دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

آسٹریلیا میں آتشزدگی ، شاہد آفریدی بھی آگ بجھانے کی کوششوں میں شامل

ہزاروں گھر تباہ اور 80 ہزار مربع کلومیٹر پر محیط علاقہ جل کر راکھ ہو گیا ہے

آسٹریلیا میں آتشزدگی ، شاہد آفریدی بھی آگ بجھانے کی کوششوں میں شامل

آسٹریلیا کے جنگلات میں لگی آگ سے اب تک 26 افراد ہلاک، ہزاروں گھر تباہ اور 80 ہزار مربع کلومیٹر پر محیط علاقہ جل کر راکھ ہو گیا ہے۔

سائنس دانوں کے مطابق ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث آگ کی شدت میں مزید تیزی آنے اور ملک کے دیگر علاقوں تک بھی پھیلنے کا بھی خدشہ ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق جنگل کی آگ سے صرف انسانی جانوں اور املاک کو ہی نہیں نقصان پہنچا، ایک اعداد و شمار کے مطابق ایک ارب جانور بھی جل کر راکھ ہو گئے اور وسیع پیمانے پر ماحول کو نقصان پہنچا ہے۔

جہاں عالمی برادری اور ماحولیاتی کارکنوں کے لیے آسٹریلیا میں لگنے والی آگ پریشانی کا باعث بن گئی ہے، وہیں صاحب استطاعت اور دیگر مؤثر شخصیات بھی امداد کے لیے میدان میں آ گئی ہیں۔
انہی میں سے ایک پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی بھی ہیں جنہوں نے اپنی فاؤنڈیشن کے توسط سے امدادی کارروائیوں میں مدد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

شاہد آفریدی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ٹویٹ کی کہ ’اس مشکل وقت میں پاکستان، آسٹریلیا کے ساتھ کھڑا ہے، اور ان کی فاؤندیشن آگ سے متاثرہ علاقوں میں ضروری امدادی سامان مہیا کرے گی۔‘

اس سے قبل 6 جنوری کو آسٹریلیا کے سابق مایہ ناز لیگ سپنر شین وارن نے متاثرین کے لیے فنڈز جمع کرنے کی مہم شروع کی۔ شین وارن نے اپنی پسندیدہ ٹوپی جو وہ اپنے ٹیسٹ کیریئر کے دوران پہنتے رہے ہیں، نیلامی کے لیے پیش کر دی ہے۔

شین وارن اپنی ’سبز بیگی‘ ٹوپی کے ذریعے فنڈز جمع کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو مشکل میں پھنسے افراد کی مدد کے لیے کافی ہوں گے۔
اب تک شین وارن کی ٹوپی کی قیمت پانچ لاکھ آسٹریلوی ڈالر سے زیادہ لگ چکی ہے، لیکن نیلامی کی آخری تاریخ 10 جنوری تک اس سے زیادہ کی بولی لگنے کی امید ہے۔
مشہور برطانوی گلوکار ایلٹن جان اور دیگر ہالی وڈ سٹارز نے بھی آسٹریلوی متاثرین کے لیے بھاری رقم عطیہ کی ہے۔

درجہ حرارت میں شدت کے باعث گذشتہ برس ستمبر میں آسٹریلیا کے جنگلات میں آگ لگ گئی جس پر قابو نہ پایا جا سکا تھا۔

سال 2019 ویسے بھی آسٹریلیا کے لیے خشک اور گرم ترین سال تھا۔
گذشتہ کئی ہفتوں سے آسٹریلیا کے شہر دھوئیں کی لپیٹ میں ہیں جو رہائشیوں کے لیے صحت کے مسائل پیدا کر رہا ہے۔

About The Author