پاکستان کے تمام ہوائی اڈوں اور گراؤنڈ کراسنگ پر داخلے کے مقامات کو ایڈوائزری اور الرٹ جاری کر دیا ہے۔ اس ایڈوائزری کا مقصد پورے ملک میں صحت کے عملے کو آگاہ اور حساس بنانا ہے تاکہ چین اور دیگر متاثرہ علاقوں سے آنیوالےمسافروں میں ناول کورونا وائرس انفیکشن کی موجودگی کا بروقت پتہ لگایا جائے اور اس سلسلے میں محتاط رہا جائے۔
اس کے ساتھ ساتھ قومی ادارہ صحت نے صحت کی دیکھ بھال کرنے والے عملے ، مسافروں اور عام لوگوں کی آگاہی کے لیے معلوماتی مواد بھی تیار کیا ہے۔ جس میں فلو کی صورت میں ہاتھوں کی صفائی اور ماسک کے استعمال کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس حوالے سے قومی ادارہ صحت کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ، پروفیسر میجر جنرل عامر اکرام کا کہنا تھا کہ بیماری کی بین الاقوامی نگرانی اور اس کے ممکنہ پھیلاؤکی روک تھام کے لئے سنٹرل ہیلتھ اسٹیبلشمنٹ ، ڈبلیو ایچ او اور صوبائی صحت کے محکموں کے ساتھ ہم آہنگی کے لئے قومی ادارہ صحت میں ایمرجنسی آپریشن سنٹر کو الرٹ موڈ پر متحرک کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے قومی ادارہ صحت کی وائرولوجی لیب کو بھی ہدایات جاری کر دی ہیں کہ وہ ناول کورونا وائرس کی تشخیصی سہولیات کو یقینی بنائیں۔ اس سلسلے میں آج قومی ادارہ صحت میں ناول کرونا وائرس کے حوالے سےایک آگاہی مہم بھی شروع کر دی گئی ہے۔
کرونا وائرس سانس کی ایک بیماری ہے جس کا آغاز دسمبر 2019 میں چائنہ سے ہوا ہے۔ اب تک اس وباء سے 9 افراد کی موت ہوچکی ہے جبکہ اس بیماری کی تصدیق 450 مریضوں میں ہوئی ہے۔
یہ وائرس پانچ ممالک میں پھیل چکا ہے جن میں تائیوان ، جاپان ، تھائی لینڈ ، جنوبی کوریا ، ریاست ہائے متحدہ امریکہ شامل ہیں۔ ابتدائی طور پر یہ وائرس ووہان کی ایک سمندری غذا کی منڈی میں فروخت ہونے والی مچھلیوں اور گوشت سے انسانوں میں پھیلا ہے۔ لیکن اب یہ انسان سے انسان میں تیزی سے پھیل رہا ہے ۔
یاد رہے کہ قومی ادارہ صحت نے حال ہی میں پاکستان کے پوائنٹس آف انٹری کے سٹاف کی تمام ہوائی اڈوں ، سمندری بندرگاہوں اور زمینی کراسنگ پر جامع تربیت مکمل کرائی ہے۔ جو کہ کرونا وائرس کی روک تھام میں بہت معاون کردار ادا کرے گی۔
کرونا وائرس سے متعلقہ ایڈوائزری قومی ادارہ صحت کی ویب سائیٹ پر موجود ہے ۔
www.nih.org.pk

About The Author