نومبر 2, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

گلگت بلتستان :زلزلہ زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں

بیمار خواتین و حضرات کو ایف سی این اے کے ہیلی کاپٹروں میں استور سے سکردو پہنچایا گیا۔

گلگت(تنویراحمد )پاک فوج نے حالیہ زلزلے سے متاثرہ ضلع استور کے علاقوں میں ریلیف اور ریسکیو کا کام شروع کر دیا ہے۔ پاک فوج کی ریلیف اینڈ ریسکیو آپریشن سرگرمیوں اور علاقے کی صورتحال کا جائزہ لینے فورس کمانڈر اور چیف سیکریٹری نے فضائی دورہ کیا.

فورس کمانڈر شمالی علاقہ جات میجر جنرل احسان محمود خان اور چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کیپٹن ریٹائرڈ خرم آغا نے ضلع استور کے زلزلہ متاثرہ علاقوں ڈویاں، تربلنگ، ڈشکن اور شلتر کا فضائی دورہ کیا.

آئی ایس پی آر گلگت کے مطابق زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج نے بحالی کا کام شروع کر دیا ہے جس میں پاک فوج کے انجینئرز، ہیلی کاپٹر، بھاری مشینری اور فوجی افسران و جوان موسم کی شدت کی پروا کئے بغیر سڑک کھولنے اور متاثرہ دیہاتوں تک پہنچنے میں مصروف ہیں۔

اس سلسلے میں پاک فوج اور حکومت گلگت بلتستان کے متعلقہ ادارے مل کر کام کر رہے ہیں۔

پاک فوج نے متاثرین تک ریلیف کا سامان بشمول ٹینٹ، راشن، گوشت، پکا ہوا کھانا اور پانی پہنچایا۔ بیمار خواتین و حضرات کو ایف سی این اے کے ہیلی کاپٹروں میں استور سے سکردو پہنچایا گیا۔

فورس کمانڈر نے کہا ہے کہ ضلع استور کے زلزلہ متاثرین کی امداد میں پاک فوج تمام وسائل بروئے کار لائے گی انہوں نے ریلیف کے کاموں میں حصہ لینے والے دیگر حکومتی و فلاحی اداروں کی مستعدی کی بھی تعریف کی ۔

About The Author